• 19 مئی, 2024

نماز جنازہ حاضر و غائب

مکرم منیر احمد جاوید پرائیویٹ سیکرٹری یہ اطلاع دیتے ہیں کہ حضرت امیر المؤمنین خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالی نے مؤرخہ 20؍اگست 2022ء بروز ہفتہ 12بجے دوپہر اپنے دفتر سے باہر تشریف لا کر ایک نماز جنازہ اور چند نماز جنازہ غائب پڑھائے۔

نماز جنازہ حاضر

مکرمہ صالحہ صفی محمود صاحبہ اہلیہ مکرم خلیفہ صفی محمود صاحب مرحوم (یوکے)

18؍اگست 2022ء کو 80 سال کی عُمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحومہ حضرت مولوی محمد اسماعیل صاحب رضی اللہ عنہ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی پوتی اورمکرم مولوی عبد الکریم صاحب (سابق مبلغ سیرالیون) کی بیٹی تھیں۔ آپ قادیان میں پیدا ہوئیں اور بیس سال کی عمر میں والدین کے ساتھ برطانیہ آئیں۔ یہاں آنے کے بعد انہوں نے لائبریری سائنس میں تعلیم حاصل کی اور انیس سال تک South Thames کالج میں ٹیچر رہیں۔ آپ کو حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ کے زیر سایہ لمباعرصہ خدمت کی توفیق ملی اورحضوررحمہ اللہ نے جو کتب تصنیف فرمائیں ان میں حوالہ جات کی تلاش کا کام بخوبی سرانجام دیتی رہیں۔ آپ نے امۃ الحئی لائبریری کو ترتیب دینے کی بھی توفیق پائی۔آپ کو چونکہ ریسرچ کا شوق تھا اس لئے اپنی فیملی کے بعض افراد کی سیرت وسوانح پر آپ نے متعدد کتب بھی تصنیف کیں۔ لجنہ اماء اللہ میں بطور ریجنل صدرلندن ریجن کے علاوہ سیکرٹری اشاعت کے طور پر خدمت بجالاتی رہیں۔ جہاں بھی رہیں وہاں بچوں اور مستورات کو قرآن کریم ناظرہ اور باترجمہ بھی پڑھاتی رہیں۔ مرحومہ صوم وصلوۃ کی پابند، بہت دیندار، ملنسار، مہمان نواز اور خلافت کے ساتھ عقیدت کا گہرا تعلق رکھنے والی ایک نیک خاتون تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں تین بیٹیاں اور کثیر تعداد میں نواسے نواسیاں شامل ہیں۔

نماز جنازہ غائب

-1 مکرمہ خدیجہ بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم عبد المنان قریشی صاحب مرحوم (کینیڈا)

15؍اپریل 2022ء کو 88سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ آپ ڈاکٹر حبیب اللہ خان صاحب کی بیٹی تھیں۔ جنہوں نے 1923ء میں احمدیت قبول کی اور مشرقی افریقہ میں خدمت کی توفیق پائی۔ آپ جماعت کینیڈا کے ابتدائی ممبران میں سے تھیں۔ مانٹریال میں آپ کا گھر جماعت کا سب سے پہلا نماز سنٹر تھا۔آپ نے لمبا عرصہ بطور صدر لجنہ مانٹریال خدمت کی توفیق پائی۔ مرحومہ بہت خاموش طبع، خوش مزاج، خوش اخلاق، مہمان نواز، ایک نیک اور مخلص خاتون تھیں۔آپ تحریک جدید کے دفتر اول کے پانچ ہزاری مجاہدین میں شامل تھیں اور اللہ کے فضل سے موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں چار بیٹے اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔ آپ مکرم پروفیسر محمد شریف خان صاحب (واقف زندگی۔پروفیسر ٹی آئی کالج ربوہ) کی بہن اور مکرم فرحان احمد حمزہ قریشی صاحب (مربی سلسلہ واستاد جامعہ احمدیہ کینیڈا) کی دادی تھیں۔

-2 مکرمہ بشریٰ ثریا صاحبہ اہلیہ مکرم دین محمد صاحب شاہد مرحوم۔ سابق مربی سلسلہ (کینیڈا)

2؍جون 2022ء کو 83سال کی عمر میں وفات پا گئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحومہ حضرت قاری غلام یسین صاحب رضی اللہ عنہ صحابی حضرت مسیحِ موعود علیہ السلام کی پوتی تھیں۔ آپ نے ابتدائی تعلیم قادیان سے اورمیٹرک نصرت جہاں گرلز سکول ربوہ سے کیا۔ آپ کا خاندان ربوہ کے ابتدائی مکینوں میں سے تھا۔مرحومہ اپنے واقفِ زندگی شوہر کے ساتھ ہمیشہ قدم سے قدم ملا کے چلیں اور ہر قسم کی پریشانی اور تنگی میں ہمیشہ بہت صبر وشکر کے ساتھ گزارا کیا اور بچوں کو بھی ہر وقت شکر کرنے کی تلقین کرتی تھیں۔ آپ کو خلافت سے بے پناہ محبت تھی۔ آپ نے نہایت سادہ زندگی بسر کی۔ مرحومہ بےحد مہمان نواز بھی تھیں۔ تمام چندوں کی بروقت ادائیگی کرتی تھیں۔ مرحومہ کو دو سال راولپنڈی میں حلقہ کی صدر لجنہ کے طور پہ خدمت کا موقع بھی ملا۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔

-3 مکرمہ تسنیم ندیم صاحبہ اہلیہ مکرم ندیم کرتھاک کانتیاکام (Krithakkanteakam) صاحب ڈرھم جماعت۔ کینیڈا

23؍جون 2022ء کوبقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحومہ کا تعلق کیرالہ انڈیا سے تھا۔ مرحومہ صوم و صلوٰۃ کی پابند، قرآن کریم سے گہرا لگاؤ رکھنے والی ایک مخلص خاتون تھیں۔ خلافت سے بے انتہا محبت رکھتی تھیں۔ قصیدے کے چند اشعار یاد کئے ہوئے تھے جنہیں اکثر دہرایا کرتی تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔

-4 مکرمہ رشیدہ بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم مرزا بشیر احمد صاحب مرحوم (ربوہ)

6؍جون 2022ء کو 82 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحومہ صوم وصلوۃ کی پابند، بہت مہمان نواز، ایک نیک، مخلص اور فدائی خاتون تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں سات بیٹے اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔

-5 مکرمہ امۃ العزیز قدسیہ صاحبہ (بیلجئیم)

جون 2022ء میں بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحومہ حضرت مولوی قدرت اللہ سنوری صاحب رضی اللہ عنہ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی نواسی تھیں۔ آپ کا بچپن خاندان حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی قربت میں گزرا۔ جسے یاد کرکے بہت خوش ہوا کرتی تھیں۔ باقاعدگی سے خطبہ سنتیں اور ایم ٹی اے کے پروگرام دیکھتی تھیں۔ پنجوقتہ نمازوں اور تلاوت قرآن کریم کی پابند، تہجد گزار، دعا گو، نرم مزاج، خلافت سے سچی محبت رکھنے والی، ایک ہمدرد اور مخلص خاتون تھیں۔ 1974ء میں دو مرتبہ مخالفین نے شوہر کی غیر موجودگی میں آپ کے گھر پر حملہ کیا جس کا آپ نے بڑی دلیری سے مقابلہ کیا۔ 1998ء میں ہجرت کرکے اپنے بچوں کے ساتھ بیلجئیم آگئی تھیں۔ پسماندگان میں دو بیٹے اور پانچ بیٹیاں شامل ہیں۔

-6 مکرمہ نعیم اختر صاحبہ (جرمنی)

11؍ جون 2022ء کو بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحومہ2016 میں پاکستان سے ہجرت کرکے جرمنی آئی تھیں۔ صوم وصلوۃ کی پابند اور چندوں میں بہت باقاعدہ تھیں۔ بڑی مہمان نواز، ہر دلعزیز اور باخلاق خاتون تھیں۔ پسماندگان میں ایک بیٹا اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔ آپ مکرم منصور احمد ناصر صاحب (واقف زندگی۔لائبیریا) کی نسبتی بہن تھیں۔

-7 مکرم امتیاز احمد صاحب ججہ (کینیڈا)

15؍جون 2022ء کو بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحوم ایک نیک مخلص اور باوفا انسان تھے۔ آپ مکرم چوہدری نعمت اللہ صاحب مرحوم سابق ناظم جائیداد ربوہ کے داماد تھے۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔ آمین

ادارہ الفضل کی طرف سے مرحومین کے تمام لواحقین تعزیت قبول کریں۔

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 5 ستمبر 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ