• 25 اپریل, 2024

نیشنل اجتماع و شورٰی لجنہ اماء اللہ آئیوری کوسٹ2022ء

اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سےمجلس لجنہ اماءاللہ آئیوری کوسٹ کا نیشنل اجتماع موٴرخہ 30 اور 31 جولائی 2022ء کو منعقد ہوا۔ کورونا وائرس وباء کے باعث دو سال کے وقفہ کے بعدامسال اجتماع کے موقع پرتمام لجنہ و ناصرات بھرپور جوش و جذبہ کے ساتھ شامل ہوئیں۔ لجنہ اماء اللہ کی تاریخ میں 2022ء کو ایک سنگ میل کی حثیت حاصل ہےکیونکہ امسال لجنہ اماءاللہ کی با برکت تنظیم کو قائم ہوئے 100 سال مکمل ہونے جارہے ہیں، اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ عَلیٰ ذَالِکَ۔ دنیا بھر کی مجالس لجنہ اماءاللہ نےاس سال کو بھرپور طرح سے منانے کے لیے مختلف تعلیمی و تربیتی پروگرامز مرتب کئے ہیں۔ چنا نچہ لجنہ آئیوری کوسٹ نے بھی دیگر پروگرامز کے ساتھ کچھ تعلیم و تربیت کے پروگرامز مرتب کیے تھے۔ اس سلسلہ میں اجتماع سے قبل طالبات کے ساتھ ایک ہفتہ کا سمر کیمپ بطور تربیتی کلاس کا انعقاد آبی جان شہر میں موجود جماعتی جگہ مہدی آباد میں واقع احمدیہ سکول میں کیا گیا۔ جس میں ملک بھر کے 18 ریجنز سے 94 لجنہ و ناصرات طالبات نے شرکت کی۔ جس میں صدسالہ جوبلی لجنہ سے متعلق ایک نصاب مترتب کیا گیا جوتلاوت قران، حفظ قران، حفظ قرانی دعائیں،نماز لفظی ترجمہ کے ساتھ، قصیدہ مسیح موعود علیہ السلام، شرائط بیعت، اور کتب مسیح موعود علیہ السلام میں کشتی نوح منتخب کی گئی۔ اور اسی تربیتی کلاس میں اجتماع کی تیاری بھی کروائی گئی۔

موٴرخہ 28 جولائی2022ء کی سہ پہر، مہدی آباد احمدیہ سکول جہاں تربیتی کلاس منعقد ہوئی تھی وہیں اجتماع کے مہمانوں کی رہائش کے لیے وقار عمل کیا گیا۔ تربیتی کلاس کی طالبات نے بہت ذمہ داری سے ڈیوٹیز ادا کیں۔ سپورٹس گراونڈ کی صفائی، روشنی کے انتطامات وغیرہ، اور اجتماع گاہ کو بھی خوبصورت بینرز سے سجایا گیا۔ 29جولائی کی شام قافلہ در قافلہ مہمان کرام پہنچنا شروع ہو گئے۔ بیک سٹیج خوبصورت سبز بینر جس پر دعائے حضرت آدم علیہ السلام لکھی گئی تھی رَبَّنَا ظَلَمۡنَاۤ اَنۡفُسَنَا ٜ وَاِنۡ لَّمۡ تَغۡفِرۡ لَنَا وَتَرۡحَمۡنَا لَنَکُوۡنَنَّ مِنَ الۡخٰسِرِیۡنَ ﴿۲۴﴾

(الاعراف: 24)

30 جولائی صبح 9 بجےسے قبل اجلاس کی باقاعدہ کاروائی تلاوت قران پاک سے شروع ہوئی مکرمہ فریال شاہدصاحبہ نے تلاوت کی اور اس کے بعد فرنچ ترجمہ عزیزہ مشعل پاشا صاحبہ نے اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا منظوم کلام مکرمہ ذکیہ صادق صاحبہ نے پڑھا جس کے بعد نیشنل صدر لجنہ مکرمہ مادام شکورہ آڈوالے صاحبہ نے لجنہ اماءاللہ کا عہد دہرایا اور اس کے بعدنیشنل صدرصاحبہ لجنہ اماءاللہ نے افتتاحی تقریر کی۔ جس دوران آپ نے لجنہ اماءاللہ کی بنیادکے مقاصد اور جوبلی پروگرامز 2022ء کے موقع پر بننے والی مسجدکی تفصیل اور چندہ جات کی اہمیت بیان کی۔ اس کے بعدلجنہ و ناصرات کے علمی و ورزشی مقابلہ جات کا باقاعدہ آغاز ہوا۔

تلاوت قرآن، حفظ قرآن، حفظ ادعیہ قرآن، تقاریر بعنوان (احمدیہ احیائے نو اسلام، خلافت احمدیہ کی برکات) لجنہ نے بہت عمدہ توقعات سے بڑھ کر خوبصورت پر اثر تقاریر کیں۔ ناصرات کے لئے مخصوص تقاریر (بعنوان اِہۡدِنَا الصِّرَاطَ الۡمُسۡتَقِیۡمَ نیز جھوٹ تمام برائیوں کی جڑ ہے) کا مقابلہ ہوا۔بعد ازوقفہ برائے ظہر وعصر و طعام3 بجے سہ پہر دوسرے اجلاس کی کاروائی کا آغاز ہوا۔ تلاوت قران پاک نیز فرنچ ترجمہ مادام لڈی مصطفیٰ صاحبہ نے پیش کیا۔ اس کے بعد مقابلہ نظم مسیح موعود علیہ السلام (جو خاک میں ملے اسے ملتا ہے آشنا) کا آغاز عزیزہ مشعل پاشا سے ہوا۔ ناصرات کا مقابلہ قصیدہ مسیح موعود علیہ السلام کے چند اشعار پر مبنی تھا۔فی البدیہ تقریری مقابلہ جات کے ساتھ دوسرا اجلاس اختتام پذیر ہوا۔

30جولائی کی شام مجلس لجنہ اماءاللہ آئیوری کوسٹ کی سالانہ شورٰی 2022ء کا انعقاد کیا گیا۔ شورٰی کا اجلاس تلاوت قرآن کریم سے شروع ہوا۔بعد ازاں بجٹ لجنہ اماء اللہ 2022ء – 2023ء اور تین مجوزہ تجاویز پر شورٰی ممبرات نے رائے پیش کی اور تجاویز کے مطابق ان پر عمل درآمد کی یقین دہانی کروائی۔ نماز مغرب عشاء کے بعد ایک بھر پور دن کا اختتام ہوا۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ عَلیٰ ذَالِکَ۔ لجنہ کے شعبہ صنعت و دستکاری نے ایک سٹال بھی لگایا جس میں کھانے پینے کی اشیاء، کھلونے اور بعض گھر میں بنائے گئےمقامی (home made) جوس بھی فروخت کیے گئے۔ بعض ریجنز کی طرف سے عطیات بھی موصول ہوئے۔ان اسٹالز سے 289,075 فرانک سیفا منافع خلافت جوبلی کے موقع پر مجوزہ مسجد فنڈبرائے لجنہ اماءاللہ میں جمع کرایا گیا۔

تیسرا اجلاس صبح سویرے کھیلوں سے شروع ہوا۔ کھیلوں میں بوری ریس، لیموں ریس،اور میوزیکل چیئر میں عمر رسیدہ لجنہ نے حصہ لیا۔ بند آنکھوں کے ساتھ منزل تک پہنچنا، اور ناصرات کے مقابلوں کے ساتھ باقی علمی مقابلہ جات نمازلفظی باترجمہ ا ور دینی معلومات کے کوئز پروگرام منعقد کئے گئے۔بعد ازاں تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد کیا گیا۔ تربیتی کلاس کی پہلی پانچ پوزیشنز کو انعامات اورطالبات کوسند شرکت سے نوازا گیا۔ نیز مقابلہ جات میں پوزیشنزلینے والی لجنہ و ناصرات کو کتب کا انعام اورمیڈلزسے نوازا گیا۔ نماز ظہر عصر کے بعدنیشنل اجتماع لجنہ اماءاللہ 2022 اختتام پذیر ہواجس کے بعد حاضرین کی خدمت میں طعام پیش کیا گیا۔

الحمد للّٰہ، امسال سالانہ اجتماع لجنہ اماءاللہ آئیوری کوسٹ کی کل حاضری 544 لجنہ و ناصرات پر مشتمل تھی۔اللہ تعالیٰ سےدعا ہے کہ مجلس لجنہ اماءاللہ کو اپنے فضلوں سے نوازے اور صد سالہ جوبلی کے مزید مجوزہ پروگرامز پر بھی احسن رنگ میں عمل کی توفیق عطا فرماتا جائے۔آمین

(رپورٹ: یاسمین پاشا۔آ ئیوری کوسٹ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 4 اکتوبر 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ