• 4 مئی, 2024

محترم چوہدری سمیع اللہ سیال وکیل الزراعت تحریک جدید کی وفات

دیرینہ خادم سلسلہ محترم چوہدری سمیع اللہ سیال وکیل الزراعت تحریک جدید کی وفات

مکرم ایم۔ایم۔ طاہر تحریر کرتے ہیں۔
سینئر واقف زندگی اور وکیل الزراعت تحریک جدید محترم چوہدری سمیع اللہ سیال صاحب مورخہ 14 ستمبر 2022ء بروز بدھ 88 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اسی روز مغرب کے بعد 7:15 بجے بہشتی مقبرہ دارالفضل میں آپ کی نماز جنازہ محترم مولانا جمیل الرحمان رفیق صاحب نے پڑھائی اور قطعہ نمبر 12 میں تدفین کے بعد آپ ہی نے دعا کروائی۔

دفتری ریکارڈ کے مطابق آپ 28 دسمبر 1934ء کو پیدا ہوئے۔آپ کا تعلق ضلع جالندھر سے تھا۔آپ کے والد مکرم رحمت اللہ سیال صاحب تقسیم ہند کے فسادات کے دوران شہید ہو گئے تھے۔ والدہ بھی آپ سے احمدیت کی مخالفت کی وجہ سے جدا ہو گئی تھیں۔ آپ والدین کی اکلوتی اولاد تھے۔ مشکل حالات میں آپ پروان چڑھے۔ 1949ء میں میٹرک کے بعد وقف کر کے ربوہ آگئے۔ محترم چوہدری حمیداللہ صاحب اور محترم چوہدری مبارک مصلح الدین احمدصاحب اور دیگر واقفین کے ساتھ آپ کا انٹرویو حضرت مصلح موعودؓ نے لیا۔آپ کوتعلیم الاسلام کالج میں داخلہ کا ارشاد ہوا۔چنانچہ آپ نے پہلے بی ایس سی کیا جس کے بعد آپ کا ابتدائی تقرر 1953ء میں ہوا۔ پھر ایم اے میں داخلہ لیا اور ایم ایس سی شماریات کی ڈگری لی۔ 1956ء میں آپ کو وکیل التجارت مقرر کیا گیا۔ وکیل التجارت کی نگرانی میں یونیورسل ٹریڈنگ کمپنی جو کہ اجناس کی کمیشن ایجنسی کا کام کرتی جس کے دفاتر کراچی کے علاوہ کنری اور فیصل آباد میں بھی تھے اور ہیڈ آفس ربوہ میں تھا۔آپ اس کی نگرانی کرتے رہے۔ اسی طرح پروموٹرز کارپوریشن لیمٹڈ کمپنی جو کہ کنری پریسنگ اینڈ جننگ فیکٹری کے کام کو سر انجام دینےکے لئے بنائی گئی۔ آپ پہلے اس کے ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر اور پھر بطور چیئرمین کام کرتے رہے۔

1960سے 1963ء تک آپ کو بطور ٹیچر سیرالیون میں خدمت کا موقع ملا۔ واپس آکر آپ پہلے وکالت مال ثانی اور پھر وکالت مال اول میں خدمت کرتے رہے۔ 1976ء میں افسر امانت، 1980ء میں نائب وکیل المال ثانی مقرر ہوئے۔ 1983ء میں آپ وکیل الزراعت و صنعت وتجارت مقرر ہوئے۔ 1988ء تا 1999ء آپ نے بطور وکیل الدیوان خدمات سرانجام دیں۔ 1999ء میں دوبارہ وکیل الزراعت و صنعت وتجارت مقرر ہوئے۔ 2012ء سے تا دم واپسیں آپ وکیل الزراعت کی حیثیت سے خدمت سر انجام دے رہے تھے۔

خدام الاحمدیہ مرکزیہ میں بھی آپ کو لمبا عرصہ مختلف شعبہ جات کے مہتمم کے طور پر خدمت کی توفیق ملی۔نیزآپ مہتمم مقامی ربوہ بھی رہے۔جلسہ سالانہ کی مختلف نظامتوں میں خدمت کرتے رہے۔1956ء میں آپ کی شادی محترمہ امة الحفیظ صاحبہ بنت مکرم عطاء محمد صاحب سے ہوئی۔ اللہ تعالیٰ نے آپ کو دو بیٹوں سے نوازا۔ مکرم ڈاکٹر ضیاءاللہ سیال حال مقیم کینیڈا اور مکرم افتخار اللہ سیال واقف زندگی انچارج کمپیوٹر سیکشن تحریک جدید۔

اللہ تعالیٰ آپ کے درجات بلند فرمائے اور آپ کے ساتھ مغفرت کا سلوک کرے اور جملہ لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 6 اکتوبر 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ