• 12 مئی, 2024

نمازجنازہ حاضر و غائب

مکرم منیر احمد جاوید پرائیویٹ سیکرٹری یہ اطلاع دیتے ہیں کہ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ نے مؤرخہ 23؍فروری 2022ء بروزبدھ، 12بجے دوپہر اپنے دفتر سے باہر تشریف لا کر مکرمہ بشری وسیم مرحومہ کی نماز جنازہ حاضر اور چند نمازجنازہ غائب پڑھائے۔

نماز جنازہ حاضر

مکرمہ بشریٰ وسیم صاحبہ (اہلیہ مکرم وسیم احمد ورک صاحب۔صدر جماعت وِمبلڈن، یوکے)

19؍فروری 2022 کو 43 سال کی عُمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحومہ کے والد مکرم محمد اقبال چیمہ صاحب کا تعلق ضلع گوجرانوالہ سے تھا جنہوں نے 1971 میں خود بیعت کی تھی۔ مرحومہ پیدائشی احمدی تھیں۔ مرحومہ انتہائی خوش گفتار، خوش اخلاق، مہمان نواز، لازمی چندہ جات میں باقاعدہ اور مالی تحریکات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی تھیں۔ خلافت سے ہمیشہ وفا کا تعلق رکھنے والی خاتون تھیں اور اپنے بچوں کو بھی ہمیشہ خلافت کا وفادار رہنے کی تلقین کرتیں۔ جماعتی خدمت میں پیش پیش رہتی تھیں۔ لجنہ کی لوکل مجلس میں مختلف حیثیتوں سے خدمت کی توفیق پائی۔آپ بڑی پر ہیز گار، صوم وصلوۃ کی پابند اور غرباء کا خیال رکھنے والی ایک نیک خاتون تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔پسماندگان میں شوہر کے علاوہ ایک بیٹی، دو بیٹے اور تین ہمشیرگان شامل ہیں۔

نماز جناز ہ غائب

-1 مکرم سی سلیم احمد صاحب (کیرلہ ۔بھارت۔ سابق صدر جماعت دبئی)

29جنوری 2022کو بقضائے الہٰی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ 1963 میں دبئی آئے اور آتے ہی دوسرے احمدیوں کی تلاش شروع کی اور پھر جماعتی سرگرمیوں کا آغاز کیا۔ 1972میں ایک بڑا گھر کرائے پر لے کر دبئی میں باقاعدہ جمعوں کا آغاز کیا۔ 1989 میں جب دبئی کو شارجہ سے الگ جماعت بنا دیا گیا تو سی سلیم احمد صاحب اس کے پہلے صدر جماعت مقرر ہوئے۔ مرحوم نہایت محنت اور اخلاص کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے رہے۔ مرحوم بہت مخلص اور خلافت سے عقیدت اور محبت کا تعلق رکھنے والے ایک نیک دل انسان تھے۔

-2 مکرمہ جمیلہ کوثر صاحبہ اہلیہ مکرم عبد الغفار احمد صاحب

16 دسمبر 2021 کو 58سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحومہ کو سیکرٹری مال اور نگران حلقہ کے طور پر مختلف جماعتی خدمتوں کی توفیق ملی ۔قرآن کریم سے بہت لگاؤ تھا ۔جب بھی موقع ملتا قرآن کریم کی تلاوت کرنے بیٹھ جاتیں۔ احمدی بچیوں کے علاوہ بہت سے غیر احمدی بچوں کو بھی قرآن کریم پڑھایا۔ آپ ایک دعا گو، عبادت گزار، نمازیں باقاعدگی سے ادا کرنے والی، صابرہ شاکرہ، اطاعت گزار، نیک اور مخلص خاتون تھیں۔بہت سادہ زندگی گزاری۔ اللہ تعالیٰ پر بہت توکل اور بھروسہ تھا۔

-3 مکرمہ ظہرہ بی بی صاحبہ اہلیہ مکرم عطاء اللہ صاحب (شہید گھٹیالیاں، سیالکوٹ ۔حال کینیڈا)

15دسمبر 2021 کو کینیڈا میں بقضائے الہٰی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحومہ نے حضرت خلیفۃ المسیح الثالث رحمہ اللہ کے دور میں بیعت کرنے کی سعادت حاصل کی۔ صوم وصلوۃ کی پابند، تہجد کا باقاعدگی سے التزام کرنے والی، قرآن کریم سے گہرا لگاؤ رکھنے والی ایک نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ تبلیغ کا بہت شوق اور جذبہ رکھتی تھیں۔

-4 مکرمہ امۃ المجید سلطان صاحبہ بنت مکرم بشیر احمد صاحب

25 اکتوبر 2021کو 62 سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پا گئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحومہ نے مجلس دہلی گیٹ کے حلقہ پراچہ کالونی میں بطورصدر لجنہ خدمت کی توفیق پائی۔ صوم وصلوۃ کی پابند، تہجدگزار،قرآن کریم کی باقاعدگی سے تلاوت کرنے والی ایک نیک فطرت خاتون تھیں۔

-5 عزیزم ثاقب محمود ابن مکرم ارشد محمود صاحب

12 دسمبر 2021 کو 17 سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ آپ وقف نو کی تحریک میں شامل تھے اور میٹرک کے بعد جامعہ میں داخلہ کے خواہش مند تھے۔ اپنے دوستوں اور
رشتہ داروں کے ساتھ ہمیشہ بڑی خوش مزاجی سے پیش آتے۔ نمازوں کے پابند، بہت صابر، والدین کی خدمت کرنے والے اور ان کا خیال رکھنے والے ایک فرمانبردار نوجوان تھے۔ قرآن کریم کا دور ساڑھے چار سال کی عمر میں مکمل کیا۔

-6 عزیزم حسبان احمد صاحب ابن مکرم عثما ن احمد صاحب

عزیز12جنوری 2022 کو اچانک گھر سے لاپتہ ہوا اور پھر 20جنوری 2022 کو اس کی نعش قریبی نالہ سے برآمدہوئی ۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ عزیز کی عمر ساڑھے چار سال تھی اور وقف نو کی بابرکت تحریک میں شامل تھا۔ پسماندگان میں والدین کے علاوہ ایک بھائی بعمرڈیڑھ سال شامل ہیں۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔ آمین

(ادارہ الفضل کی طرف سے تمام مرحومین کے لواحقین تعزیت قبول کریں)

پچھلا پڑھیں

خلاصہ خطبہ جمعۃ المبارک فرمودہ مؤرخہ 4؍مارچ 2022ء

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ