• 5 مئی, 2025

مرا یہ پیار سچا ہے

یہی سیکھا فقط ہم نے ترا دربار سچا ہے
ترا ہر لفظ پاکیزہ مری سرکار (ﷺ) سچا ہے
عدو بھی ہے کرے تیری ہی جے جے کار سچا ہے
قسم لے لو محبت کی مرا یہ پیار سچا ہے

چمن میں دل کی الفت کی ہوا مہکی چلی آئے
مرادِ وصل سے بھرپور شب روحوں کو تڑپائے
یقیں مجھ کو جو دیکھا خواب میں دیدار سچا ہے
قسم لے لو محبت کی مرا یہ پیار سچا ہے

جہاں والے تری شفقت کے ہی ہر آن طالِب ہیں
سُخن پر اہلِ عالم کے ترے الفاظ غالِب ہیں
یہی تعلیم مہدیؑ کی تُو ہی اِک یار سچا ہے
قسم لے لو محبت کی مرا یہ پیار سچا ہے

سبھی کو تم سے امیدیں قیامت میں شفاعت کی
تری الفت میں جو ڈوبے وہی راہ میں ہیں راحت کی
تُو ہی محبوب اللہ کا تُو ہی دلدارؐ سچا ہے
قسم لے لو محبت کی مرا یہ پیار سچا ہے

ترے ہی حکم سے ہم ہیں خلافت پر ہوئے واری
دلوں پہ مومنیں کے ہے فقط تیری ہی سرداری
جہاں گُل تیری عظمت کے وہی گلزار سچا ہے
قسم لے لو محبت کی مِرا یہ پیار سچا ہے

مسیحاؑ نے فقط پائی ترے در سے مسیحائی
اندھیروں میں منورؔ مل گئی انساں کو بینائی
مسیحا تم مسیحا کے ترا بیمار سچا ہے
قسم لے لو محبت کی مرا یہ پیار سچا ہے

(منوراحمد کنڈے۔یوکے)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 6 مئی 2020

اگلا پڑھیں

Covid-19 اپ ڈیٹ 07۔مئی2020ء