• 3 مئی, 2024

نمازجنازہ حاضر و غائب

مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری یہ اطلاع دیتے ہیں کہ
حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ نے مؤرخہ 23 دسمبر2021ء بروزہفتہ 12بجے دوپہر اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر کے باہر تشریف لا کر نماز جنازہ حاضر اور کچھ مرحومین کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔

نماز جناز ہ حاضر

مکرمہ مسرت بھٹی صاحبہ اہلیہ مکرم رشید احمد طاہر بھٹی صاحب مرحوم (آلڈر شاٹ یوکے)

17 دسمبر2021 کو 76سال کی عُمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ مکرم غلام حیدر کھوکھر صاحب آف یوگنڈا کی بیٹی اور مکرم قاضی عبد السلام بھٹی صاحب کی بہُو تھیں۔ یوگنڈا سے 1970 میں یوکے آ ئیں ۔حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ کی یوکے آمد کے بعد حضور کی ڈاک ٹیم کے ساتھ منسلک ہو گئیں اور وفات تک انگلش ڈاک ٹیم کی انچارج کے طور پر خدمت بجالاتی رہیں۔ مرحومہ انتہائی نیک، پرہیز گزار، صوم و صلوۃ کی پابند، تہجد گزار، دُعا گو، بُہت ملنسار،غُرباء کا خیال رکھنے والی اور خلافت کیساتھ اخلاص و وفا کا تعلق رکھنے والی ایک نیک دل بزرگ خاتون تھیں۔ اپنے چندہ جات باقاعدگی سے بروقت ادا کیا کرتی تھیں۔زندگی میں بُہت تکالیف دیکھیں لیکن خُدا تعالیٰ پر توکل کرتے ہوئے تمام تکلیفوں کا سامنا کیا ۔ جماعتی کاموں کو ہمیشہ اوّلیت دی اور اپنی بیماری کو بھی کبھی ان کاموں میں حائل نہیں ہونے دیا۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں ایک ہمشیرہ اور لے پالک بیٹا عزیزم نبیل وحید بھٹی یاد گار چھوڑے ہیں۔

نماز جناز ہ غائب

-1 مكرم راجہ محمد عبد اللہ خان صاحب ابن مکرم فیروز دین صاحب

16نومبر 2021 كو 90 سال كی عمر میں وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ نے 1953 سے لے کر 2006تک خلافت لائبریری میں خدمت کی توفیق پائی اور محلہ میں بھی مختلف جماعتی اور تنظیمی عہدوں پر خدمت بجالاتے رہے۔ وفات سے قبل سیکرٹری وصایا کے طورپرخدمت بجالارہے تھے۔ آپ کے ذمہ جو کام بھی لگایا جاتا اسے بڑی فکر مندی سے سرانجام دیتے تھے۔ صوم وصلوۃ کے پابند، تہجد گزار، غریب پرور، ہنس مکھ اور ایک بے ضرر اور مخلص انسان تھے۔ قرآن کریم سے عشق کی حدتک پیار تھا اور باقاعدگی سے تلاوت کیا کرتے تھے۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں چار بیٹے اور سات بیٹیاں اور متعدد پوتے پوتیاں اور نواسے نواسیاں شامل ہیں۔آپ کے بڑے بیٹے مکرم محمد ایوب خان صاحب انصار اللہ جرمنی کی نیشنل عاملہ میں بطور قائد تعلیم القرآن خدمت بجالارہے ہیں ۔آپ کے دونواسے مربی سلسلہ اور دو نواسے معلم سلسلہ ہیں۔

-2 مكرمہ نصرت خانم صاحبہ اہلیہ مکرم آغا محمد عبد اللہ خان صاحب مرحوم (امریکہ)

29اکتوبر 2021 كو بقضائے الہٰی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کا تعلق ایران کے مشہور بختیار قبیلہ کے ایک بااثر معز زخاندان سے تھا۔ نواب شاہ میں 9سال تک بطور صدر لجنہ خدمت کی توفیق پائی۔ صوم وصلوۃ کی پابند، تہجدگزار، صابرہ شاکرہ، خوش مزاج، مہمان نواز، نیک اور ہمدرد خاتون تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں سات بیٹے اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔ آپ مکرم ہدایت احمد خان صاحب (واشنگٹن) کی والدہ تھیں۔

-3 مكرم محمود احمد طاہر صاحب ابن مکرم غلام رسول صاحب مرحوم

27نومبر 2021 كو 54سال كی عمر میں وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم بہت سادہ مزاج، ہر کسی کے ساتھ ہمیشہ مسکرا کر ملنے والے ایک اچھی طبیعت کے مالک مخلص انسان تھے ۔مرحوم موصی تھے۔پسماندگان میں والدہ ،بہن بھائی اور اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹی اور ایک بیٹا عزیزم جاذب محمود (متعلم جامعہ احمدیہ) شامل ہیں ۔آپ مکرم لئیق احمد عاطف صاحب (مبلغ سلسلہ مالٹا) کے بہنوئی تھے ۔

-4مكرمہ نصرت جہاں صاحبہ بنت مکرم سردار مجید الدین صاحب

13اکتوبر 2021 کو بقضائے الہٰی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ ایک نیک مخلص اور باوفا خاتون تھیں۔مرحومہ موصیہ تھیں۔ آپ مکرم سردار نصیر الدین ہمایوں صاحب (کارکن حفاظت خاص یوکے) کی ہمشیرہ تھیں۔

-5مكرمہ نصرت جہاں بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم میاں غلام احمد صاحب مرحوم

3 دسمبر 2021 كو 85 سال كی عمر میں ربوہ میں وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ نمازوں کی پابند، چندوں میں باقاعدہ، ضرورت مندوں کا خیال رکھنے والی ایک مہمان نواز اور ہمدرد خاتون تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں تین بیٹے اور چھ بیٹیاں شامل ہیں۔

-6مكرم خواجہ برکات احمد صاحب ابن مکرم خواجہ عبد الرزاق احمد صاحب

10 ستمبر 2021 کو 86 سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم انتہائی مخلص، خلافت کے شیدائی، چندوں میں باقاعدہ اور جماعتی خدمت میں پیش پیش رہتے تھے ۔قرآن کریم کی تلاوت بڑی باقاعدگی سے روزانہ کیا کرتے تھے۔ آپ نے محلہ میں امام الصلوۃ، سیکرٹری اصلاح و ارشاد اور سیکرٹری دعوت الی اللہ کے علاوہ متعدد عہدوں پر خدمت کی توفیق پائی ۔آپ بڑے فعال داعی الی اللہ تھے اور کئی بیعتیں بھی کروانے کی توفیق پائی ۔مرحوم اللہ کے فضل سے موصی تھے۔

-7مكرم محمد صدیق بھٹہ صاحب

6 دسمبر 2021 کو 86 سال کی عمر میں بقضائےالہٰی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ نے دفتر پرائیویٹ سیکرٹری میں خدمت کی توفیق پائی اور محلہ میں بھی مختلف عہدوں پر خدمت بجالاتے رہے۔ آپ کو اپنے گاؤں میں لڑکیوں کے لئے پرائمری سکول تعمیر کروانے کی بھی توفیق ملی۔ آپ بہترین داعی الی اللہ تھے اور لمبا عرصہ تبلیغ کا فریضہ نہایت خوش اسلوبی سے سرانجام دیتے رہے ۔مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹا اور چھ بیٹیاں شامل ہیں۔

-8مكرمہ امۃ القدوس صاحبہ اہلیہ مکرم قاضی مقبول احمد صاحب (جرمنی)

31 اکتوبر 2021 کو بقضائےالہٰی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ دین کے لئے غیر ت رکھنے والی، غریبوں کی ہمدرد، شفیق اور خلافت کے ساتھ اخلاص کا تعلق رکھنے والی ایک نیک خاتون تھیں۔ بچوں کی بہترین رنگ میں خدمت کی توفیق پائی ۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں چار بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔

-9مكرم حفیظ احمد چوہدری صاحب ابن مکرم چوہدری مرید علی صاحب

3 دسمبر 2021 کو77 سال کی عمر میں بقضائےالہٰی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم نے 1967 میں خود تحقیق کے بعد اہلیہ اور دو بچوں سمیت بیعت کی سعادت حاصل کی ۔جس کے بعد آپ کو خاندان کی طرف سے شدید مخالفت کا سامنا کرنا پڑا مگر آپ اپنے عہد بیعت پر مضبوطی سے قائم رہے ۔ ربوہ شفٹ ہونے پر کچھ عرصہ بطور انسپکٹر انصار اللہ خدمت کی توفیق پائی اور پھر دارالضیافت میں خدمت بجالاتے رہے۔ محلہ میں زعیم انصار اللہ اور سیکرٹری امو رعامہ کے طورپر بھی خدمت کی توفیق پائی ۔ مرحوم موصی تھے ۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ پانچ بیٹے اور پانچ بیٹیاں شامل ہیں ۔ آپ کے ایک بیٹے مکرم اطہر حفیظ فراز صاحب (مربی سلسلہ) آجکل جوہر آباد خوشاب میں خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔

-10مکرمہ ڈاکٹر خورشید رزاق صاحبہ اہلیہ مکرم محمد عبد الرزاق صاحب (امریکہ)

19 جنوری 2021 کو بقضائے الہٰی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ پیشہ کے لحاظ سے ڈاکٹر تھیں اور اپنی میڈیکل فیلڈ میں ماہر جانی جاتی تھیں۔ مرحومہ بہت نیک ، ہمدرد اور باوقار خاتون تھیں۔ صدر لجنہ Connecticut کے علاوہ نارتھ ایسٹ ریجن کی ریجنل صدر کے طورپر خدمت کی توفیق پائی۔ وقت کی بہت پابند اور نمازوں کی ادائیگی میں بڑی باقاعدہ تھیں۔ ساری زندگی بہت Descipline کے ساتھ گزاری۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں چار بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہیں۔

-11مكرم بشیر افضل خان چوہدری صاحب (بنگلہ دیش)

9دسمبر 2021 كو بقضائے الہٰی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم نے جماعت بنگلہ دیش میں نیشنل سیکرٹری صنعت وتجارت کے طورپر خدمت کی توفیق پائی ۔مرحوم بہت نافع الناس اور خلافت سے عقیدت کا گہرا تعلق رکھنے والے ایک نیک اور مخلص انسان تھے۔ آپ مکرم عبد الاول عمران صاحب (امیر و مشنری انچارج بنگلہ دیش) کے ماموں زاد اور چچا زاد بھائی تھے۔

-12مكرم رانا منظور حسین صاحب ابن مکرم حاجی فقیر محمد صاحب (یوکے)

2جولائی 2021 كو 89 سال كی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم 1994 سے انگلینڈ میں مقیم تھے۔ اس دوران آپ نے لوکل مجلس میں بطور زعیم انصار اللہ خدمت کی توفیق پائی ۔مرحوم ایک نیک مخلص اور باوفا انسان تھے۔

-13مكرمہ بشریٰ ملاحت صاحبہ (قادیان)

نومبر 2021 میں 23 سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ نظام جماعت کی اطاعت گزار اور دینی اور اخلاقی لحاظ سے بہت اچھی تھیں۔ چندوں کی ادائیگی میں باقاعدہ تھیں۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔ آمین

ادارہ الفضل کی طرف سے تمام فریق تعزیت قبول کریں۔

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 5 جنوری 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ