• 4 مئی, 2024

89 واں جلسہ سالانہ گھانا، مغربی افریقہ

جماعت احمدیہ مسلم مشن گھانا کا 89 واں نیشنل جلسہ سالانہ (دو روزہ) مورخہ 27-28مئی 2022ء بروز جمعۃ المبارک و ہفتہ کو بمقام بستان احمد، اگبوگبا اشونگمنAgbogba Ashongman، اکرا گھانا میں بخیرو خوبی اختتام پذیر ہوگیا، فالحمد للہ علیٰ ذالک۔ یہ جلسہ COVID-19 کی عالمگیر وبائی مرض کی وجہ سے دو سال کےتعطل کے بعد محدود پیمانے پر، نیز سیکیورٹی ہدایات کو مدنظر رکھتے ہوئے بستان احمد اکرا میں منعقد ہوا۔ جماعت احمدیہ گھانا کی یہ قدیمی روایت ہے کہ ہر سال جلسہ کے لئے ایک تصور Theme پیش کرتی ہے اور جلسہ سالانہ کے زیادہ تر پروگرام اسی کے مطابق ہوتے ہیں۔ امسال جلسہ سالانہ کاتھیم تھا۔

Khilafat e Ahmadiyya: a Tool for Authentic Islamic Revival

یعنی ’’خلافتِ احمدیہ: مستند اسلامی احیاء کا ایک ذریعہ‘‘۔

اس جلسہ کی تیاری کے لئے افسر جلسہ سالانہ و نائب امیرثانی مکرم الحاج عبد الوہاب صاحب عیسیٰ اور ان کی ٹیم نے بھرپور محنت کی اور قلیل وقت کے عرصہ میں اعلیٰ انتظامات کئے۔ تاہم مجلس خدام الاحمدیہ گھانا اکرا ریجن نے بھی بستان احمد جلسہ گاہ میں ریجنل مرکزی مبلغ اکرا مولوی نعمت اللہ طائر صاحب کی زیر نگرانی چار اجتماعی وقار عمل کئے جن میں اوسطاً 60 خدام نے حصہ لیا تاکہ اس مقام کو جلسہ گاہ کے لئے تیار کرسکیں۔ فَجَزَاہُمُ اللّٰہُ اَحْسَنَ الْجَزَآءِ۔

امسال جماعت احمدیہ گھانا کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایسا ہوا کہ مرکزی جلسہ گاہ کے لئے دیگر مرکزی سنٹرز بھی آڈیو ویڈیو لنکس کے ذریعہ جلسہ سالانہ کا حصہ بنے۔جن میں اکرا، ٹمالے، منکسیم، اپرویسٹ وا، اورکماسی اشانٹی ریجن شامل تھے۔

27 مئی بروز جمعۃ المبارک، پہلا دن

احباب جماعت کی اس جلسہ کے لئے آمد کا سلسلہ صبح آٹھ بجے ہی شروع ہوگیا تھا۔ مکرم امیر و مبلغ انچارج الحاج مولوی نور محمد بن صالح کی آمد سے قبل حاضرین جلسہ اس جلسہ کے افتتاح کے لئے منتظر تھے۔ مکرم امیر صاحب کی آمد 9بج کر 35منٹ پر ہوئی۔ آپ نے حسبِ روایت لوائے احمدیت لہرایا جبکہ گھانا کا قومی پرچم مکرم الحاج الحسن کینسا Qansah MP ایم پی اسیکوما Odobinbrakwa گورنمنٹ آف گھانا (جو کہ احمدی وزیر ہیں) نے لہرایا۔ لواء لہرانے کے بعد حسب روایت مکرم امیر صاحب گھانا نے جلسہ کی استقبالیہ ٹیم اور مرکزی عاملہ کے ممبران کے ہمراہ جلسہ گاہ کا راؤنڈ کیا اور حاضرین جلسہ کا پرجوش استقبال کرنے پر شکریہ ادا کیا۔اس دوران جلسہ کی فضا جماعتی روایتی نعروں سے گونجتی رہی جن میں مقامی زبان کے روایتی نعرے بھی شامل تھے۔

قریباً دس بجے سورۃ النور کی آیات استخلاف کی تلاوت قرآن کریم سے اس مبارک جلسہ کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ جس کے بعد جامعہ احمدیہ انٹرینشنل گھانا کے ایک طالب علم نے سیدنا حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا اردو منظوم کلام خوش الحانی سے پیش کیا۔ پھر مقامی ترانوں کے بعد 10:20پر مکرم امیر صاحب نے افتتاحی خطا ب کیا جس میں آپ نے بتایا کہ دو سال کے توقف کے بعد الحمد للہ آج ہم پھر جلسہ سالانہ کا انعقاد کرنے میں کامیاب ہورہے ہیں۔ گزشتہ تین سالوں میں کووڈ 19 کی وبا نے ہماری زندگیوں کو بدل کر رکھ دیا ہے۔جس سے ہم سب بھی بہت متاثر ہوئے۔ امید ہے کہ 2023ء کا جلسہ سالانہ جماعت گھانا کا حسب سابق بھرپور جلسہ سالانہ ہوگا۔

مکرم امیر صاحب نے بتایا کہ اس عالمی وبا کی وجہ سے ہماری صدسالہ تقریبات بھی تعطل کا شکار ہوئیں۔ جماعت احمدیہ گھانا اب اپنے قیام کی تاریخ کی ایک صدی مکمل کرچکی ہے کیونکہ اس زمانے کے گولڈکوسٹ اور عصر حاضر کےگھانا میں احمدیت کا آغاز یکم مارچ 1921ء کو الحاج حضرت مولانا عبد الرحیم صاحب نیرؓ کی آمد سے ہوا تھا۔ اس لحاظ سے گزشتہ سال جماعت احمدیہ گھانا کی بنیاد کو سو سال پورے ہوچکے ہیں۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ عَلیٰ ذَالِکَ۔ امید ہے کہ ہمارا صدسالہ جلسہ 2024ء میں ہوگا جو ان شاء اللہ ایک عظیم الشان جلسہ ہوگا جس میں دنیا بھر سے نمائندگان شامل ہونے کی توقع ہے۔

مکرم امیر و مشنری انچارج گھانا کے خطاب کے بعد منکسم زون سے ویڈیو لنک کے ذریعہ ترانے پیش کئے گئے۔ جس کے بعد سوا گیارہ بجے مکرم مولوی نعیم محمود احمد چیمہ صاحب نے

Khilafat and its Significance in Contemporary Human Society

عصرحاضر میں انسانی معاشرے میں خلافت کی اہمیت کے موضوع پر چالیس منٹ کی تقریر کی جس میں آپ نے قرآن و حدیث، ارشادات حضرت مسیح موعود علیہ السلام و خلفائے سلسلہ احمدیہ کی روشنی میں عصر حاضر میں خلافت کی اہمیت کو اجاگر کیا اور دوران تقریر بعض روح پرورواقعات بھی سنائے جن سے حاضرین جلسہ بہت محظوظ ہوئے۔ مکرم چیمہ صاحب کی تقریر کے بعد مقامی خدام نے ترانے پیش کئے جس سے جلسہ گاہ بستان احمد کی فضا مسرور ہوگئی۔

27 مئی یوم خلافت خطبہ جمعہ حضور انور

پہلے سیشن کے بعد وضو و تیاری جمعہ کےلئے مختصر وقفہ ہوا اور آج کی تقریب کا روح رواں پروگرام یعنی حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا خطبہ جمعہ ستائیس مئی یوم خلافت کے موضوع پر براہ راست سنا اور دیکھا گیا۔ سیدنا حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ نے اپنے ساتئیس مئی کے خطبہ جمعہ میں جماعت احمدیہ گھانا کے 89ویں جلسہ سالانہ کا بھی ذکر فرمایا جس میں حضور ایدہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا:

پیغام حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ

’’آج گھانا جماعت اپنا جلسہ کر رہی ہے۔ دو روزہ جلسہ ہے 27، 28 کو اور بستان احمد میں یہ جلسہ ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے ملک بھر میں 119 سنٹرز بنائے ہیں۔ ان میں بھی پانچ بڑے اجتماعی سینٹرز ہیں اوران کا رابطہ آپس میں بھی آڈیو ویڈیو کے ذریعہ سے ہے۔ گھانا جماعت کی ابتداء فروری 1921ء میں ہوئی تھی۔مولانا عبد الرحیم نیر صاحب رضی اللہ عنہ یہاں لندن سے روانہ ہوکر گھانا پہنچے تھے۔

گزشتہ سال گھانا جماعت اپنا سوسالہ تقریبات کا پروگرام کرنا چاہتی تھی لیکن کووڈ کی وجہ سے ممکن نہیں ہوسکا اس لئے انہوں نےیہ فیصلہ کیا ہے کہ 2022ء اور 2023ء دو سال یہ پروگرام جاری رہے۔ اللہ تعالیٰ اگلا جلسہ بھی ہر لحاظ سے بابرکت کرے اوران کو اخلاص و وفا میں اسی طرح بڑھاتا چلا جائے۔ آمین۔

اس طرح گیمبیا کا بھی آج جلسہ سالانہ ہورہاہے۔ اللہ تعالیٰ اس کو بھی ہر لحاظ سے بابرکت فرمائے۔‘‘

(خطبہ جمعہ فرمودہ 27مئی 2022ء)

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کےخطبہ جمعہ کے بعد مکرم امیر صاحب نے جلسہ گاہ میں خطبہ جمعہ دیا اور نماز جمعہ و عصر جمع کرکے ادا کی گئیں۔ جس کے بعد حاضرین جلسہ کو کھانا پیش کیا گیا۔الحمد للہ کہ اس طرح اس جلسہ سالانہ کا پہلادن کا پروگرام اختتام پذیر ہوا۔

28مئی بروز ہفتہ جلسہ سالانہ کا دوسرا روز

جلسہ کے دوسرے دن گزشتہ روز کی طرح صبح آٹھ بجے سے ہی احباب جماعت جلسہ گاہ میں پہنچنا شروع ہوگئےتھے۔ مکرم امیر صاحب گھانا قریباً 9:40 پرجلسہ گاہ پہنچے اور حسب سابق جلسہ گاہ کا راؤنڈ کیا اور حاضرین جلسہ کے پُرتپاک استقبال کا ہاتھ لہرا کرشکریہ ادا کیا۔یہ نظارے قابل دید تھے جب جلسہ کی فضا فلک شگاف نعرہ ہائے تکبیر اور دیگر جماعتی نعروں سے گونج رہی تھی۔۔جلسہ کے پروگراموں کا باقاعدہ آغاز سوا دس بجے تلاوت قرآن کریم سے ہوا جو مکرم حافظ عثمان ییبوا، Koranteng طالب علم جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل نے کی۔ اس کے بعد سیدنا حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا عربی قصیدہ مکرم حافظ ابراہیم حنیف Balimbobgu لیکچرار جامعہ انٹرنیشنل نے ترنم سے پیش کیا۔

آج کے جلسہ کی پہلی تقریر مولوی محمد اوپوکو Opoku زونل مبلغ کاسوا Kasoa نے کی جس کا موضوع Quranic Teachings on Islamic Etiquette یعنی اسلامی آداب و اخلاق اور قرآنی تعلیمات۔ مکرم مولوی صاحب نے قرآنی آیات، احادیث نبویہ ﷺ نیز کتب حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے اقتباسات سے مزین بہت معلوماتی تقریر کی۔ دوران تقریر حسب روایت نعروں سے جلسہ گاہ معطر رہی۔ پھر اشانٹی ریجن کے خدام نے کماسی، اشانٹی ریجن سے براہ راست مقامی زبان میں دینی ترانے پیش کئے۔

(دائیں سے بائیں، مسٹر عباس ولسن جنرل سیکرٹری جماعت احمدیہ گھانا، مکرم الحاج نور محمد بن صالح امیر و مشنری انچارج گھانا، مکرم عبد الوہاب عیسیٰ، نائب امیر ثانی و افسر جلسہ سالانہ، عقب میں چشمہ والے مکرم ناصر احمد بونسو صدر ملک مجلس خدام الاحمدیہ گھانا)

آج کی دوسری تقریر مکرم مولوی علیم محمد صاحب مبلغ سلسلہ، (متعین دفتر احمدیہ مسلم مشن ہیڈکوارٹرز اکرا) نے کی جس کا موضوع:

Allah’s Support for His Righteous Servants: The Examples of the Promised Messiah and his Companions

تھا یعنی خدا تعالیٰ کی اپنے نیک بندوں کی تائیدو نصرت کے واقعات: حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور آپکے صحابہ ؓ کی مثالیں۔ نصف گھنٹہ کی یہ پرتاثیرتقریر بارہ بجے دن کو مکمل ہوئی جس میں مکرم مولوی صاحب موصوف نے جلسہ گاہ کو سیدنا حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی حیات طیبہ سے تائید الٰہی کے روح پرور واقعات اور صحابہ کرام حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی زندگیوں کے قبولیت دعا اور نصرت الہٰی کی مثالوں سے مسحور کردیا۔ آپ کی تقریر کے دوران احباب جماعت نے جوشیلے نعروں سے مکرم مولوی صاحب کو خوب داد دی۔اس تقریر کے بعد اپر ویسٹ کے خدام نے واWa سےویڈیو لنک کے ذریعے Twi چوئی زبان میں نغمات احمدیت پیش کئے۔

مولوی علیم محمود صاحب کے بعد اگلی تقریر ’’نظام جماعت کی ضرورت اور مطابقت‘‘ مکرم عبدالنور وہاب صاحب، (ابن مولانا عبدالوہاب آدم، سابق امیر و مشنری انچارج گھانا) زونل صدر، کوفوریڈوا نے کی۔ جس میں نظام جماعت اور ذیلی تنظیموں کا تعارف اور اس کی پیروری کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ آپ کی تقریر کے بعد اپر وسیٹ ریجن کے خدام نے مقامی نغمات پیش کئے۔

وقف نو گھانا

بعدہ ’’وقف نو کی سکیم‘‘ کے موضوع پر کوآرڈینیٹر وقف نو گھانا حافظ مولوی محمد ثانی فارغ التحصیل جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا نے تقریر کی۔ جس میں آپ نے وقفِ نو کی مختصر تاریخ اور خلفائے سلسلہ کے ارشادات کی روشنی میں اس کا تعارف پیش کیا اس سکیم کا اجراء سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الرابعؒ نے اپریل 1987ء میں فرمایا تھا۔ اپنی تقریر میں مکرم مولوی صاحب نے گھانا میں وقف نو کی ابتدائی تاریخ اور اسکی موجودہ صورت حال کا جائزہ پیش کیا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے شعبہ وقف نوگھانا کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق 1436 واقفین نو اس تحریک میں شامل ہوچکے ہیں۔ اس تعارفی تقریر کے بعد والدین سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ اپنے عزیز بچوں کو اس بابرکت وقف نو سکیم میں پہلے سے بڑھ چڑھ کر پیش کریں گے۔آج جلسہ کے دوسرے دن کی یہ آخری تقریر تھی۔

وقف نو کی اس تقریر کے بعد مکرم امیر و مشنری انچارج نے اپنے اختتامی خطاب سے حاضرین جلسہ کو نوازا۔ اپنے خطاب کے آغاز میں گھانا کی سیکیورٹی اداروں اور پولیس ڈیپارٹمنٹ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس جلسہ کےلئے سیکیورٹی فراہم۔ نیز افسر جلسہ سالانہ اور ان کی جملہ ٹیم کو احسن انتظامات کرنے پر مبارک باد پیش کی۔ علاوہ ازیں مجلس خدام الاحمدیہ گھانا، سوشل میڈیا کی جماعتی ٹیم اور MTA افریقہ کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس جلسہ کو لائیو کورج کیا۔

یہ جلسہ فیس بک، ٹویٹر اور یوٹیوب کے ذریعہ بھی لائیو پیش کیا گیا۔ اس جلسہ کو ایم ٹی اے افریقہ کے علاوہ دو مقامی ٹی وی چینل Gaskia TV اور ITV نے بھی کوریج دی۔ Gaskia ٹی وی اور Insania ٹی وی کے مالکان دونوں بفضلہ تعالیٰ احمدی ہیں۔

مکرم امیر و مشنری انچارج گھانا نے اپنے خطاب میں حاضرین جلسہ، مہمانان کرام اور جلسہ میں شامل ہونے والے مختلف ممالک کے مندوبین کا دوبارہ شکریہ ادا کیا۔آپ نے اپنے خطاب میں ابتدائی مبلغین انچارج کی قربانیوں کا مختصر ذکربھی کیا نیز جماعت احمدیہ گھانا کی مختصر تاریخ بھی بیان کی کس طرح اور کون کون یہاں ابتدائی مبلغین انچارج تھے اور بتایا کہ دراصل انہیں بزرگان کی قربانیوں کا پھل ہے جو آج ہم یہاں کھارہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہمارے ابتدائی تین مبلغین حضرت مسیح موعودؑ کے صحابہؓ میں شامل تھے اور بعد کے مبلغین کرام بھی دراصل صحابہ کرامؓ کا رنگ لئے ہوئے یہاں تبلیغ اسلام کی خدمات بجالاتے رہے،اب وہ ہم نہیں رہے۔ اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائے۔ ان ابتدائی مبلغین و مشنری انچارج صاحبان کے اسماءحسب ذیل ہیں:

الحاج حضرت مولانا عبد الرحیم نیرؓ۔ الحاج مولانا حکیم فضل الرحمن خانؓ۔ الحاج حضرت مولانا نذیر احمد علی۔

الحاج مولانا نذیر احمد صاحب مبشرؒ۔ مکرم مولانا بشارت احمد نسیم امروہی۔ مکرم مولانا بشارت احمدبشیر۔

الحاج مولانا عطاء اللہ کلیم۔ مولانا ڈاکٹر عبد الوہاب بن آدم مرحوم۔

یاد رہے ان انچارج مبلغین کرام کے علاوہ 1921ء تاحال 130 سے زائدمرکزی مبلغین کرام بھی یہاں گھانا میں خدمات سرانجام دیتے رہے اور اب بھی خدمات کی توفیق پا رہے ہیں۔ ان میں گزشتہ پانچ سالوں کے جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا سے 90 سے زائد فارغ التحصیل مذکورہ بالا کے علاوہ ہیں۔

اپنے خطاب میں مکرم امیر صاحب گھانا نے ان شخصیات کا بھی ذکر کیا جنہوں نے اس جلسہ کےلئے اپنے پیغامات ارسال کئے۔ پاکستان اور انگلستان سے بھی احباب جماعت نے جلسہ کےلئے پیغام بھجوائے۔ (جن کا اختتامی خطاب میں ذکر کیا گیا۔ اس جلسہ میں کیلی فورنیا امریکہ،انگلستان، پاکستان اور گیمبیا کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔

حاضرین جلسہ

یہ جلسہ پانچ مرکزی مقامات جلسہ جن میں سینٹرل اکرا، منکسیم سنٹرل ریجن،اپر ویسٹ وا، اور کماسی اشانٹی ریجنز شامل تھے، منعقد ہوا اور ہر مرکز سے ہزاروں کی تعداد میں حاضرین جلسہ براہ راست مرکزی جلسہ میں آڈیوویڈیو لنک کے ذریعہ شامل ہوئے۔ ان مقامات کے علاوہ سینٹرل ریجن میں جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل، جامعة المبشرین، ابورا زون، کیپ کوسٹ زون،ایڈوکروم، چیفو پراسو، اور سینٹرل ریجن کی کی چھوٹی بڑی جماعتوں میں جلسہ میں سینکڑوں کی تعداد میں احباب جماعت شامل ہوئے۔ سنیانی زون سے 1293 احباب جلسہ سالانہ میں شامل ہوئے۔ جنہوں نے اپنے مراکز میں براہ راست جلسہ دیکھا۔

ملک بھر کے 29 زونز سے 190 سے زائد میں جلسہ سالانہ کے سنٹرز بنائے گئے جہاں تمام ذیلی تنظیموں کے حاضرین جلسہ میں براہ راست شامل ہوئے۔ اور جلسہ کے دونوں ایام جلسہ کے پروگراموں سے اپنی دینی اور روحانی پیاس بجھانےکے اہتمام کئے۔

مندرجہ بالا مقامات کے علاوہ اس جلسہ کے جو بڑے بڑے اجتماعات ہوئے ان میں والے والے Wale wale، بولگا ٹاگا،ٹیما، ٹمالے،ٹاکوراڈی، اٹکوا، آسن اور اسیام کی جماعتیں بھی شامل تھیں۔ مجموعی طور پر جلسہ کی حاضری کئی ہزاروں میں رہی۔ بستان احمد اگبوگبا،Agbogba اکرا Accra مین جلسہ گاہ کی حاضری کچھ یوں رہی۔

انصار اللہ:918 خدام الاحمدیہ:560

لجنہ اماء اللہ:828 ناصرات الاحمدیہ: 368

اطفال الاحمدیہ و بچگان:294+22 دیگر حاضرین جلسہ:60

عطیہ خون

جماعت احمدیہ گھانا گزشتہ کئی سالوں سے بالخصوص جلسہ سالانہ کے موقع پر بلڈ ڈونیشن مہم چلاتی ہے جس میں سینکڑوں کی تعداد میں خون کی بوتلیں کی جاتی ہیں۔جنوری 2020ء کے جلسہ میں یہ تعداد 1700زائد رہی۔ تاہم امسال کووڈ 19کی عالمگیر وبا کے بعد چونکہ محدود پیمانے پر جلسہ کا انعقاد ہوا تھا اس لئے عطیۂ خون کی کل تعداد مرکزی سنٹر اور دوسرے مقامات کو ملاکر76رہی۔ اس جلسہ میں ریویو آف ریلیجنز اور ہیومینٹی فسٹ نے بھی اپنے اسٹال لگائے۔

اختتام جلسہ

اللہ تعالیٰ کے فضل و احسان نے 27۔ 28 مئی 2022ء میں جماعت احمدیہ گھانا کا دو روزہ جلسہ سالانہ مکرم امیر و مشنری انچارج گھانا کے اختتامی خطاب اور اختتامی دعا سے سہ پہر دو بجکر تیس منٹ پر اختتام پذیر ہوا۔ جس کے نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں اور آخر میں حاضرین جلسہ کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ فَالْحَمْدُ لِلّٰہِ عَلیٰ ذَالِکَ۔

(رپورٹ: احمد طاہر مرزا۔ نمائندہ روزنامہ الفضل آن لائن، لندن)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 4 جون 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ