• 19 مئی, 2024

نماز جنازہ حاضر و غائب

مکرم منیر احمد جاوید۔ پرائیویٹ سیکرٹری لندن یہ اطلاع دیتے ہیں کہ حضرت خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالی نے مؤرخہ 23 مئی 2022ء بروز سومواردوپہر 12بجےاپنے دفتر سے باہر تشریف لا کر ایک نماز جنازہ حاضر اور چند نماز جنازہ غائب پڑھائے۔

نماز جنازہ حاضر

مکرم ناصر محمود خان صاحب ابن مکرم لطیف احمد خان صاحب (نیوہیم۔ یوکے)

18؍مئی 2022 کو 71 سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ آپ حضرت منشی دیانت خان صاحب ؓ (آف کانگڑا) صحابی حضرت مسیح موعودعلیہ السلام کے پوتے تھے۔ مرحوم 1994 میں پاکستان ہائی کمیشن میں تقرری کے بعد یوکے آئے اور نیوہیم میں رہائش اختیار کی اور سیکرٹری مال کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ مرحوم کو تبلیغ کا بُہت شوق تھا۔سٹالز لگانے اور دیگر تبلیغی سرگر میوں میں بھر پور حصہ لیتے تھے۔ کووڈ کے دنوں میں احباب جماعت کو گھر گھر جا کر ادویات پہنچانے کا کام بھی کرتے رہے۔ مرحوم دُعا گو، صوم وصلوۃ کے پابند، تہجد گذار، ملنسار، ہمدرد اور نیک دل انسان تھے۔ مہمان نوازی اور خدمت خلق کا بہت شوق تھا۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹی اور تین بیٹے شامل ہیں۔ آپ مکرم طاہر محمود خان صاحب) مربی سلسلہ ربوہ (کے بھائی اور مکرم ظہیر احمد خان صاحب (مربی سلسلہ شعبہ ریکاڈ دفتر پی ایس یوکے) کے بہنوئی اور چچا زاد بھائی تھے۔

نماز جنازہ غائب

-1مکرمہ امۃ الباسط صاحبہ اہلیہ مقصود علی شاہ صاحب

6؍مئی 2022 کو 60سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پا گئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ آپ ایک ریٹائرڈ گورنمنٹ ٹیچر تھیں۔ مرحومہ کی زندگی بہت تکلیفوں اور پریشانیوں میں گزری مگر بڑے صبر وہمت سے تمام حالات کا مقابلہ کرتی رہیں۔ مرحومہ صوم و صلوۃ کی پابند،دُعا گو، ہر کسی کا خیال رکھنے والی، بُہت ملنسار اور خلافت کیساتھ اخلاص و وفا کا گہرا تعلق رکھنے والی ایک نیک دل خاتون تھیں۔ روزانہ تلاوت کو اپنی زندگی کا حصہ بنایا۔ اپنے تمام چندے باقاعدگی سے بروقت ادا کیا کرتی تھیں۔ محلہ کے بچوں کو قرآن کریم بھی پڑھاتی رہیں۔ درِ ثمین کی بہت سی نظمیں یاد تھیں اور حمد و ثنا کے اشعار اکثر پڑھتی رہتی تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔آپ مکرم عابد علی صاحب مربی سلسلہ کی والدہ تھیں۔مرحومہ کے ایک بھانجے مرزا اطہر بیگ صاحب اس وقت دفتر پرائیویٹ سیکرٹری یوکے میں بطور واقف زندگی خدمت کی توفیق پا رہے ہیں۔

-2مکرم ملک محمد فہیم صاحب ابن مکرم ملک محمد مستقیم صاحب

20؍نومبر 2021 کو 81سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحوم کے دادا حضرت ڈاکٹر ابراہیم صاحب رضی اللہ عنہ، حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی تھے۔ 2006 میں آپ نے ’’سوانح محمد ﷺ‘‘ کے عنوان سے ایک کتاب تصنیف کی۔ 28؍مئی 2010 کے سانحہ میں آپ مسجد ماڈل ٹاؤن میں پہلی صف میں موجود تھےاور ایک دہشت گرد کو زندہ پکڑنے میں مدد بھی کی۔ خلافت سے والہانہ محبت تھی۔ پنجوقتہ نمازوں کے علاوہ تہجد باقاعدہ ادا کرتے اور بلاناغہ نماز فجر کے لئے سائیکل پر بیت النور آتے تھے۔ مرحوم موصی تھے۔

-3مکرم بشیر احمد صاحب ابن مکرم خوشی محمد صاحب

28؍جنوری 2022 کو 85سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحوم نے مقامی جماعت میں نائب صدر، سیکرٹری تحریک جدید، سیکرٹری رشتہ ناطہ اور قائمقام صدر کے علاوہ تنظیمی سطح پر بھی خدمت کی توفیق پائی۔ پنجوقتہ نمازوں کے پابند، تہجدگزار، دعا گو، ایک نیک اور مخلص انسان تھے۔ مرحوم اللہ کے فضل سے موصی تھے۔

مؤرخہ 25 مئی 2022ء

مکرم منیر احمد جاوید۔ پرائیویٹ سیکرٹری لندن یہ اطلاع دیتے ہیں کہ حضرت خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالی نے مؤرخہ 25 مئی 2022ء بروز بدھ دوپہر 12بجےاپنے دفتر سے باہر تشریف لا کر ایک نماز جنازہ حاضر اور چند نماز جنازہ غائب پڑھائے۔

نماز جنازہ حاضر

مکرم نصیر احمد منیر صاحب (ایپسم۔یوکے)

8؍مئی 2022 کو 81 سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ مرحوم قلعہ کالروالا میں پیدا ہوئے۔ آپ کے دادا حضرت عطاءاللہ صاحب رضی اللہ عنہ نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ہاتھ پر بیعت کی تووالدین نے گھر اور جائیداد سے بے دخل کر دیا لیکن آپ نے بہت ثابت قدمی کا ثبوت دیا۔ بعد ازاں سارے گھر والے طاعون کی وبا کا شکار ہوئےاور حضرت عطاءاللہ صاحبؓ کو جس جائیداد سے بے دخل کیا گیا تھا ان کو واپس مل گئی۔ مکرم نصیر احمد منیر صاحب مرحوم نے بی اے پاس کرنے کے بعد گر داور کا پیشہ اختیار کیا۔ احمدی ہونے کی وجہ سے آئے دن ان کو جھوٹے مقدمات اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، اس کے باوجود انہوں نے کبھی سچائی کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑا اور ایمانداری سے اپنے فرائض سرانجام دیتے رہے۔ آپ جماعت کے فعال رکن تھے اور پنجگانہ نماز وں اور چندوں کی ادائیگی میں با قاعدہ تھے۔ دو سال قبل سیالکوٹ میں احمد یہ قبرستان کے لئے اضافی زمین خریدی گئی۔ اس زمین تک جانے کیلئے راستہ نہیں تھا۔تحریک لبیک والوں کواس کا علم ہوا تو انہوں نے ہجوم اکٹھا کیا اور دھمکیاں دیں۔ اس پر مرحوم نے جن کا بطور گر داور زمینوں کے معاملات کا وسیع تجربہ تھا، بہت عقلمندی اور دلیری سے اس مسئلہ کوحل کیا۔ ایک سال قبل اپنے بیٹے کے پاس لندن شفٹ ہوئے تھے۔ مرحوم غرباء کی مدد کر نے والے اور رشتہ داروں سے حسن سلوک کرنے والے ایک نیک بزرگ انسان تھے۔ آپ نےاہلیہ کے علاوہ دو بیٹے اور ایک بیٹی سوگوار چھوڑے ہیں۔

نماز جنازہ غائب

-1مکرم محمد امین منیر صاحب ابن مکرم ڈاکٹر محمد زبیر صاحب

13؍جنوری 2022 کو 88سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحوم نے 1949 میں جلسہ سالانہ ربوہ کے موقع پر حضرت خلیفۃ المسیح الثانی ؓ کے ہاتھ پر 16 سال کی عمر میں بیعت کی سعادت حاصل کی۔ مرحوم کو تقریباً 14 سال صدر جماعت پارہ چنار کے طورپر خدمت کی توفیق ملی۔ مرحوم صوم وصلوۃ کے پابند، تہجد گزار، سادہ مزاج اور ایک شریف النفس انسان تھے۔ خلافت کے ساتھ انتہائی وفا کا تعلق تھا۔ خطبہ جمعہ سننے کا خاص اہتمام کیا کرتے تھے۔ چندوں میں باقاعدہ تھے اور اپنے تمام مرحوم رشتہ داروں کی طرف سے بھی تحریک جدید اور وقف جدید کے چندے باقاعدگی سے ادا کیا کرتے تھے۔

-2مکرمہ مقصودہ بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم بشیر احمد بلال صاحب مرحوم

6؍مئی 2022 کو بقضائے الہٰی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ آپ کے والد مکرم دین محمد صاحب نے حضرت خلیفۃ المسیح الثانی رضی اللہ عنہ کے ہاتھ پر 1942میں بیعت کی سعادت پائی۔ مرحومہ صوم وصلوۃ کی پابند، تہجد گزار، صابرہ وشاکرہ، ایک مخلص اور ہر دلعزیز نیک خاتون تھیں۔ خلافت سے گہرا عقیدت کا تعلق تھا۔ پسماندگان میں سات بیٹے اور متعدد پوتے پوتیاں شامل ہیں۔آپ کے ایک بیٹے مکرم محمد احسان بشیر صاحب (مربی سلسلہ) آجکل بھکر میں خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔ آمین

ادارہ الفضل تمام مرحومین کے لواحقین سے تعزیت کرتا ہے

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 4 جون 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ