• 19 مئی, 2024

نماز جنازہ حاضر و غائب

مکرم منیر احمد جاوید پرائیویٹ سیکرٹری یہ اطلاع بھجواتے ہیں کہ حضرت امیر المؤمنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالی نے مؤرخہ 23؍جون 2022ء بروز جمعرات اپنے دفتر سے باہر تشریف لا کر 12بجے دوپہر کو ایک نمازجنازہ حاضر اور درج ذیل چند نماز جنازہ پڑھائے۔

نماز جنازہ حاضر

مکرمہ جمیلہ قمر اختر صاحبہ اہلیہ مکرم غلام حسین اختر صاحب مرحوم (والتھم فارسٹ۔یوکے)

22؍جون 2022ء کو 84سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحومہ گزشتہ 60سال سے والتھم فارسٹ میں مقیم تھیں او رجماعت کے اولین ممبران میں سے تھیں۔ آپ نے مقامی سطح پر صدر لجنہ کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔مرحومہ نے اپنے خاندان اور عزیز رشتہ داروں کے بچوں کے علاوہ جماعت کے بہت سے بچوں کو قرآن کریم پڑھایا۔ ایک لمبا عرصہ جماعت کے ممبران کو اپنے خرچ پر ہومیو پیتھک دوائیاں دینے کی بھی توفیق پائی۔ آپ اپنے بچوں کو ہمیشہ خلافت کے ساتھ وابستہ رہنے کی تلقین کرتی تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔پسماندگان میں3بیٹے اور 4بیٹیاں شامل ہیں۔

نماز جناز ہ غائب

-1 مکرم مزمل حسین احمد صاحب (معلم سلسلہ) ابن مکرم مفضل حسین صاحب (اٹارسی صوبہ مدھیہ پردیش۔ انڈیا)

6؍مئی 2022ء کو بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحوم نے 2002ء میں جامعۃ المبشرین قادیان میں داخلہ لیا اور 2005میں تعلیم مکمل کرنے کے بعد آپ کا تقرر صوبہ گجرات میں ہوا جہاں دس سال خدمت کی توفیق پائی۔ پھر 2015 میں ایک سال صوبہ مدھیہ پردیش میں خدمت بجالانے کے بعد گزشتہ چھ سال سے صوبہ جھا ڑ کھنڈ کی مختلف جماعتوں میں خدمت بجا لارہے تھے۔ بوقت وفات جماعت سملیہ ضلع رانچی میں متعین تھے۔ آپ کی جہاں بھی ڈیوٹی لگی بڑی محنت اور لگن سے کام کرتے رہے۔ مقامی احباب جماعت ان کے اخلاق کے گرویدہ تھے۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹا بعمر 7 سال، ایک بھائی اور دو بہنیں شامل ہیں۔

-2 مکرم ایم ابراہیم کُٹی صاحب (ماتھرا ضلع کولم صوبہ کیرلہ۔ انڈیا)

آپ 70سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ آپ نے 1988میں بیعت کی سعادت پائی۔آپ کا خاندان کٹر سنی ہے۔ اس لئے آخری وقت تک انہیں شدید مخالفت کا سامنا رہامگر عہد بیعت پر بڑی مضبوطی سے قائم رہے۔ مرحوم صوم وصلوۃ کے پابند، قرآن کریم کی تلاوت بڑے شوق سے کرنے والے، ایک مخلص اور باوفا انسان تھے۔ جماعت سے گہرا تعلق تھا۔ جماعتی پروگراموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے۔چندہ کی بروقت ادائیگی کرتے تھے۔ مرحوم نے مقامی سطح پر لمبا عرصہ صدر جماعت کے علاوہ دیگر عہدوں پر بھی خدمت کی توفیق پائی۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹے اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔آپ کے ایک بیٹے انصار احمد صاحب مربی سلسلہ ہیں۔

-3 مکرم نور احمد صاحب (جکور صوبہ کرناٹک۔انڈیا)

21؍اپریل 2022ء کو بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ آپ کو 1966 میں بیعت کی سعادت ملی۔ مرحوم صوم وصلوۃ کی پابند، تہجد گزار، دعا گو، متوکل علی اللہ، سادہ مزاج اور اعلیٰ اخلاق کے حامل نیک انسان تھے۔ خلافت سے والہانہ محبت تھی۔ چندوں میں باقاعدہ تھے۔ مرحوم جماعت جکو رکے 12 سال صدر رہے اور جس وقت یہ یہاں آباد ہوئے وہاں کوئی احمدی نہ تھا اور اب وہاں 100کی تجنید ہے۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹے اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔

-4 مکرم دولت حسین صاحب (رائے گرام ضلع مرشد آباد۔ بنگال۔انڈیا)

13؍نومبر 2021ء کو 80سال کی عمر میں وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحوم نے 1967میں بیعت کی اور وفات تک عہد بیعت پراستقامت کے ساتھ قائم رہے۔ جماعتی پروگراموں میں باقاعدگی سے شرکت کرتے تھے۔ چندوں کی ادائیگی میں باقاعدہ تھے۔ بدررسومات کے سخت خلاف تھے۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں چھ بیٹے اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔ آپ کے تین بیٹے واقف زندگی ہیں اور دو داماد معلمین سلسلہ ہیں۔

-5 مکرمہ ممتاز بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم چوہدری عطاء اللہ بھلی صاحب (سابق صدر جماعت نوشہرہ ورکاں ضلع گوجرانوالہ و سابق صدر جماعت نصیر آباد۔ربوہ)

19؍مئی 2022ء کو 76سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحومہ صوم وصلوۃ کی پابند، غریب پرور، امانتدار، باخلاق، باکردار، ایک نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ بلا تفریق ہر رشتہ کے تقدس کا خیال رکھتی تھیں۔اپنی زندگی میں بہت سے گھرانوں کے عائلی مسائل کو بھی احسن طریق سے حل کروایا۔مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں میاں کے علاوہ چار بچے شامل ہیں۔ آپ مکرم طاہر محمود چوہدری صاحب (امیر ومشنری انچارج تنزانیہ) کی ہمشیرہ تھیں۔ آپ کے ایک نواسے مکرم شعیب اسماعیل صاحب مربی سلسلہ آجکل نظارت اصلاح وارشاد ربوہ میں خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔

-6 مکرم سیٹھ عبد السمیع بھٹی صاحب ابن مکرم فیض احمد بھٹی صاحب (کنری سندھ)

31؍مئی 2022ء کو 92سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ ا ٓپ کے خاندان میں احمدیت کا نفوذ آپ کے والد مکرم فیض احمد بھٹی صاحب کے نانا مکرم قا ضی ضیاء الدین بھٹی صاحب کے ذریعہ ہوا۔مرحوم کے والد کے دو ماموں حضرت قاضی عبد اللہ بھٹی صاحب اور حضرت قاضی عبد الرحیم بھٹی صاحب حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابہ میں سے تھے۔ آپ کے والد مکرم فیض احمد بھٹی صاحب روزنامہ الفضل قادیان کے کاتب تھے۔ مرحوم 1947 میں ہجرت کرکے کنری آئے اور نصف صدی سے زائد عرصہ تک مختلف جماعتی عہدوں کے علاوہ امیر جماعت کنری کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ خلافت کے ساتھ بے پناہ محبت تھی۔ نماز باجماعت اور تلاوت قرآن کریم کے پابند، تہجدگزار، خوش اخلاق، ملنسار، بہت ہمدر د اور مخلص انسان تھے، ہر مالی تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے۔ مستحقین کی خاموشی سے مدد کرتے تھے۔ پسماندگان میں تین بیٹے اور متعدد پوتے پوتیاں شامل ہیں۔

-7 مکرمہ رضیہ بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم محمد شفیع اللہ صاحب مرحوم (سابق امیر جماعت بنگلور۔انڈیا)

29 ؍جنوری 2022ء کو 88سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحومہ صوم وصلوۃ کی پابند اور جماعت کے ساتھ وفا کا تعلق رکھنے والی مخلص خاتون تھیں۔ مرحومہ کو صدر لجنہ اماء اللہ بنگلور کے علاوہ مختلف تنظیمی عہدوں پر خدمت کی توفیق ملی۔ چندہ جات میں باقاعدہ تھیں۔تمام تحریکات اور مالی قربانی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والی تھیں۔ بنگلور میں تعمیر مسجد کے دوران نمایاں مالی قربانی پیش کی۔ تبلیغ کا بہت شوق تھا۔ خاص کر ہندو عورتوں کو جماعت کا پیغام پہنچانے میں کافی دلچسپی رکھتی تھیں۔پسماندگان میں ایک بیٹااور دو بیٹیاں شامل ہیں۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔ آمین

(ادارہ الفضل آن لائن جملہ مرحومین کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتا ہے)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 5 جولائی 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ