• 20 جون, 2021

سیرالیون کے بو ریجن میں مسجد کا بابرکت افتتاح اور تقریب آمین

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے احمدیہ مسلم جماعت سیرالیون کو مؤرخہ 9؍اپریل 2021ء کوبوریجن کی جماعت کنڈورواہوں Kundorwahon میں ایک نئی مسجد کے افتتاح کی توفیق ملی۔ اس کے ساتھ ہی اس جماعت میں قرآن کریم کا پہلا دور مکمل کرنے والے بچے اور بچیوں کی تقریب آمین ہوئی۔ اس علاقہ میں جماعت کا نفوذ 2019ء میں ہوا تھا اور نمازیوں کی ضروت کے پیشِ نظر یہاں ایک نئی مسجد کی تعمیر کی ضرورت پیش آئی۔ حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی پر شفقت اجازت سے مکرمہ خالدہ ضیاء پروین رانا صاحبہ آف جرمنی نے اس مسجد کے اخراجات اپنے بعض قریبی عزیزوں مکرم مولا بخش شیخو صاحب مرحوم، مکرمہ عزیزہ قریشی صاحبہ مرحومہ، مکرم نظام الدین راجپوت صاحب مرحوم، مکرمہ کریمہ بی بی صاحبہ مرحومہ، مکرم رانا خوشی محمد صاحب مرحوم، مکرمہ زینب بی بی صاحبہ مرحومہ، مکرم رانا علاؤالدین صاحب مرحوم، مکرمہ خورشید بیگم صاحبہ مرحومہ، مکرم رانا سفیر احمد صاحب اور مکرم رانا ولی محمد صاحب کی طرف سے ادا کئے۔ مسجد کی تعمیر پر قریباً 100ملین لیونز کی رقم خرچ ہوئی۔ فجزاھم اللہ احسن الجزاء۔

حضور انورا یدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہ شفقت مسجد کا نام مسجد بیت الرحیم عطا فرمایا۔

مسجد میں حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ اور ایم ٹی اے سننے کے لئے سولر پینل ، tv، سیٹ لائٹ ڈش وغیرہ اور لاؤڈ سپیکر کا انتظام بھی موجود ہے۔ مسجد کا کل احاطہ تین ٹاؤن لاٹ ہے اور مسقف رقبہ 45×35 فٹ ہے اور اس میں قریبا 250 افراد نماز ادا کرسکتے ہیں۔

مسجد کے تعمیری کام کی نگرانی کی سعادت مکرم عقیل احمد صاحب ریجنل مبلغ بو ریجن اور مکرم اَمرَا سِمبُو صاحب لوکل معلم کو حاصل ہوئی۔

مسجد کا سنگ بنیاد مؤرخہ 21فروری 2020ء کو مکرم مولانا سعیدالرحمٰن صاحب امیرو مشنری انچارج سیرالیون نے ایک تقریب میں رکھا تھا۔

افتتاح کی تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کے بعد مہمانوں کا تعارف کروایا گیا۔

مکرم عقیل احمد صاحب ریجنل مبلغ نے اس علاقہ میں جماعت کا اور مسجد کا تعارف کروایا۔ مکرم امیر صاحب نے قرآن کریم کا پہلا دور مکمل کرنے والے بچوں اور بچیوں سے قرآن کریم سنا۔ کل 11 بچوں کو قرآن کریم کا پہلا دور مکمل کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔

آپ نے اپنے خطاب میں سامعین کو بتایا کہ جماعت احمدیہ کا ایک بنیادی مقصد نماز کا قیام اور لوگوں کو قرآن کریم پڑھانا ہے اور جماعت یہ کام کسی بھی معاوضہ کے بغیر کرتی ہے اور ایک سال کے عرصہ میں یہاں کے معلم نے یہاں کے گیارہ بچوں کو قرآن کریم کا پہلا دور مکمل کروایا ہے۔ الحمدللہ

اس کے بعد مکرم امیرصاحب نے فیتہ کاٹ کر مسجد کا باقاعدہ افتتاح فرمایا اور دعا کروائی جس کے بعد نماز جمعہ ادا کی گئی۔ مکرم امیر صاحب نے اپنے خطبہ میں بتایا کے حضرت مسیح موعود و مہدی معہود علیہ السلام کی آمد کا مقصد تفرقہ بازی کو ختم کرنا ، امن کا قیام اور لوگوں کو اسلام کی صحیح تعلیم کی طرف ہدایت دینا تھا اور یہی کام آج جماعت احمدیہ ساری دنیا میں کررہی ہے۔ الحمدللہ

نماز کے بعد حاضرین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔

اس بابرکت تقریب میں ایک پیراماؤنٹ چیف، ایک ریجنٹ چیف، ٹاؤن چیف، چیفڈم امام کے نمائندہ ، مرکزی اور لوکل مبلغین اور متعدد غیرازجماعت اماموں سمیت اس علاقہ کی مختلف جماعتوں کے قریباً 300 مردوزن نے شرکت کی۔

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس مسجد کو ہمیشہ نمازیوں سے آباد رکھے۔ آمین

(رپورٹ: (عبدالہادی قریشی ۔نمائندہ روزنامہ الفضل لندن آن لائن ( سیرالیون))

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 4 جون 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 5 جون 2021