• 11 جولائی, 2025

اےاللہ! ’’کن‘‘ کرو نا

اِنَّمَآ اَمْرُهٗ اِذَآ اَرَادَ شَيْئًا اَنْ يَّقُوْلَ لَـهٗ كُنْ فَيَكُـوْنُ

(يسين: 83)

اس کا صرف یہ حکم کا فی ہے کہ جب وہ کسی چیز کا اردہ کرے وہ اسے کہتا ہے ہو جا بس وہ ہونے لگتی ہے اور ہو کر رہتی ہے۔

آج پوری دنیا میں ایک بلا ایک وبا کرونا کا خوف غالب ہے کوئی تبصرہ کر رہا ہے یہ امریکہ کی کارستانی ہے، کوئی چائنہ کی شرارت کہہ رہا ہے اور کچھ خوف خدا رکھنے والے یہ بھی کہہ رہے ہیں کہ یہ اللہ کا عذاب ہے۔ دنیا کے اکثر لوگ غفلت میں پڑے ہیں اور ہم اللہ تعالیٰ کے احکامات کو بھولے ہوئے ہیں۔ ایک بڑی آبادی شرک میں ڈوبی ہوئی ہے اللہ تعالیٰ نے اپنی سنت کے مطابق انسانوں کی اصلاح کے لئے اپنے رحم سے اس عالم کے لئے جو نُور نازل کیا ہے اس کی روشنی سے حصہ پانے کی بجائے اس نُور کے منار (حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام) کی مخالفت پر تُلی ہوئی ہے۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے ہر طرح سے کھول کھول کر دنیا کو پکارا کہ میں اللہ کی طرف سے ہوں خوشخبریاں بھی دیں اور انذار بھی کئے اور زمین پر طرح طرح کی بلاؤں کا ذکر بھی کیا ۔دنیا پر کوئی بھی رحمت نازل ہو یا عذاب نازل ہو ’’کن‘‘ وہی ذات کہتی ہے۔

اس مضمون کا عنوان ’’اے اللہ ’’کن‘‘ کرو نا‘‘ اللہ تعالیٰ سے ایک فریاد ہے اس پہلے ’’کن‘‘ کرونا کے بہاؤ میں سب دجل اللہ تعالیٰ بہا کر لے جائے اور دوسرا ’’کن‘‘ اس کی رحمت کا ’’کن‘‘ ہو جس کے سایہ کے نیچے ساری دنیا آ جائے اور ہم حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کا یہ شعر گنگناتے پھریں۔؂

جو دور تھا خزاں کا وہ بدلا بہار سے
چلنے لگی نسیم عنایات یار سے

اب یہ بہار کیسے آنی ہے؟ یہ تب آ سکتی ہے جب ہم پیارے حضورحضرت خلیفہ المسیح الخامس ایدہ اللہ کی اس نصیحت پر عمل کریں جو ہمارے پیارے حضور نے مسند خلافت پر تشریف فرما ہوتے ہی جو صدا لگائی وہ یہ تھی کہ ’’احباب جماعت سے صرف ایک درخواست ہے کہ آجکل دعاؤں پہ زور دیں، دعاؤں پہ زور دیں،دعاؤں پہ زور دیں بہت دعا ئیں کریں، بہت دعائیں کریں، بہت دعائیں کریں۔ اللہ تعالیٰ اپنی تائید و نصرت فرمائے اور احمدیت کا یہ قافلہ اپنی ترقیات کی طرف رواں دواں رہے ۔آمین‘‘

حضور انور ہمیں ہماری توجہ دعاؤں کی طرف پھیرنے کی ہدایت فرماتے رہتے ہیں۔ پچھلے دنوں بھی پیارے حضور انور نے ایک مجلس میں ایک سوال کے جواب میں فرمایا کہ مجھے بتلایا گیا ہے بلکہ آواز دے کر بتلایا گیا ہے کہ اگر سب احمدی مل کر تین دن رات دعائیں کریں تو دنیا کے حالات بدل جا ئیں گے۔

آج کل لوگ گھروں میں مقید ہیں ،زیادہ تر دنیا کے کاروبار بھی بند ہیں ۔حضور انور کی ہدایت پر عمل کرنے کے لئے وقت میسر ہے ہر کوئی ڈرا ہوا بھی ہے۔ہر کوئی اللہ اللہ کر رہا ہے۔ حضرت خلیفہ المسیح الرابع ؒکا مصرعہ یاد آ رہا ہے۔ ؂ رت بنی خوب آہ و فغاں کے لئے

سوچ میں آ رہا تھا کہ ہم اتنے کمزور ہیں، گناہگار ہیں پھر بھی پیارے حضور احباب جماعت کو دعاؤں کی تلقین فرماتے رہتے ہیں۔ تو یہ سوچ آئی ہم جتنےکمزور احمدی ہیں ہم مشرک نہیں ہیں ہم حضرت اقدس محمد مصطفی ﷺ کی اُمت میں سے ہیں اور اللہ کے فضل سے وقت کے مسیحا حضرت اقدس مسیح موعودؑ پر بھی ہمارا ایمان ہے۔ ہماری کمزوریوں کے باوجود اللہ تعالیٰ ہماری پکار سن لے گا۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو پیارے حضور انور کی نصیحتوں پر عمل کی توفیق دے آمین

پیارے اللہ جی! اب اہل زمین پر دوسرا کن کرو نا ،کرو نا ، کرو نا حضرت اقدس مسیح موعودؑکے چند دعائیہ اشعار پر اس تحریر کو سمیٹتے ہیں۔

میرے زخموں پر لگا مرہم کہ میں رنجور ہوں
میری فریاد سن میں ہو گیا زارو نزار
اب نہیں ہیں ہوش اپنے ان مصائب سے بچا
رحم کر بندوں پہ اپنے تا وہ ہویں رستگار
اک نشاں دکھلا کہ اب دیں ہو گیا ہے بے نشاں
اک نظر کر اس طرف تا کچھ نظر آوے بہار

(نعیمہ شاہین ۔جرمنی)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 5 مئی 2020

اگلا پڑھیں

Covid-19 اپ ڈیٹ 06۔مئی2020ء