• 10 مئی, 2024

رپورٹ کانووکیشن2020ء جامعۃ المبشرین گھانا

محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جامعۃ المبشرین گھانا کو مؤرخہ 30 اگست 2020ء بروز اتوار اپنے کانووکیشن کے انعقاد کی توفیق ملی ہے۔ الحمد للہ علیٰ ذالک۔

گزشتہ سالوں میں اس تقریب میں طلباء کے والدین، عزیز و اقارب، علاقہ کے چیف صاحبان ، نیشنل مجلس عاملہ کے ممبران، مختلف مہمان کرام اور مکرم امیر و مشنری انچارج صاحب گھا نا شامل ہو اکرتے تھے۔ لیکن ایسا سب کچھ ممکن نہ تھا مگر پھر بھی ہماری کوشش تھی کہ طلباء کی اس تقریب کو بہت حد تک اچھا اور بھر پور بنایا جا سکے۔

یہ تقریب حکومت گھانا کی طرف سے واضع کردہ اصولوں کے مطابق منعقد کی گئی۔اس سال کرونا وائرس کے باعث کسی مہمان کو مدعو نہیں کیا گیااور صرف جامعہ کے غیر ملکی طلباء جو پہلے ہی جامعہ میں رہائش پذیر تھے اور اساتذہ جامعہ اس پروگرام میں شریک ہوئے۔اس پروگرام کے لئے پندرہ ممالک کے جھنڈے مع لوائے احمدیت لہرائے گئےتھے۔یہ پروگرام جامعہ کے ہال میں منعقد کیا گیاجس کے لئے ہال کو خاص طور پر سجایا گیا تھا۔سٹیج پر اس تقریب کے حوالہ سے ایک بہت بڑا بینر لگایا گیا تھا۔

اس تقریب کے مہمانِ خصوصی پرنسپل صاحب جامعۃ المبشرین گھانا تھے۔

اس تقریب سے قبل لوائے احمدیت پرنسپل صاحب جبکہ گھانا کا جھنڈا مولوی طاہر احمد ظفر صاحب استاد جامعۃ المبشین نے لہرایا۔ تلاوت قرآنِ کریم سے تقریب کا باقاعدہ آغاز ہوا جو DJALO AHMADU جن کا تعلق گنی بساؤ سے ہے نے کی اور پھر غانا سے تعلق رکھنے والے ایک طالبِ علم Opoku Shariff صاحب نے نہایت سریلی آواز میں حضرت اقدس مسیحِ موعود علیہ السلام کا اردو منظوم کلام حمدو ثنا اُسی کو پیش کیا اور اس کا انگریزی زبان میں ترجمہ بھی پیش کیا۔

اس کے بعد اس تقریب کا تعارف مولوی رضوان کوثر صاحب استاد جامعہ نے کروایا۔ آپ نے وضاحت سے بتایا کہ آجکل کے مخصوص حالات کے باعث یہ تقریب سادگی سے اس ہال میں کی جارہی ہے۔ بعد ازاں سال بھر میں ہونے والے علمی و ورزشی مقابلہ جات میں پوزیشنز لینے والے طلباء میں جامعہ کے اساتذہ نے انعامات تقسیم کئے۔علمی مقابلہ جات میں صداقت گروپ اول رہا۔ اس کے انچارج استاذ مکرم حافظ لبیب عبداللہ صاحب اورگروپ کے سیکریٹری Abdul Jalal Essel نے انعامی ٹرافی وصول کی۔

ملک مالی کے تین طلباء Ali Tembine,Ahmadou Colibally,Abubacrine Maiga نے جولا زبان میں Songs of praise پیش کیا اور اس کا انگریزی ترجمہ بھی پڑھا۔پھر پرنسپل صاحب جامعۃ المبشرین گھانا نے پاس ہونے والے 8 ممالک کے 26 طلباء کو قرآنِ کریم اور اسناد دیں۔ اس کے بعد مڈغاسکر سے تعلق رکھنے والے دو طلباء Moussa Basil ,Hamidou Taki نے حضرت مسیحِ موعود علیہ السلام کا عربی قصیدہ یا قلبی اذ کر احمدا ترنم سے پڑھا۔

بعد ازاں پرنسپل صاحب جامعہ نے حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات کی روشنی میں واقفِ زندگی کے فرائض پر روشنی ڈالی ۔ آپ نے گزشتہ تین سالوں میں جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا کے کانووکیشن کے موقع پر بھیجے جانے والے حضرت خلیفتہ المسیح الخامس ایدہ اللہ بنصرہ العزیزکے پیغامات میں سے بعض حوالے پڑھ کر سنائے۔ آپ نے حضور انور ایدہ اللہ بنصرہ العزیز کے دورہء گھانا 2004کے موقع پر جامعتہ المبشرین گھانا کے طلباء سے کئے جانے والے بعض اقتباسات بھی طلباء کو پڑھ کر سنائے اور حضور انور ایدہ اللہ بنصرہ العزیز کی ہدایات پر عمل کرنے کی تلقین کی۔

گھانا سے تعلق رکھنے والے دو طلباء Opoku Shariff, Ahmad bin Ismail Jnr نے گھانین Songs of praise پیش کئے اس کے بعد لائبیریا اور یوگینڈا سے تعلق رکھنے والے طلباء نے بھی گھانین Songs of praise پیش کئےاور پرنسپل صاحب جامعہ نے دعا کے ساتھ پروگرام کا اختتام کیا۔

اس موقع کی تاریخ حیثیت کی بدولت جامعہ سے پاس ہونے والے طلباء نے پرنسپل صاحب اور اساتذہ کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔اور پھر تمام شاملین کو خصوصی کھانا پیش کیا گیااور بعد ازاں نماز ظہرو عصر جمع کر کے پڑھی گئیں۔اس طرح الحمد للہ جامعۃ المبشرین کی تقریب تقسیم اسناد انتہائی کامیابی کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچی۔اس پروگرام کی تیاری کے لئے جامعۃ المبشرین کے طلباء اور اساتذہ نے بڑی محنت سے کام کیا۔اللہ تعالیٰ سب کو جزائے خیر دے۔آخر پر تمام احبابِ جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ فارغ ہونے والے تمام طلباء کو اسلام احمدیت کے لئے انتہائی مفید وجود بنائے اور انہیں اسلام احمدیت کا پیغام دنیا کے کونے کونے میں پھیلانے کی توفیق عطا فرمائےاور جامعۃ المبشرین کے تمام اساتذہ اور دیگر کارکنان کو بھی بہترین خدمات کی توفیق عطا فرمائے۔آمین۔

٭…٭…٭

(فہیم احمد خادم۔ نمائندہ گھانا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 3 اکتوبر 2020

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 5 اکتوبر 2020