رَبِّ اَخِّر وَقْتَ ھٰذَا
(تذکرہ صفحہ 518، ایڈیشن چہارم 2004ء)
ترجمہ:اے میرے خدا !یہ زلزلہ جو نظر کے سامنے ہے اس کا وقت کچھ پیچھے ڈال دے۔
یہ حضرت اقدس مرزا غلام احمد مسیحِ موعودعلیہ الصلوٰۃ والسلام کی زلزلوں (آفات) سے حفاظت کے لئے الہامی دعا ہے۔
پیارے امام عالی مقام سیّدنا حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایَّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز زلزلوں اور آفات سے حفاظت کے لئے دعاؤں کی طرف توجہ دلاتے ہوئے فرماتے ہیں۔
ہر احمدی کو ان آفات سے پناہ مانگنی چاہئے۔ اس کے شر سے محفوظ رہنے کے لئے پناہ مانگنی چاہئے۔ جو دعائیں ہمیں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی روایات کے ذریعہ پہنچی ہیں وہ بھی مانگیں اور اپنی زبان میں بھی دعائیں مانگیں۔ استغفار بھی بہت کثرت سے کرنی چاہئے۔ اپنی قوم کے لئے بھی دعائیں کرنی چاہئیں جیسا کہ مَیں نے کہا ہے اللہ تعالیٰ انہیں ہدایت دے۔ حضرت مسیح موعودعلیہ الصلوٰۃ والسلام نے ہمیں ایسی حالت میں دعا کرنے کا جو طریق سکھایا ہے اس کو ہمیشہ پیش نظر رکھنا چاہئے۔
آپ ؑ فرماتے ہیں کہ
جماعت کے سب لوگوں کو چاہئے (اُس وقت کے زلزلے کی کیفیت کی یہ دعا آپؑ نے بتائی ہے) کہ اپنی حالتوں کو درست کریں۔ توبہ و استغفار کریں اور تمام شکوک و شبہات کو دور کرکے اور اپنے دلوں کو پاک و صاف کرکے دعاؤں میں لگ جائیں اور ایسی دعا کریں کہ گویا مرہی جائیں تاکہ خدا ان کو اپنے غضب کی ہلاکت کی موت سے بچائے۔ بنی اسرائیل جب گناہ کرتے تھے تو حکم ہوتا تھا کہ اپنے تئیں قتل کرو۔ اب اس اُمّت مرحومہ سے وہ حکم تو اٹھایا گیا ہے مگر یہ اس کی بجائے ہے کہ دعا ایسی کرو کہ گویا اپنے آپ کو قتل ہی کر دو۔
(ملفوظات جلد چہارم صفحہ 256جدید ایڈیشن)
(خطبہ جمعہ 14 اکتوبر 2005ء بحوالہ خطبات مسرور جلد 3صفحہ:620۔621)
(مرسلہ:مریم رحمٰن)