• 1 مئی, 2024

سالانہ جلسہ ریجن اپواسو Appoisso، آئیوری کوسٹ

کورونا وائرس نے جہاں عمومی طور تمام دنیا کو متاثر کیا تو وہیں آئیوری کوسٹ میں بھی عوام الناس کواس کے باعث لاک ڈاؤن نیز دیگر پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم ان پابندیوں میں وقت کے ساتھ نرمی توہوئی لیکن کئی ایک پابندیاں اپنی معمولی حیثیت کے ساتھ تاحال باقی ہیں۔ انھیں پابندیوں کے باعث امسال آئیوری کوسٹ جماعت اپنا سالانہ جلسہ سالانہ ملکی سطح پر منعقد نہ کرواسکی۔ تاہم جلسہ چونکہ احباب جماعت کی روحانی تربیت کا باعث ہوتا ہے اس وجہ سے ملکی سطح پر جلسہ نہ ہونے کے باعث اس تشنگی کو پورا کرنے کے لئے نیشنل عاملہ و جلسہ سالانہ کمیٹی کی منظوری کے ساتھ ریجنل سطح پر جلسہ ہائے سالانہ منعقد کرنے کی تجویز منظور کی گئی۔ چنانچہ اس سلسلہ کی پہلی کڑی کے طور پر مورخہ10و 11 دسمبر 2021ء بروز جمعۃ المبارک و ہفتہ کو اپواسو ریجن (Appoisso) کو اپنا جلسہ بعنوان “آمد امام مہدی علیہ السلام” منعقد کرنے کے سعادت نصیب ہوئی۔

جلسہ کے انعقاد سے قبل ریجنل مشنری مکرم کونے ابوبکر صاحب نے ریجنل عاملہ و دیگر جماعتوں کی لوکل عاملہ کے ساتھ وقتا فوقتا میٹنگز کیں جس میں جلسہ کے کامیاب انعقاد کے متعلق مشورہ کے علاوہ جلسہ کو کامیاب بنانے کے لئے مقامی طور پر بھی کچھ رقم جمع کی گئی۔ جلسہ کے لئے آنے والے مہمانوں کا سلسلہ بروز جمعۃ المبارک شروع ہو گیا چنانچہ اس سلسلہ میں شعبہ حاضری بعد از نماز جمعہ فعال ہو گیا۔ بروز ہفتہ جلسہ کا باقاعدہ آغاز اجتماعی نماز تہجد کے ساتھ کیا گیا۔ نماز فجر کی ادائیگی کے بعد د رس قرآن کریم کا اہتمام کیا گیا۔ سات بجے کے قریب حاضرین جلسہ میں ناشتہ تقسیم کیاگیا۔ جلسہ کی تقریب کا آغاز 08:45 بجے صبح قرآن کریم کی تلاوت و فرینچ ترجمہ سے ہوا جس کے سیشن کی صدارت امیر ومشنری انچارج آئیوری کوسٹ مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب نے کی۔ نظم کے بعد ریجنل مشنری صاحب نے لوکل روایت کے مطابق آنے والے مہمانان کو خوش آمدید کہا۔ مکرم امیر ومشنری انچارج صاحب نے اپنے ابتدائی کلمات میں شاملین جلسہ کوتقریر کے ذریعے جلسہ سالانہ کے اغراض ومقاصدسے آگاہ کیا۔ جس کے بعد مکرم صدیق جیالو صاحب معلم سلسلہ نے تقریر بعنوان آمد امام مہدیؑ کی۔ بعدازاں مکرم بالو احمد صاحب لوکل معلم سلسلہ نے نماز باجماعت کی اہمیت پرتقریرکی نیز مکرم صادق احمد صاحب ریجنل مشنری آبنگرونے بعنوان مالی قربانی کی اہمیت تقریر کی۔ جس کے بعد مکرم امیر ومشنری انچارج آئیوری کوسٹ نے اختتامی تقریر بعنوان نظام خلافت کی اہمیت و برکات کی اور بعد ازاں دعا کروائی جس کے ساتھ جلسہ کی تقریب کا باقاعدہ اختتام ہوا۔ نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد شاملین جلسہ کی تواضع کھانے سے کی گئی۔

دوران جلسہ ذیلی تنظیم انصار اللہ، خدام الاحمدیہ و لجنہ اماءاللہ کے نیشنل صدران نے بھی اظہار خیال کرنے کی سعادت پائی۔ اس جلسہ میں ریجن اپواسو کی کل 05 جماعتوں نے شرکت کی نیز جلسہ کی کل حاضری 560 رہی۔ جبکہ جلسہ میں نیشنل عاملہ کے ممبران، ذیلی مجالس کےنیشنل صدران و دیگرریجنز کےبعض معلمین کرام نے بھی شرکت کی۔ جبکہ مقامی طور پر 05 لوکل غیر از جماعت امام مسجد و کیتھولک مسلک کے مقامی پادری صاحب نے بھی جماعتی جلسہ میں شرکت کی اور جماعت احمدیہ کی تربیت کے اس طریقہ کار کو سراہا۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ جماعت اپواسو کی اس کاو ش میں برکت عطاکرے اور احباب جماعت کو جلسہ کی حقیقی روح کو سمجھتے ہوئے اس سے فیض اٹھانے کی توفیق عطا کرے۔ نیز مستقبل قریب میں دیگر ریجنز کو بھی جلسہ کی روح کو سمجھتے ہوئے ریجنل جلسہ ہائے سالانہ منعقد کرنے کی توفیق عطا کرتا جائے۔ آمین

(عبدالنور۔ نمائندہ الفضل آن لائن آئیوری کوسٹ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 4 جنوری 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ