• 27 اپریل, 2024

سانحہ ارتحال و ذکر خیر

خاکسار کے والد مکرم وزیر محمد مورخہ 17؍اپریل 2022ء بروز اتوار تقریباً 10بجے شب بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ آپ سے جدائی پر دل حزیں ہے مگر

؎بلانے والا ہے سب سے پیارا
اس پہ اے دل تو جاں فدا کر

محترم ابا جان کا تعلق آزاد کشمیر کے گاؤں چرناڑی سے تھا۔ آپ فوجی تھے۔ ریٹائر منٹ کے بعد بچوں کی بہتر تعلیم و تربیت کی خاطر ربوہ میں سکونت اختیار کی۔ یہ ہمارے والدین کا ہم پر احسان عظیم ہے کہ ہمیں ربوہ کے روحانی ماحول میں پروا ن چڑھایا اور زیور تعلیم سے آراستہ کیا۔ اور ہم میں لڑکے یا لڑکی کی کوئی تفریق نہیں رکھی بلکہ پڑھائی میں اچھے گریڈ لینے پر خوب حوصلہ افزائی کرتے۔ ہم سات بہن بھائیوں نے اپنی اپنی بساط کے مطابق تعلیم حاصل کی اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ۔

محترم ابا جان کا جہاں جماعت اور خلافت کے ساتھ ایک مضبوط تعلق تھا وہاں خدمت خلق کے جذبے سے سرشار ایک بہت ہی باعمل اور فعال زندگی گزاری۔ آپ بہت سے کام جانتے تھے۔ محلہ دارالعلوم نیا نیا آباد ہو رہا تھا پہاڑیاں قریب ہونے کی وجہ سے نلکالگانے کا بور کامیاب نہیں ہو رہا تھا۔ اہل محلہ کے ساتھ مل کر کئی جگہ کوشش کرنے پر ایک جگہ کامیابی ہو گئی۔ پانی بھی زیادہ نمکین نہیں تھا۔ موٹر کے ذریعہ کئی گھروں میں پانی کی سہولت مہیا کی۔ بجلی کا کام خوب جانتے تھے۔ دن ہو یا رات خدمت خلق کے کام میں پیش پیش رہتے۔

آپ رشتہ داروں سے حسن سلوک کرنے والےتھے۔ خاص طور پر اپنے کئی بزرگ رشتہ داروں کی آخری عمر میں خدمت کی توفیق پائی اور امی جان بھی اس میں برابرشریک رہیں۔ بڑے مہمان نواز تھے۔ بڑی عاجزی اور شکر گزاری سے زندگی گزا ری۔ باقاعدگی سے نماز با جماعت ادا کرتے، بلند آواز سے با ترجمہ قرآن کریم کی تلاوت کرتے اور بڑے اہتما م سے مسجد اقصی میں بچوں اور بچیوں کے ساتھ نماز جمعہ ادا کرتے۔

آپ نے تا حیات ایک سپاہی کی طرح باعمل زندگی گزاری۔ 1971ء کی جنگ میں آپ نےبے سروسامانی کی حالت میں کرائے کے گھر میں بیوی بچوں کو محترم دادا جان کے پاس چھوڑا اور محاز پر چلے گئے۔ جنگ کے اختتام پر غازی بن کر لوٹے اور ستارہ جرأت سے نوازا گیا۔ ایک مربع زمین ان کے نا م الاٹ ہوئی۔ زمین بنجر تھی اسکو بڑی محنت سے قابل کاشت بنایا اور اسمیں سے دو ایکٹر زمین جماعت کو ہبہ کر دی۔

آپ بہت محنتی تھے،کسل نام کو نہیں تھا۔ ریٹائر منٹ کے بعد دو سال افسر جلسہ سالانہ مکرم چوہدری حمیداللہ کے ساتھ کام کیا۔ نیشنل بنک آف پاکستان میں اسامی خالی ہونے پر چوہدری حمیداللہ اور افضل برادر کی کوشش سے آپ کو نوکری مل گئی اور ہمارے حالات کافی بہتر ہو گئے، اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ۔

لندن میں مقیم تھے۔ گزشتہ چار ماہ سے مرکز احمدیہ میں تھے 24اپریل کو واپسی تھی کہ چند ہفتے فضل عمر ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد آپ اللہ کے حضور حاضر ہوکر اپنے آخری سفر پر روانہ ہوگئے۔

قارئین الفضل سے آپ کی بلندی درجات کے لئے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالی میرے مرحوم ابا جان کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور تمام لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائےاور ان کی اولاد کو ان کی نیکیاں جاری رکھنے کی توفیق عطا فرمائے، آمین۔

(رضیہ بیگم)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 6 مئی 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ