• 25 اپریل, 2024

آن لائن عالمی مشاعرہ (زیر اہتمام مجلس انصار اللہ برطانیہ)

بر موقع یوم خلافت 27مئی 2020ء (نذرانۂ عقیدت ومحبت)

مجلس انصار اللہ برطانیہ شعبہ تعلیم کے تحت مؤرخہ 27مئی 2020ء لندن وقت کے مطابق شام 6بجے ایک آن لائن عالمی مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا ۔یہ مشاعرہ نہیں بلکہ دربار خلافت میں یوم خلافت کے حوالے سےایک عاجزانہ نذرانہء عقیدت و محبت تھا۔ محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور پیارے آقا کی دعاؤں سے مشاعرہ بہت کامیاب رہا۔ یہ پروگرام سوا دو گھنٹے جاری رہا۔ براہ راست پروگرام کو YOUTUBE پر 5895 اور FACEBOOK پر 400 سے زائد احباب و خواتین نے دیکھا۔ پروگرام کے آغاز سے اختتام تک مسلسل پیغامات آتے رہے اور لوگ پیارے آقا ایدکم اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ کے پیغامات بھجواتے رہے ۔اسی طرح خلافت احمدیہ زندہ باد اور خلافت سے اپنے والہانہ عشق و محبت کا اظہار کرتے رہے ۔

اس پہلے عالمی آن لائن مشاعرہ کے میزبان مکرم مبارک صدیقی صاحب تھے، جنہوں نے اپنے روایتی انداز میں نہایت محبت و اخلاص سے اس پروگرام کو چلایا۔ سورۃ النور کی آیات 56 اور 57 کی تلاوت اور ترجمہ مکرم حافظ فضل ربی نے پیش کیا۔ جس کے بعد قادیان دارالامان کی نمائندگی کرتے ہوئے مکرم تنویر احمد ناصر قائد تعلیم مجلس انصار اللہ انڈیا نے حضرت ڈاکٹر میر محمد اسماعیل کا نعتیہ منظوم کلام ’’بدر گاہ ذیشان خیر الانام‘‘ کے چند اشعار اپنی مترنم آواز میں سنائے۔ اس مشاعرے کے پہلے شاعر یوکے کی نمائندگی کرتے ہوئے مکرم میر انجم پرویز نے اپنا تازہ کلام سنایا۔

ہوتے نہیں دل سر خوشِ صہبائے محبت
پیتے نہ اگر جامِ مئے حسن ِ خلافت
حق دین وہی جس کو خلافت سے ہے تمکیں
لاریب خلافت سے عبادت ہے عبادت

امیر جماعت احمدیہ و مشنری انچارج جاپان اس مشاعرے کے اگلے شاعر تھے جو جاپان کے وقت کے مطابق رات 2بجے اس مشاعرے میں شامل ہوئے اور اپنا کلام پیش کیا جس کا عنوان تھا ‘‘نظام خلافت مبارک نظام’’۔

خلافت نبوت کا فیضان ِ عام
خدا کی عطا ہے یہ عالی مقام
خلافت کا جس دل میں ہے احترام
رہے گا ہمیشہ وہی شاد کام

اس مشاعرے میں چند شعراء اور نظم پڑھنے والے تو براہ راست شامل ہوئے اور کئی شعراء اوراحباب اپنے ریکارڈڈ پیغامات کے ذریعے اس کا حصہ بنے جبکہ لائیو پروگرام کے دوران پیغامات کا ایک نا ختم ہونے والا سلسلہ تھا جو کئی دن تک جاری رہا ۔ تین مختلف حصوں میں یہ پیغامات لائیو پروگرام کا حصہ بنے جبکہ خلافت سے محبت اور اخلاص و وفا کے پیغامات احباب کے نام کے ساتھ گاہے گاہے پروگرام کا حصہ رہے۔

مکرم بلال احمد راجہ نے امریکہ سے اپنی مترنم آواز میں نظم “خلافت کے ہی سائے میں بسر ہو زندگی ساری”جس کے شاعران کے بڑے بھائی مکرم حارث احمد راجہ صاحب ہیں سنایا ۔

خلافت نعمت عظمیٰ خلافت قدرت ثانی
خلافت رشد کا ذریعہ خلافت فیضِ ربانی
خلافت ظلمتوں میں ہے نوید صبحِ نورانی
خلافت خلق کی خاطر خدا کا فضل ہے بھاری

اسی طرح ایک شاعر مکرم ضیاء اللہ مبشر مربی سلسلہ تھے۔ تمام شعراء کی طرح آپ نے بھی اپنا کلام سنانے سے پہلے حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں سلام اور یوم خلافت کے حوالے سے اپنے جذبات کا اظہار کیا ۔ آپ کے کلام کے چند اشعار یہ ہیں:

خلافت کی اطاعت میں سرِ تسلیم خم رکھنا
وفا کے پاسباں رہنا محبت کا علَم رکھنا
یہی عقدِ اخوت ہے یہی رمزِ محبت ہے
یہ بیعت ایک نعمت ہے اسے تم محترم رکھنا

بعد ازاں مکرم لئیق احمد عابد نے جذبات کا اظہار کیا اور پھر اپنا کلام پیش کیا ۔

اک تم نصیب جن کا رخ ِ یار دیکھنا
ایک ہم جنہیں کہ ہجر کے آزار دیکھنا
چبھنے نہ پائے اس کو کوئی خار دیکھنا
اے ساکنانِ کوچہ دلدار دیکھنا

اس کے بعد جماعت کے ایک اور معروف شاعر مکرم ڈاکٹر عبدالکریم خالد کی باری آئی تو اولاً آپ نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی صحت کے بارے میں دو اشعار کے بعد اپنے تازہ ترین اشعار جو دو دن پہلے تحریر کئے سنائے ۔

خدا کے حسن کا نشاں وہ شخص بے مثال ہے
نبی کے عشق میں نہاں وہ شخص وہ بے مثال ہے
دلوں نے پائی کس طرح نئے سرے سے روشنی
فروغ نور شمع ساں وہ شخص بے مثال ہے

اس موقع پر اپنے پیغام میں مکرمہ نصرت سحر نے کہا ’’جزاکم اللہ مجلس انصار اللہ یوکے اس قرنطینہ کے ماحول میں بھی یوم خلافت کو نہایت پُر رونق بنا دیا‘‘

اس کے بعد مکرم مصور احمد نےآسٹریا سے مکرم حافظ محمد مبرور احمد مربی سلسلہ کی نظم اپنی مترنم آوازمیں سنایا ۔

اک دلربا سا چہرہ پھولوں سا ہے مہکتا
ہے چاند سا منور خورشید سا چمکتا
نورِ ازل کی خوشبو اس کو کرے معطر
لاکھوں دلوں کی دھڑکن ہر من میں ہےوہ بستا

امریکہ سے پہلے شاعر مکرم عبدالکریم قدسی تھے آپ نے اپنا کلام بعنوان ’’خلیفہ خدا بناتا ہے‘‘ پیش کیا۔

فضائے غم میں سکینت کے تمر لاتا ہے
دلوں کی کھیتیوں میں تمکنت اُگاتا ہے
وہ اپنے نور سے اک شکل سی بناتا ہے
دلوں پہ مہر اطاعت وہی لگا تا ہے
وہ اپنا فیصلہ دنیا کو پھر سناتا ہے
قسم خدا کی خلیفہ خدا بنا تا ہے

امریکہ سے ہی ہمارے دوسرے شاعر اور کئی شاعروں کے استاد مکرم مبارک احمد عابد تھے، جنہوں نے اپنے مخصوص انداز میں خلافت سے عقیدت و محبت کا اظہار کیا ۔آپ نے آج کے دن یعنی یوم خلافت کے حوالے سے اپنی ایک تمیثلی انداز میں لکھی نظم بعنوان ’’ہمیں اللہ نے بخشی عظیم الشان نعمت ہے‘‘ سنائی ۔

کہا میں نے ضرورت کیا ہمیں تعویذ اور دم کی
ہمیں اللہ نے بخشی عظیم الشان نعمت ہے
دکھوں کی دھوپ میں ہر دم وہی ہے سائباں اپنا
ہمارے سر پہ جو سایا فگن ابر خلافت ہے

اس مشاعرے کے میر مجلس اور آخری شاعر مکرم مولانا عطاء المجیب راشد تھے۔ آپ نےکہا ’’بہت ہی بابرکت پروگرام ہے اور انشاء اللہ یادگار رہے گا، اس پروگرام میں آپ نے ساری دنیا کی نمائندگی کرنے والے بہت ہی بلند پایا شعراء کو اکٹھا کردیا ہے۔۔۔یہ پروگرام اپنی نوعیت کا منفرد پروگرام ہے کیونکہ اس میں اکناف عالم کے شعراء کی نمائندگی بھی ہے، ہر ایک کا اپنا اپنا انداز ہوتا ہے لیکن سب کو ایک پلیٹ فارم پر جو خلافت کا عنوان ہے اس پر اکٹھا کردینا یہ ایک بہت بڑی خدمت بھی ہے اور ایک تاریخی بات بھی ہے۔ آج کی مجلس میں خلافت کا بار بار ذکر ہوا اور آج خلافت کا شجر 112سال پرانا ہوگیاہے اور پرانا ہونے کے باوجود یہ تن و مند ہوتا جارہا ہے اس کے برکتیں بڑھتی چلی جارہی ہیں۔ یہ شجر خلافت کا جیسا کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے بیان فرمایا تھا ہمیشہ قائم رہے گا اور خلافت کا انعام کبھی بھی اس جماعت مومنین سے نہیں لیا جائےگا۔ یہ ایک ایسی نعمت ہے جو ہمیشہ جاری رہنے والی ہے۔ ان شاء اللہ ’’آپ نے یہ بھی کہا کہ خلافت احمدیہ کی صد سالہ جوبلی کے موقع پر حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے جو تاریخی ‘‘عہد ِوفائے خلافت’’ لیا تھا اسے ہمیشہ یاد رکھنا چاہئے ۔اس کے بعد آپ نے اپنا کلام سنایا ۔

یہ کیا کم ہے کہ ہم نے شاہد و مشہود کو پایا
مسیح و مہدی آخر زماں کی ذات پہچانی
خدا نے فضل سے اپنے خلافت ہم کو بخشی ہے
جس کو ڈھونڈتی پھرتی ہے ہر سُو نوع انسانی

محترم ڈاکٹر اعجاز الرحمٰن صدر مجلس انصار اللہ برطانیہ مشاعرے میں شامل رہے اور آخر پر آپ نے تشکر کے جذبات کا اظہار کیا جس کے بعد مکرم عطاء المجیب راشد صاحب امام مسجد فضل لندن نے اختتامی دعا کروائی۔

اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں درج ذیل افراد کا بھرپور تعاون حاصل رہا۔

اطلاعات و اعلانات احباب جماعت: مکرم شکیل احمد بٹ نائب صدر انصار اللہ

رابطہ: مکرم محمد محمود خان قائد عمومی

IT, Youtube, Zoom مکرم اظہر اقبال

IT ٹیم میں شامل مکرم ضیاء فاروقی، مکرم مظفر احمد، مکرم احسن کاہلوں، مکرم چوہدری کلیم، مکرم عثمان صالح اور مکرم نعیم۔

مکرم عامر ملک نے پوسٹرز تیار کئے۔

فجزاھم اللہ احسن الجزاء

(راجہ برہان احمد)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 5 جون 2020

اگلا پڑھیں

Covid-19 عالمی اپڈیٹ 06 جون 2020ء