• 24 اپریل, 2024

حمدِ باری تعالیٰ

الٰہی بشر سے بشر دُو بدو ہے
نہ جانے وہ کیوں اس قدر جنگجو ہے

نگہ تو ہی کر ہم پہ رحم و کرم کی
کہ بندوں پہ رحم و کرم تیری خو ہے

نہیں کوئی معبود تجھ بن جہاں میں
شہنشاہِ ارض و سماوات تُو ہے

ہر اِک شے میں رخشندہ ہے تیرا پر تو
تجھی سے یہ بزم جہاں مشکبو ہے

ودیعت ہوا ہے جنہیں عشق تیرا
شب و روز ان کو تری جستجو ہے

ہیں پھر ابتلاؤں کے دن اہل حق پر
سپر بے بسوں بے نواؤں کی تو ہے

تیرے اَن گنت جلوے دیکھے ہیں ہم نے
عیاں تیری جبروت بھی کو بکو ہے

دل و جان محوِ شکیب و دعا ہیں
لبوں پر تیرا قولِ لَا تَقْنَطُوْا ہے

طلب ہے تیری خاص رحمت کی اب پھر
اسی جستجو میں نگہ چار سو ہے

(مولانا محمد صدیق صاحب امرتسری، مطبوعہ الفضل 14 مئی 1984)

پچھلا پڑھیں

Covid-19 عالمی اپڈیٹ 5 جولائی 2020ء

اگلا پڑھیں

Covid-19 عالمی اپڈیٹ 6 جولائی 2020ء