• 26 اپریل, 2024

سانحہ ارتحال

مکرم محمد انور ندیم یہ افسوس ناک اطلاع دیتے ہیں کہ:
خاکسار کی والدہ محترمہ ممتاز بیگم موٴرخہ 20؍ فروری 2023ء کو رات سوا نو بجے اپنے خالق حقیقی سے جا ملیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ

آپ محترم ملک محمد اسحاق آف بھیرہ کی صاحبزادی تھیں۔ آپ کے والد کی کم عمری میں وفات کے بعد آپ کے چچا مکرم ملک عبدالحمید کی شادی آپ کی والدہ سے ہوئی اور انہوں نے باپ بن کر آپ کو پالا اور تربیت کی۔ آپ کی شادی مکرم میاں محمد اسلم شریف کے ساتھ ہوئی اور یہ مثالی رفاقت تا دم آخریں تقریباً 61 سال تک جاری رہی۔ ہمارا گھرانہ خدمت دین کے حوالے سے مشہور تھا اور جماعتی مہمانوں کی خدمت بصد شوق کی جاتی تھی۔ نماز سینٹر بنانے کا معاملہ آیا تو فوراً والد صاحب نے اپنا گھر پیش کر دیا اور والدہ نے پورے اخلاص کے ساتھ اس ذمہ داری کو نبھایا۔ والدہ صاحبہ موصیہ تھیں اور بڑی باقاعدگی کے ساتھ اپنا چندہ ادا کرتیں اور اپنے حسابات کا مکمل ریکارڈ رکھا ہوا تھا۔ آپ اپنے بچوں کے علاوہ اپنے بہن بھائیوں، ان کی اولادوں اور دیگر تمام رشتہ داروں سے بے پناہ محبت کرتی تھیں آپ صلہ رحمی کا خاص وصف رکھتی تھیں۔ دین اسلام، خلافت احمدیہ، آقا محمد مصطفٰی صلی اللہ علیہ وسلّم، حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور خلفائے سلسلہ سے بہت محبت رکھتی تھیں۔

آپ کو اللہ تعالیٰ نے ایک بیٹے(خاکسار) اور چھ بیٹیاں عطا کیں جن کی تربیت آپ نے بڑی محبت، محنت، توجہ سے کی۔ آپ کی ساری اولاد شادی شدہ ہے۔ اس وقت آپ کی ایک بہو اور پانچ داماد ہیں جن کے ساتھ آپ کا محبت کا تعلق تھا۔ 23 سال پہلے آپ کے ایک داماد اللہ کو پیارے ہو گئے تو یہ سانحہ آپ نے بڑے حوصلے سے برداشت کیا اور انکے بچوں کو سنبھالا۔ اللہ تعالیٰ نے آپ کو 2 پوتے، 2 پوتیاں، 8 نواسے اور 8 نواسیاں عطا فرمائیں۔ ان کے علاوہ آپ کے 2 پڑپوتے، 1 پڑپوتی، 10 پڑنواسے اور 2 پڑ نواسیاں ہیں۔ آپ ان سب سے پیار اور شفقت کا سلوک کرتی تھیں۔ آپ کی اولاد اور نسل دنیا کے مختلف ممالک میں پھیلی ہوئی ہے۔

آپ کی جماعتی عہدیداروں اور جماعتی پروگراموں کو بڑی اہمیت دیتی تھیں۔ آپ کی 79 سالہ زندگی کو چند سطروں میں بیان نہیں کیا جا سکتا بس آپ ایک متحرک خاتون تھیں اور بھرپور زندگی گزارنے والی ہستی تھیں۔ آپ کی تربیت کی بدولت خاکسار کو چار سال نصرت جہاں اسکیم کے تحت مغربی افریقہ کے ملک گیمبیا میں وقف اور خدمت کی سعادت ملی۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ انکی مغفرت فرمائے اور اپنے پیاروں کا قرب عطا فرمائے اور ان کی اولاد در اولاد کو انکی نیکیاں جاری رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔

مکرم حفیظ احمد شاہد مربی سلسلہ نے آپ کی نماز جنازہ پڑھائی۔ بعد ازاں بہشتی مقبرہ طاہرآباد میں دعا کے ساتھ تدفین کی گئی۔ اللہ سے دعا ہے کہ وہ مرحومہ سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کا قرب نصیب ہو۔ آمین

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 6 مارچ 2023

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ