• 2 مئی, 2024

زمانے کو محمد ﷺ کی قیادت کی ضرورت ہے

جہاں دیکھو کدورت ہے، بغاوت ہے عداوت ہے
زمانے کو محمدؐ کی قیادت کی ضرورت ہے
انہیں کا بول بالا ہے انہیں کا دینِ فطرت ہے
مکمل قول ہے ان کا ، یہی اکمل شریعت ہے
بہت ظاہر ہوئے اہلِ بصیرت اہلِ عالم میں
مگر زندہ جہانوں میں محمدؐ کی رسالت ہے
محمدؐ کی جلالی شان ثابت ہے شیاطیں پر
یہی ہے سایہء رحمت، یہی ان کی کرامت ہے
انہیں سے چاند تاروں میں کرن تخلیق ہوتی ہے
انہیں سے کہکشائوں میں انوکھی سی بصارت ہے
رہی جاری زمانے میں رہے گی ان کی فیاضی
زبانوں پر انہیں کے نام کی ہر آن مِدحت ہے
محمدؐ ہی مصدق ہیں سبھی پہلے رسولوں کے
انہیں کی سب رسولوں پر لگی مہرِ نبوت ہے
وہی اول وہی آخر وہی باطن وہی ظاہر
وہی محمود و حامد ہیں انہیں کی شان و عظمت ہے
مبشر ہیں مذکر ہیں وہی سیّد مکرم ہیں
محمدؐ سے مسلمانوں کو امیدِ شفاعت ہے
محافظ بن کے جب مہدی ؑ زمانے کا امام آئے
مرا کہنا سلام اُس کو محمدؐ کی نصیحت ہے
ہے مانا جس نے مہدی ؑ کو وہی مومن صداقت پر
منورؔ اب فقط اس کے ہی حصے میں شہادت ہے

(منورؔ احمد کنڈے۔انگلینڈ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 5 مئی 2020

اگلا پڑھیں

Covid-19 اپ ڈیٹ 06۔مئی2020ء