• 26 اپریل, 2024

سیرالیون کے ایسٹ (کینیما) اور ساؤتھ ریجن (بو) میں جماعتی پروگرامز

سالِ نو کے آغاز کے ساتھ ہی ملک بھر میں گزشتہ سال کے دوران قرآن مجید کا پہلا دور مکمل کرنے والے احمدی بچوں اور بچیوں کی آمین کی تقریبات کا آغاز ہو جاتا ہے اور سال کے اولین مہینوں میں ملک بھر کے ریجنز میں یہ تقریبات منعقد کی جاتی ہیں۔امیر صاحب ان بچوں کی حوصلہ افزائی کرنے اور کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے ان تقریبات میں باقاعدہ شامل ہوتے ہیں۔

اس سلسلہ میں ساؤتھ اور ایسٹ ریجن کی بعض جماعتوں میں تقاریب آمین ہوئیں۔

فروری کا مہینہ چونکہ پیشگوئی مصلح موعود کے حوالہ سے ایک خاص اہمیت رکھتا ہے۔ جلسہ یوم مصلح موعود ؓ کی ایک تقریب کا انعقاد بھی آمین کے اس پروگرام کے ساتھ کیا گیا۔

ان پروگراموں کے ساتھ ایک مسجد کا افتتاح بھی ہوا اور ایک مسجد کا سنگ بنیاد بھی رکھا گیا۔ ان تمام پروگراموں کی مختصر تفصیل پیش خدمت ہے۔

تقریب آمین

خَیرُکُمْ مَنْ تَعَلَّمَ الْقُرْآنَ وَعَلَّمَہُ

بو شہر میں تقریب آمین کا باقاعدہ آغازمورخہ 20 فروری کو بعد نماز عصر مکرم مولانا سعید الرحمن،امیر و مشنری انچارج سیرالیون کی صدارت میں تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا جس کے بعد اردو نظم پیش کی گئی۔ مامیر صاحب نے قرآن کا دور مکمل کرنے والے بچوں اور بچیوں سے قرآن کریم سنا اور ان میں اسناد تقسیم کیں۔ بو شہر کی چار جماعتوں کے کے 22 بچوں میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ اس کے علاوہ بچوں سے نماز سادہ اور مختلف مسنون ادعیہ بھی سنی گئیں۔

ڈسٹرکٹ چیف امام نے تعلیم القرآن کے سلسلہ میں جماعت کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ اللہ تعالی باقی مسلمانوں کو بھی اس طرح کوشش کرنے کی توفیق دے۔

آمین کی اس بابرکت تقریب میں، مرکزی مبلغین، معلمین، احمدیہ سکولوں کے پرنسپل اور اساتذہ، والدین کے علاوہ ڈسٹرکٹ چیف امام بو، ریجنل جنرل سیکرٹری آف یونائٹیڈ کونسل آف امامز، غیر ازجماعت آئمہ سمیت قریبا تین صد افراد نے شرکت کی۔

آمین کی دوسری تقریب مورخہ 21 فروری کو بو ریجن کے گاؤں Potoru میں منعقد ہوئی جہاں ایک مسجد کا افتتاح بھی ہوا۔یہ ایک نئی جماعت ہے اور 2018 میں یہاں پہلی بار جماعت کا نفوذ ہوا۔ اس بابرکت تقریب میں دو جماعتوں کے کل 10 بچوں سے قرآن سنا گیا اور ان میں سرٹیفیکیٹ تقسیم کئے گئے۔

آمین کی اس بابرکت تقریب میں، مرکزی مبلغین، معلمین، احمدیہ سکولوں کے پرنسپل اور اساتذہ، والدین کے علاوہ ایک پیراماؤنٹ چیف، ریجنٹ چیف، ریجنل جنرل سیکرٹری آف کونسل آف امامز، غیر ازجماعت آئمہ سمیت قریبا اڑھائی صد افراد نے شرکت کی۔

آمین کی تیسری تقریب مورخہ 22 فروری کو کینیما شہر میں منعقد ہوئی۔ اس بابرکت تقریب میں امیر صاحب سیرالیون نے 5 جماعتوں کے کل 22 بچوں سے قرآن سنا اور ان میں سرٹیفیکیٹ تقسیم کئے گئے۔اس بابرکت تقریب میں ریجنل امام اور دیگر ائمہ سمیت کل 40 افراد شامل ہوئے۔

جلسہ یوم مصلح موعودؓ

مورخہ 20 فروری کوبعد نماز مغرب و عشاء ناصر احمدیہ سنٹرل مسجد بو میں جلسہ یوم مصلح موعود ؓ کا انعقاد کیا گیا۔ تلاوت و نظم کے بعد پیشگوئی مصلح موعود ؓ کا پس منظر اور انگریزی ترجمہ پڑھ کر سنایا گیا۔ جس کے بعد دو اطفال نے حضرت مصلح موعود ؓ کی بعض نصائح پڑھ کر سنائیں۔ خدام کے ایک گروپ نے آپؓ کا اشتہار خدا کے ایک بندہ کو آپ کی تلاش ہے کے الفاظ باری باری پڑھ کر سنائے۔ پروگرام کے اختتام پر امیر صاحب نے اس دن کی اہمیت بیان کی اور دعا کروائی۔ اس پروگرام کی حاضری قریباً 250 رہی۔

مسجد کا افتتاح

مورخہ 21 فروری کو بو ریجن کی ایک نو مبائع جماعت Potru (پوجے ہوں ڈسٹرکٹ) میں ایک نئی مسجد کا افتتاح ہوا۔ مکرم مولانا سعیدالرحمن کی صدارت میں تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کے بعد مہمانوں کا تعارف کروایا گیا۔ اور تقریب آمین ہوئی۔

ریجنٹ چیف نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے جماعت کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ میں جلسہ سالانہ سیرالیون میں شامل ہوا تھا اور وہاں سے جماعتی لٹریچر بھی خریدا اور میں جماعت کی تعلیمات سے بہت متاثر ہوں۔

امیر صاحب نے حاضرین سے خطاب فرمایا اور مسجد کی تعمیر کے اغراض و مقاصد بیان فرمائے۔ اور فیتہ کاٹ کر مسجد کا باقاعدہ افتتاح فرمایا۔ جس کے بعد حاضرین نے مسجد میں نماز جمعہ و عصر ادا کیں۔ نمازوں کے بعد حاضرین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔

اس مسجد کا سنگ بنیاد مورخہ 24 نومبر 2018 کو مکرم عقیل احمد ریجنل مبلغ بو نے رکھا اور اس کے مکمل کام کی نگرانی کی سعادت بھی آپ ہی کو حاصل ہوئی۔

اس مسجد کا کل احاطہ 37X45 فٹ ہے اور اس میں کل 200 نمازیوں کی گنجائش ہے۔ نمازیوں کی سہولت کے لئے مسجد کے ساتھ ایک نلکا بھی لگا یا گیا ہے اور بیت الخلاء بھی تعمیر کئے گئے ہیں۔ مسجد کے ساتھ معلم صاحب کی رہائش کے لئے ایک معلم ہاؤس بھی تعمیر کیا گیا ہے۔

حضور انور ایدہ اللہ کا خطبہ سننے کے لئے MTA کا سیٹ اور سولر سسٹم بھی لگایا گیا ہے۔ اس مسجد اور اس سے ملحقہ سہولیات کا خرچ مکرم شیخ عارف احمد صاحب آف جرمنی نے ادا کیا۔ فجزاءہ اللّٰہ احسن الجزاء۔

مسجد کا سنگ بنیاد

بعد نماز جمعہ و عصر Potru گاؤں سے آگے ایک جماعت Korndowahn میں ایک مسجد کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔ امیر صاحب اور دیگر معززین جماعت و علاقہ نے اس بابرکت تقریب میں شرکت کی۔ اس پروگرام میں قریبا ایک صد سے زائد افرادجماعت و غیر از جماعت احباب شامل ہوئے۔ دعا کے ساتھ اس پروگرام کا اختتام ہوا۔ رَبَّنَا تَقَبَّلْ مِنَّا۔۔۔

تقریب عقیقہ

مورخہ 21 فروری کو مکرم شیخ ظافر احمد مبلغ سلسلہ کے بیٹے عزیزم طلحہ احمد ارحم کا عقیقہ بھی ہوا جس میں امیر صاحب کے ساتھ بعض دیگر احباب جماعت بھی شامل ہوئے۔


(عبدالہادی قریشی۔سیرالیون)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 4 مارچ 2020

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ