• 19 مئی, 2024

نمازجنازہ حاضر و غائب

مکرم منیر احمد جاوید۔ پرائیویٹ سیکرٹری لندن یہ اطلاع دیتے ہیں کہ حضرت خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالی نے مؤرخہ 26مئی 2022ء بروز جمعرات دوپہر 12بجے اپنے دفتر سے باہر تشریف لا کر تین نماز جنازہ حاضر اور چند نماز جنازہ غائب پڑھائے۔

نماز جناز ہ حاضر

-1 مکرم مقصود احمد طاہر صاحب (مچم۔یوکے)

17؍مئی 2022 کو 61سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحوم کا تعلق ربوہ سے تھا۔ 1985میں یوکے تشریف لائے۔ مرحوم صدقہ و خیرات کرنے والے، منکسر المزاج اور ایک غریب پرور انسان تھے۔ جماعت کے لئے بڑی غیرت رکھتے تھے اور اپنے غیر احمدی حلقوں میں دلیری سے جماعت کا پیغام پہنچاتے تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دوبیٹے اور دوبیٹیاں شامل ہیں۔ مرحوم کے ایک بھائی مکرم منصور احمد زاہد صاحب مربی سلسلہ ساؤتھ افریقہ میں خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔

-2 مکرم محمد اسلم صاحب ابن مکرم محمد شفیع صاحب (بیت الفتوح۔یوکے)

20؍مئی 2022 کو 75 سال کی عُمر میں مختصر علالت کے بعد وفات پا گئے ۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ آپ کا تعلق چک نمبر 33 جنوبی ضلع سرگودھا سے تھا۔ آپ کے دادا اپنی جماعت کے پہلے احمدی تھے۔ مرحوم اللہ تعالیٰ کے فضل سے انتہائی نیک ،تہجد گذار ، صوم وصلوۃ کے پابند، قُر آن کریم کی باقاعدہ تلاوت کر نے والے،
خوش گفتار اور خلافت کیساتھ اخلاص و وفا کا تعلق رکھنے والے ایک ہر دلعزیز انسان تھے۔اپنے چندوں کی ادائیگی کا بہت خیال رکھتے تھے۔ پسماندگان میں دو بیٹیاں اور نواسے نواسیاں شامل ہیں۔مرحوم مکرم مبشر احمد صاحب شہید( مربی سلسلہ نائجیریا )کے چچا زاد بھائی تھے۔

-3مکرمہ امة القیوم صاحبہ اہلیہ مکرم منصور احمد خان صاحب (Hayes۔یوکے)

23مئی 2022 کو 77سال کی عمر میں وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحومہ حضرت خلیفۃ المسیح الثانی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے باڈی گارڈ مکرم قدم خان صاحب (آف خوست افغانستان) کی بیٹی تھیں۔ مرحومہ صوم و صلوۃ کی پابند، صدقہ و خیرات کرنے والی ایک نیک خاتون تھیں۔ مالی قربانی میں بھی پیش پیش رہتی تھیں۔ پسماندگان میں تین بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔ ان کے ایک بیٹے مکرم عمر خان صاحب نے بطور ناظم اعلیٰ مجلس انصار اللہ ناصر ریجن خدمت کی توفیق پائی۔ اسی طرح دوسرے بیٹے مکرم بلال خان صاحب Hayes جماعت کے جنرل سیکرٹری اور سیکرٹری زراعت کے طور پر خدمت کی توفیق پا رہے ہیں۔

نماز جنازہ غائب

-1 مکرم چوہدری انیس احمد صاحب (یو ایس اے)

5؍مئی 2022 کو بقضائے الہٰی وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحوم حضرت تاج دین صاحب رضی اللہ عنہ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے نواسے تھے ۔مرحوم نے لمبا عرصہ صدر جماعت شاہ تاج شوگر ملز منڈی بہاؤالدین کے علاوہ امیر ضلع منڈی بہاؤالدین کے طور پربھی خدمت کی توفیق پائی۔ مرحوم پنجوقتہ نمازوں کے پابند، تہجد گزار، باقاعدگی سے قرآن کریم کی تلاوت کرنے والے، نیک، مخلص اور ایک نفع رساں وجود تھے۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی کتب کے علاوہ تمام جماعتی کتب ورسائل کا باقاعدگی سے گہرا مطالعہ کیا کرتے تھے ۔ خلافت کے ساتھ عشق کی حدتک پیار تھا۔ بچوں کو بھی خلافت کے ساتھ گہری وابستگی کی تلقین کیا کرتے تھے ۔ اپنے نوجوان رشتہ داروں اور ربوہ اور گاؤں کے فارغ نوجوانوں کو بہتر ملازمت دلوانے کے لئے ہمیشہ کوشاں رہتے تھے۔مرحوم موصی تھے۔پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹا اور دو بیٹیاں شامل ہیں ۔آپ کےسب بچے مختلف رنگ میں جماعتی خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔

-2مکرمہ ناصرہ بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم محمد اسلم طاہر صاحب

10؍جنوری 2022 کو 82سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پا گئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحومہ کے والد مکرم شیر محمد صاحب نے 1928 میں حضرت خلیفۃ المسیح الثانی رضی اللہ عنہ کے ہاتھ پر بیعت کی سعادت پائی ۔ حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ نے آپ کے والد کا نام شیر محمد سے اسدا للہ ظفر رکھا۔ آپ معلم اصلاح وارشاد تھے۔ مرحومہ نہایت مخلص اور دیندار خاتون تھیں۔ آپ کے ایک پوتے مربی سلسلہ اور دو پوتے جامعہ احمدیہ میں زیر تعلیم ہیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔

-3 مکرم جمیل احمد صاحب راجپوت ابن مکرم رشید احمد صاحب راجپوت

11؍اکتوبر 2021 کو71سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحوم نے صدر جماعت ٹنڈوالہ یار ضلع حیدر آباد کے علاوہ گلشن جامی کراچی میں سیکرٹری وقف جدید اور سیکرٹری نومبائعین کے طور پر خدمت کی توفیق پائی ۔ نمازوں کے پابند ایک نیک اور خاموش طبع انسان تھے۔مرحوم موصی تھے۔

-4 مکرم محمد امین صاحب ابن مکرم محمد ابراہیم صاحب

18؍فروری 2022 کو 84سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحوم اچھی طبیعت کے مالک ایک نیک اور مخلص انسان تھے۔مقامی سطح پر سیکرٹری مال اور زعیم انصار اللہ کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔

-5 مکرم احمد رانجھا صاحب ابن مکرم رحمٰن رانجھا صاحب

3؍فروری 2022 کو 85سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحوم نے9 سال صدر جماعت نصیر پور خورد کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔1974میں غیر احمدی ہونے کے باوجود مخالفین کو احمدیوں پر تشدد کرنے اور گھروں کو جلانے سے روکا۔1980میں احمدیت قبول کی۔

رشتہ داروں نے بہت کوشش کی کہ آپ احمدیت چھوڑ دیں لیکن آپ عہد بیعت پرثابت قدمی سے قائم رہے۔ اپنے گاؤں میں ابتدائی طور پر غیر احمدیوں کے ساتھ مل کر نماز ادا کیا کرتے تھے۔لیکن جب مخالفت زیادہ ہوگئی تو نئی مسجد کی تعمیر میں کلید ی کردار ادا کیا۔مرحوم بہت بہادر اور نڈر انسان تھے۔ناخواندہ ہونے کے باوجود غیر احمدی مولویوں سے بحث مباحثہ اور مناظرہ بھی کیا کرتے تھے۔

-6 مکرم نعیم احمد ملک صاحب ابن مکرم ملک عزیز احمد صاحب (مسی ساگا ۔کینیڈا)

27؍مارچ 2022 کو 57سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحوم پنجگانہ نمازوں کے پابند ،خلافت کے ساتھ نہایت اخلاص ووفا کا تعلق رکھنے والے ایک نیک انسان تھے۔جماعتی پروگراموں میں باقاعدگی سے شرکت کرتے تھے۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔ آمین

ادارہ الفضل تمام مرحومین کے لواحقین سے تعزیت کرتا ہے

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 4 جون 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ