• 20 اپریل, 2024

گیمبیا کےسنٹرل ریور ریجن میں مسجد کا سنگ بنیاد

مکرم محمود احمد طاہر نائب امیر و مبلغ انچارج گیمبیا تحریر کرتے ہیں کہ جماعت احمدیہ گیمبیا کے ایک ریجن سنٹرل ریور ریجن میں اللہ کے فضل سے نئی مسجد کی تقریب سنگ بنیاد ہوئی۔ الحمدللّٰہ

تفصیل اس اجمال کی یوں ہے کہ سنٹرل ریور ریجن کی ایک جماعت سانڈا (Saanda) میں مؤرخہ 08؍ دسمبر 2022ء بروز جمعرات کو ایک مسجد کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔ اس تقریب میں خاکسار بھی شامل تھا۔ تقریب کے میزبان ایریا مشنری مکرم حفاظت احمد نوید نے اس موقع پر بہت اچھے انتظامات کئے تھے۔ اس تقریب میں احباب جماعت کی کافی تعداد شامل ہوئی۔ بالخصوص خدام اچھی تعداد میں وہاں موجود تھے۔

حکومتی عہدیداران نے بھی اس پروگرام میں شمولیت اختیار کی۔ جن میں ریجن کے گورنر مکرم عثمان باہ، ڈسٹرکٹ چیف، گاؤں کے چیف، گردو نواح کی مساجد کے امام اور گورنر کے ساتھ آنے والے بعض اور حکومتی ارکان شامل تھے۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ ہم جماعت احمدیہ کی طرف سے ملک گیمبیا کو دی گئی خدمات کو سراہتے ہیں اور انہیں کبھی بھول نہیں سکتے۔ خاص کر اسلام کی حقیقی تعلیم کے مطابق ہماری قوم کی صحیح معنوں میں تربیت کرنا جماعت احمدیہ کی گرانقدر خدمت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج اس مذہبی پروگرام میں نوجوانوں کی موجودگی اور دلچسپی بہت خوش آئند ہے اور یہ اس بات کی ضامن ہے کہ ہمارا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے۔

اسی طرح ڈسٹرکٹ چیف نے کہا کہ جماعت احمدیہ ہمارے سارے علاقہ میں افراد کو خدائے واحد کے آگے جھکنے کے لئے مساجد مہیا کررہی ہے جوکہ انتہائی عظیم خدمت اسلام ہے۔ اسی طرح جماعت احمدیہ نیکی کے دیگر میدانوں میں بھی کبھی پیچھے نہیں رہی۔

اس موقع پر خاکسار (نائب امیر و مبلغ انچارج)، نائب امیر دوم مکرم ابراہیم جم جاؤ، ایریا مشنری مکرم حفاظت احمد نوید، گورنر، ڈسٹرکٹ چیف، گاؤں کے چیف (الکالو)، صدر جماعت اور دیگر سینئر احمدی احباب نےبنیاد میں اینٹیں رکھیں۔

آخر پر خاکسار نے دعا کروائی۔ دعا کے بعد حاضرین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ نہ صرف مسجدکی تعمیر جلد مکمل ہو بلکہ یہ مسجد جماعت احمدیہ حقیقی اسلام کی تبلیغ کا ذریعہ بھی بنے۔ آمین

(مسعود احمدطاہر۔ نمائندہ الفضل آن لائن گیمبیا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 6 مارچ 2023

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ