• 22 اپریل, 2024

نیشنل اجتماع مجلس انصار اللہ گیمبیا 2022ء

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصار اللہ گیمبیا کو اپنا نیشنل اجتماع منعقد کرنے کی توفیق ملی۔اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ عَلیٰ ذَالِکَ

یہ سہ روزہ اجتماع مؤرخہ 16؍دسمبر 2022ء تا 18؍دسمبر 2022ء جمعہ تا اتوار ملک کے کیپیٹل بانجل کومبو میں جماعت کی جامع مسجد بیت السلام میں منعقد ہوا۔

اجتماع کی تیاری کے سلسلہ میں محترم صدر صاحب انصار اللہ اور ان کی مختلف ٹیموں نے اجتماع سے قبل ملک کی مختلف مجالس کا دورہ کیا اور انصار کے اجتماع میں شمولیت کی اہمیت پر اجلاسات کئے۔ اجتماع پر آنے کے لئے ریجنز سے آمد کا سلسلہ ایک دن قبل یعنی جمعرات کو ہی شروع ہو گیا تھا۔

اجتماع میں تینوں دن باجماعت نماز تہجد ادا کی گئی۔ نماز فجر و مغرب کے بعد درس قرآن و حدیث کا انتظام تھا۔ اس کے علاوہ مختلف مقررین نے تربیتی عناوین پر تقاریر کیں۔ جن میں خلافت کے ساتھ مضبوط تعلق کی اہمیت اور اس کا طریق، تربیت اولاد، انصار کی ذمہ داریاں اور مالی قربانی جیسے اہم موضوعات شامل تھے۔

جمعۃ المبارک کو صبح نماز تہجد سے اجتماع کا آغاز ہوا۔ جبکہ رسمی افتتاحی تقریب دن کے وقت ہوئی۔ جس میں محترم صدر صاحب انصار اللہ نے صدارت کی اور افتتاحی دعا کروائی۔ اس کے بعد پروگرام کے مطابق تقاریر کا سلسلہ شروع ہوا۔جو کہ پیارے حضور انور کے خطبہ جمعہ تک جاری رہا۔

پھر پیارے حضور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ تمام حاضرین نے بیت السلام میں سنا۔ اس کے بعد نماز جمعہ کی ادائیگی اور ظہرانہ کے بعد تقاریر کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوا۔

مغرب و عشاء کے بعد مجلس سوال و جواب ہوئی۔ جس میں جماعت کے مبلغ نے انصار کے مختلف سوالات کے جوابات دیے۔

جسمانی صحت کی اہمیت اجاگر کرنے کے لئے انصار میں بعض ورزشی مقابلہ جات بھی کروائے گئے۔ جن میں تیز پیدل چلنا، میوزیکل چیئر اور پش اپس (ڈنٹ لگانا) شامل تھے۔ ان مقابلہ جات سے تمام حاضرین بہت محظوظ ہوئے۔

اتوار کی صبح کو اجتماع کی اختتامی تقریب ہوئی جس کے مہمان خصوصی مکرم امیر صاحب گیمبیا تھے۔ تلاوت کے بعد انہوں نے اپنے خطاب میں انصار کو نصائح کیں اور اپنی اولادوں کو احمدیت سے وابستہ کرنے کی تلقین کی۔ خطاب کے بعد امیر صاحب نے دعا کروائی۔ دعا کے بعد تمام انصار کا مکرم امیر صاحب کے ساتھ گروپ فوٹو ہوا۔

اس اجتماع کو ایم۔ٹی۔اے گیمبیا نے کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کیا۔

اجتماع کی حاضری اس سال 201 رہی۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اس اجتماع کے دور رس نتائج پیدا فرمائے اور ہم سب کو احمدیت سے جوڑے رکھے۔ آمین

(مسعود احمد طاہر۔ نمائندہ الفضل آئن لائن گیمبیا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 6 فروری 2023

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی