• 4 مئی, 2024

سیرالیون کے پورٹ لوکو ریجن میں مسجد کا افتتاح

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ یکم فروری 2020 ءکو احمدیہ مسلم جماعت سیرالیون کو پورٹ لوکو ریجن کی جماعت Falaba Road of Looking Town کو ایک نئی مسجد کے افتتاح کی توفیق ملی۔ اس مسجد کا سنگ بنیاد مورخہ 20۔اپریل 2019ء کو مکرم سفیر احمد ریجنل مبلغ پورٹ لوکو ریجن نے رکھا اور اس کی تعمیر کی مکمل نگرانی کی توفیق بھی آپ ہی کو حاصل ہوئی۔

اس مسجد کا کل احاطہ 2 ٹاؤن لاٹ ہے اور مسجد کا مسقف احاطہ 50×55 فٹ ہے اور اس میں 250 نمازیوں کی گنجائش ہے۔ اس مسجد کی تعمیر پر کل 70 ملین لیونز خرچ ہوئے۔

افتتاح کی تقریب کا باقاعدہ آغاز مکرم مولانا سعیدالرحمن، امیر و مشنری انچارج کی صدارت میں دن 3 بجے تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا، جس کے بعد مولوی نورالدین سیسے نے مہمانوں کا تعارف کروایا۔ مکرم امیر صاحب کے ساتھ اس تقریب میں مکرم حنیف محمود اور مکرم محمد شریف عودہ، امیر جماعت فلسطین بھی موجود تھے۔ مقامی مہمانوں میں ابو بکر کمارا، میئر آف پورٹ لوکو ٹاؤن، آنریبل الفا کانو، بائی ایم طورے پروانشل سیکرٹری، 26 سپرنٹنڈنٹ پولیس پورٹ لوکو شہر، غیر از جماعت امام، 6چیف امام، اور کثیر تعداد میں غیر ازجماعت احباب اور قریباً 50 جماعتوں سے آئے ہوئے احمدی خواتین و حضرات نے شرکت کی۔ اس بابرکت تقریب کی کل حاضری 649 رہی۔ کثیر تعداد میں حاضری کے پیش نظر مسجد کے قریب ایک سکول کے ہال میں پروگرام کا انتظام کیا گیا۔

مکرم حنیف محمود اور مکرم محمد شریف عودہ نے حاضرین سے خطاب فرمایا جس کے بعد بعض معزز مہمانوں نے اپنے خیالات کا اظہار فرمایا۔
پروگرام کے بعد مکرم حنیف محمود نے فیتہ کاٹ کر باقاعدہ مسجد کا افتتاح کیا اور دعا کروائی۔ جس کے بعد اسی مسجد میں نماز ظہر و عصر باجماعت ادا کی گئیں۔ پروگرام کے بعد حاضرین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس مسجد کو نمازیوں سے آباد رکھے اور اسلام کی پُر امن تعلیم کے پھیلانے کا ذریعہ بنائے۔ آمین


(عبد الہادی قریشی۔سیرالیون)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 5 مارچ 2020

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 7 مارچ 2020