• 9 مئی, 2024

نیشنل مجلس شوریٰ لائبیریا 2022ء

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ لائبیریا کی چودھویں نیشنل مجلس شوریٰ مؤرخہ 29مئی کو شاہ تاج احمدیہ ہائی سکول منروویہ میں کامیابی سے منعقد ہوئی۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ عَلیٰ ذَالِکَ۔

نمائندگان شوریٰ کی آمد کا سلسلہ ایک روز قبل ہی شروع ہو گیا تھا تاہم بروز شوریٰ صبح 8بجے ریجسٹریشن کا عمل شروع ہوا۔ جس کے بعد دن 11بجے مکرم نوید احمد عادل صاحب امیر و مشنری انچارج لائبیریا کی زیر صدرارت شوریٰ کے پہلے اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کی سعادت مکرم استاذ مرتضیٰ پاساوے صاحب کو حاصل ہوئی۔

افتتاحی خطاب میں مکرم امیر صاحب نے نظام شوریٰ کی تاریخ، اس کے اغراض ومقاصد اور برکات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ آپ نے سیدنا محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات مبارک کے مثال دیتے ہوئے بیان کیا باوجودیکہ وہ نبی اللہ تھے، بذریعہ وحی اللہ تعالیٰ ان کی راہنمائی فرماتا تھا لیکن اللہ تعالیٰ نے آپ کو بھی اپنے اصحاب سے مشورہ کرنے کی تلقین فرمائی۔

آج اسلامی اقدار کو ازسر نوزندہ کرنے اور اشاعت اسلام کی ذمہ داری اللہ تعالیٰ نے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کو سونپی ہے اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ میں شوریٰ کا نظام بڑی مضبوطی سے قائم ہے جسے امسال سو سال پورے ہورہے ہیں۔

نظام شوریٰ کے پارلیمانی نظام سے مختلف ہونے کی وضاحت کرتے ہوئے آپ نے کہا کہ بعض اوقات سیاسی پارٹی کے لوگ ناچاہتے ہوئے بھی اپنے لیڈران کی غلط پالیسیز کا دفاع کرنے پر مجبور ہوتے ہیں لیکن ہمارا ایجنڈا ایک ہی ہے کہ کس طرح ہم نے اپنے ملک میں جماعت احمدیہ کو مضبوط کرنا ہے اور اس سے کسی کواختلاف نہیں ہوسکتا۔

امسال مجلس انصار اللہ لائبیریا کی طرف سے دو تجاویز دی گئیں تھیں جنہیں دعا کے معاً بعد مکرم محمد زکریا صاحب مبلغ نمبا کاؤنٹی نے مجلس شوریٰ میں پیش کیا۔

اس کے بعد مکرم امیر صاحب نےتجاویز پر غوروخوض کے لئے سب کمیٹیاں تشکیل دیں۔ مکرم ناصر احمد کاہلوں صاحب مبلغ سلسلہ بومی کاؤنٹی، مکرم ڈاکٹر عبدالحلیم صاحب (انچارج احمدیہ کلینک سِنکور) اور مکرم محمد جونز اینن صاحب نائب امیر اوّل صدوربنائے گئے۔

نمازِ ظہر و عصر کی ادائیگی اور کھانے سے فراغت کے بعد دوپہر ۲ بجے مکرم استاذ بلال شریف صاحب نے تلاوت قرآن کریم سے دوسرے سیشن کا آغاز کیا۔ جس کے بعد سیکٹریانِ سب کمیٹی نے باری باری اپنی سفارشات پیش کیں اور دیگر نمائندگان بھی اپنی آراء پیش کرتے رہے۔

سفارشات مکمل ہونے پر مکرم نوید احمد عادل صاحب امیر و مشنری انچارج لائبیریا نے نیشنل مجلس عاملہ کا انتخاب کروایا۔ دوران انتخاب مکرم مشہود حسن خالد صاحب مبلغ سلسلہ معاونت کرتے رہے۔

اختتامی خطاب میں بھی مکرم امیر صاحب نے لوکل صدران کے طریقہ انتخاب پر تفصیلی ہدایات دیں جس میں خاص طور پر چندہ دہنگان کے انتخاب پر زور دیا۔ شام5:30 بجے دعا سے مجلس شوریٰ اختتام پذیر ہوئی۔

لجنہ اماء اللہ کی نمائندگی کے ساتھ شوریٰ کی کل حاضری 147 رہی۔ الحمد للہ علیٰ ذلک۔ اللہ تعالیٰ تمام نمائندگانِ شوریٰ کو حقیقی معنوں میں احباب جماعت کی تعلیم و تربیت کے پروگرام پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین`

(رپورٹ: فرخ شبیر لودھی۔ نمائندہ الفضل آن لائن، لائبیریا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 6 جولائی 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ