• 19 اپریل, 2024

نعتِ رسولِ مقبول ﷺ

مہک چمن کے پھول کی، مدح کرے رسولؐ کی
نبیؐ کے حرفِ نام سے ہے ہر کلی میں تازگی
ہے عندلیب کی نوا، صلِ علیٰ نبیِنا
اور اِلتجائے یاسمن، صلی علیٰ محمدِِ
نبیؐ کے نور کی ضیا، ہے تار شب کی چاندنی
یہ کہہ رہی ہے بس یہی کریں نبیؐ کی پیروی
دل و نظر کی ہے ضیا، صلِ علیٰ نبینا
نگاہ اُنؐ کی غم شِکن، صلِ علیٰ محمدِِ
وہ نورِ صالحین ہیں، وہ میرِ طاہرین ہیں
وہ حُسنِ مُحسِنین ہیں، وہ خَتمِ مُرسِلین ہیں
کوئی نہیں ہے آپؐ سا، صلِ علیٰ نبیِنَا
ہیں آپؐ دُرِ ذوالمِنن، صلِ علیٰ محمدِِ
صدرالعلیٰ ہیں آپؐ ہی، خیرالوریٰ ہیں آپؐ ہی
شمس الضحیٰ ہیں آپؐ ہی، بدرالدجیٰ ہیں آپؐ ہی
ہیں آپؐ مِیرِ انبیاء، صلِ علیٰ نبیِنا
بسا ہے دل میں رات دن، صلِ علیٰ محمدِِ
وہؐ ہیں حبیبِ کبریا، اُنؐ سا نہیں ہے دوسرا
ہے اُنؐ سے روح پارسا، وہؐ ہیں خدا کے دلربا
انؐ کی دعائیں بے خطا، صل علیٰ نبیِنا
رحمت ہے اُنؐ سے رات دن، صلِ علیٰ محمد
ہمیں مسیحِ پاک نے یہ ہی ہے اک سبق دیا
ہیں ہم غلامِ مصطفےٰؐ، ہیں ہم نبیؐ کی خاکِ پا
اپنا یہی ہے مُدَّعَا، صلِ علیٰ نبینا
رہے نہ دل درود بِن، صلِ علیٰ محمدِِ
نبیؐ سے ہم کو الفتیں خدا کی ہم پہ رحمتیں
دورِ مسیحِ پاک میں ملتی گئیں خلافتیں
یہ بھی نبیؐ کا معجزہ، صلِ علیٰ نبیِنا
وہؐ عالَمیں کے مُحسِن، صلِ علیٰ محمدِِ
نبیؐ سے ہم کو عشق ہے، فِدا ہے اُنؐ پہ زِندگی
یہ تو خدا کا فضل تھا کہ ہم ہوئے ہیں احمدؐی
وہؐ ہی ہمارے پیشوا، صلِ علیٰ نبیِنا
دل میں یہی ہے رات دن، صلِ علیٰ محمدِِ

(کلام: ڈاکٹر منورؔ احمد کنڈے)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 6 جولائی 2020

اگلا پڑھیں

Covid-19 عالمی اپڈیٹ 7 جولائی 2020ء