• 7 مئی, 2024

نماز جنازہ حاضر و غائب

مکرم منیر احمد جاوید پرائیویٹ سیکرٹری یہ اطلاع دیتے ہیں کہ حضرت امیر المؤمنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالی نے مؤرخہ 22؍دسمبر 2022ء بروز جمعرات 12بجے دوپہر اسلام آباد میں درج ذیل نماز جنازہ حاضر و غائب پڑھائے۔

نماز جنازہ حاضر

مکرمہ بشارت مبین صاحبہ اہلیہ مکرم محمد امجد جمیل صاحب (چیم ۔یوکے)
19؍دسمبر 2022 کو 64سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ ۔ مرحومہ مکرم کیپٹن چوہدری محمد شفیع صاحب (چک103ر۔ب برنالہ تحصیل و ضلع فیصل آباد) کی بیٹی تھیں۔ جنہوں نے اپنے خا ندان میں سب سے پہلے بیعت کی توفیق پائی۔ صوم وصلوٰۃ کی پابند، بہت مہمان نواز، غریب پرور اور ہر دلعزیز طبیعت کی مالک ایک مخلص خاتون تھیں۔ لمبا عرصہ لجنہ اماء اللہ شہر وضلع فیصل آباد کی سیکرٹری ناصرات اور سیکرٹری تعلیم کے علاوہ نائب صدر لجنہ ضلع فیصل آباد کے طور پر خدمت کی تو فیق پائی۔ آپ کے شوہر کو بھی فیصل آباد میں مختلف جماعتی خدمتوں کی توفیق ملتی رہی اور آج کل یہاں دفتر امور عامہ جماعت یوکے میں خدمت بجالارہے ہیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں شوہر کے علاوہ چار بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔

نماز جنازہ غائب

-1 مکرم مظفر احمد صاحب ریٹائرڈ صوبیدار میجر (ربوہ)
6؍اکتوبر 2022ء کو 58سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ ۔ مرحوم کے خاندان میں احمدیت کا نفوذ آپ کے والد مکرم ماسٹر اللہ بخش صاحب کے ذریعہ ہوا۔ جنہوں نے 1952ء میں بیعت کی سعادت حاصل کی۔ خلافت اور جماعت سے اخلاص ووفا کا گہرا تعلق تھا۔ آپ نے آرمی میں اور باہر بھی کبھی یہ بات نہیں چھپائی کہ آپ احمدی ہیں بلکہ خوشی سے خود بتاتے اور احمدیت کی تبلیغ بھی کرتے تھے۔ کہیں بھی پوسٹنگ ہوتی تو آگے یونٹ میں پہلے ہی پتہ ہوتا تھا کہ اس جگہ یا اس پوسٹ پر کوئی احمدی آرہا ہے۔ اس وجہ سے آپ کی بہت مخالفت بھی ہوئی اور بہت سی ترقیاں بھی روکی گئیں لیکن تمام حالات کا بڑے صبر اور حوصلہ سے مقابلہ کرتے رہے۔ آپ نے بہت سے جماعتی عہدوں پر خدمت کی توفیق پائی۔ جہاں بھی جس وقت بھی ڈیوٹی کے لئے بلایا جاتا بڑی بشاشت سے جاتے اور بڑے اخلاص کے ساتھ خدمت بجالاتے تھے۔ دوران ملازمت آئیوری کو سٹ جانے کا بھی موقعہ ملا اور وہاں بھی جماعتی خدمت کی توفیق پائی۔ مرحوم موصی تھے ۔پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ تین بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہیں۔ آپ کے بیٹے مکرم اطہر احمد صاحب (مربی سلسلہ) ہیں۔

-2 مکرم محمود احمد مبشر صاحب ابن مکرم صوفی محمد دین صاحب (کراچی ۔حال ربوہ)
8؍دسمبر 2022 کو 89سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم کے دادا حضرت میاں سلطان احمد صاحب رضی اللہ عنہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی تھے۔ آپ کچھ عرصہ نظارت بیت المال آمد ربوہ میں بطور کیشئر کام کرتے رہے۔ اس کے بعد ریلوے کی ٹریننگ مکمل کرکے حیدر آباد سٹیشن پر ملازمت اختیار کی۔اس دوران آپ نے حضرت اللہ پاشا صاحب مرحوم کے ساتھ مل کر مجلس خدام الاحمدیہ حیدر آباد کو منظم کیا۔ بعدازاں آپ کی پوسٹنگ کراچی ہوگئی اور جب تک پاکستان میں اجتماعات اور جلسے وغیرہ ہوتے رہے آپ کراچی جماعت کی ریلوے بکنگ کے انتظامات کیا کرتے تھے۔کراچی میں مختلف عہدوں پر خدمت بجالاتے رہے ۔حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ کی برطانیہ ہجرت کے بعد جلسہ سالانہ یوکے پر جانے والے کراچی جماعت کے کارکنان کے ساتھ شعبہ مہمان نوازی میں چھ سات سال ڈیوٹی دیتے رہے۔ خلافت سے گہرا عقیدت کا تعلق تھا۔ نمازوں اور تہجد سے عشق اور تلاوت قرآن کریم کی باقاعدہ عادت تھی۔ گھر میں تقریباً تمام جماعتی کتب کی لائبریری قائم کررکھی تھی۔ جس سے خود بھی فائدہ اٹھایا اور بچوں کو بھی مطالعہ کا شوق پیدا ہوا۔مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں نو بیٹے اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔ آپ مکرم طاہر محمود مبشر صاحب (مربی سلسلہ واستاد جامعہ احمدیہ یوکے) کے والد تھے۔ آپ کے چھوٹے بیٹے مکرم افضل محمود صاحب بھی بطور مربی سلسلہ خدمت بجالارہے ہیں۔

اللہ تعالیٰ مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔ آمین

ادارہ الفضل آن لائن مرحومین کے لواحقین سے تعزیت کرتا ہے۔

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 4 جنوری 2023

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی