گھر سے نماز کے لئے نکلنے کی دُعا
حضرت ابو سعید خدریؓ بیان کرتے ہیں کہ مَیں نے رسول کریم ﷺ کو فرماتے سُنا کہ جو شخص گھر سے نماز کے لئےنکلتے وقت یہ دُعا پڑھے اللہ تعالیٰ اس کے لئے ستّر ہزار فرشتے مقرر فرماتا ہے جو اس کے لئے استغفار کرتے ہیں اور اللہ تعالیٰ خود اس شخص کی طرف نماز کے وقت اپنی خاص توجہ رکھتا ہے۔
اَللّٰھُمَّ اِنِّی اَسْاَلُکَ بِحَقِّ السَّائِلِیْنَ عَلَیْکَ وَبِحَقِّ مَمشَایَ ھٰذَا فَاِنِّی لَمْ اَخرُج اَشَرًا وَلَا بَطَرًا وَلَا رِیَاءً وَلَا سُمعَۃً خَرَجتُ ھَربًا وَفِرَارًا مِن ذُنُوبِی اِلَیکَ خَرَجتُ اِتِّقَاءَ سُخطِکَ،وَابتِغَآءَ مَرضَاتِکَ فَاَساَلُکَ اَن تُعِیذَنِی مِنَ النَّارِ وَاَن تَغفِرَلِی ذُنُوبِی
(ابن ماجہ کتاب المساجد )
ترجمہ:اے اللہ! مَیں تجھ سے سوال کرنے والوں کے حق کا واسطہ دے کر اور(نمازکے لئے) اپنے اس پا پیادہ جانے کے حق کا واسطہ دے کر سوال کرتا ہوں میَں کسی غروراورفخریا ریااور شہرت کی خاطر نہیں نکلا بلکہ میَں اپنے گناہوں سے بھاگتے اور دَوڑتے ہوئے تیری طرف آیا ہوں۔ تیری ناراضگی سے بچنے اور تیری رضامندی کے حصول کی خاطر نکلا ہوں۔میرا سوال تیرے دربار میں یہ ہے کہ مجھے آگ سے پناہ دے اور میرے گناہ بخش دے۔
(مناجات رسولؐ از خزینۃ الدعا مرتبہ علامہ ایچ ایم طارق ایڈیشن2014ء صفحہ56-57)
(مرسلہ:عائشہ چوہدری۔ جرمنی)