• 4 مئی, 2024

سینیگال میں آتش زدگی سے متاثرہ دیہاتوں میں ہیومینیٹی فرسٹ کی طرف سے امداد

گذشتہ ماہ ریجن تانبا کنڈا میں متعدد گاؤں میں آتش زدگی کے واقعات ہوئے۔چونکہ اس ریجن کے دیہاتوں میں زیادہ تر گھر گھاس پھوس سے بنے ہوئے ہیں ۔ اس لئے کسی بھی بے احتیاطی کی وجہ سے آگ بھڑکنےکی صورت میں آگ جلد ہی سارے گاؤں کو اپنی لپیٹ میں لے لیتی ہے۔ اس طرح ان واقعات میں ناصرف لوگوں کے گھر بلکہ ان کا سال بھر کا راشن، جانور بلکہ نقدی بھی جل کر خاکستر ہو گئی۔ اور اچانک ہی ایک لمحے میں نا صرف یہ غریب لوگ بےگھر ہو گئے بلکہ اپنے مال و اسباب بلکہ بستروں سے بھی محروم ہو گئے۔

اس صورت حال میں حکومتی انتظامیہ نے اوربعض دیہاتوں کے لوگوں نےجماعت احمدیہ سے متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لئے رابطہ کیا۔ مکرم چئیرمین ہیومینیٹی فرسٹ سینیگال نے ہیومینیٹی فرسٹ کینیڈا کو بغرض تعاون تمام صورتحا ل سے آگاہ کیا تو انہوں نے گراں قدر امداد کی جس کی بدولت سینیگال کے ریجن تانباکنڈا کے متعدد دیہاتوں میں جلنے والے گھروں کے متاثرہ خاندانوں میں کھانے کا سامان مثلاً چاول، کوکنگ آئل،میکرونی،نیز سونے کے لئے گدیلے،کھانے کے لئے برتن،پانی کے لئے بالٹیاں اور مگ ،پہننے کے لئے عورتوں اور بچوں کے کپڑے وغیرہ حسب استطاعت خرید کردئیے۔ نیز متعدد خاندانوں کی بصورت نقدی بھی مدد کی۔

اس طرح 7 دیہاتوں کے 29 خاندانوں کے 236 افراد میں 3000 $ کی مدد کی گئی۔

مئیر تانبا کنڈا نے 6 خاندانوں کی لسٹ دی جن کے مکان جل گئے تھے ان کے علاوہ قریبی 2 دیہاتوں کے 4 متاثرہ خاندانوں کو مئیر تانبا کنڈا کی خواہش پر (Mairie) میری میں بلا کر ایک تقریب کی جس میں گورنر کی موجودگی میں جماعت احمدیہ کی سماجی خدمات کا اعتراف کیا گیا۔ اس تقریب میں مکرم ناصر احمد سدھو صاحب امیر جماعت سینیگال، مئیر تانبا کنڈا کی خصوصی دعوت پر شامل ہوئے۔ اور ہیومینیٹی فرسٹ کی نمائندگی میں حکومتی انتظامیہ کو جماعتی خدمات سے آگاہ کیا۔ بعد ازاں گورنر تانبا کنڈا، مئیر تانباکنڈااور دیگرعہدیداران کی موجودگی میں متاثرین میں امداد تقسیم کی گئی۔

بعض جگہوں پر حکومتی انتظامیہ کے تحت مئیر اور گورنر کی موجودگی میں اور بصورت دیگر دوردراز دیہاتوں مثلاً پکی سڑک سے 50 کلو میٹر دور گاؤں میں خود پہنچ کر ان کے دکھ بانٹنے کے ساتھ ساتھ ان میں اشیاء خوردو نوش تقسیم کیں۔ اس کے علاوہ دیگر دیہاتوں میں خود جا کر متاثرہ خاندانوں میں امداد تقسیم کی گئی ۔

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ جماعت احمدیہ کی ان خدمات کو قبول فرمائے ۔آمین

(رپورٹ: حافظ مصور احمد مزمل نمائندہ روزنامہ الفضل لندن آن لائن)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 4 مئی 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 5 مئی 2021