• 3 مئی, 2024

تأثرات و آراء

محترمہ مبارکہ شاہین صاحب ڈارمشٹڈ جرمنی سے لکھتی ہیں:
اللّٰہ تعالیٰ سے دعا ہےکہ آپ بخیریت ہوں، اللّٰہ تعالیٰ آپ کو صحت و سلامتی سے رکھے۔ مقبول خدمت دین کی توفیق سے نوازتا رہے۔

الفضل کے اچھے اچھے مضامین پڑھ کر دل تو روز ہی چاہتا ہے کہ انکی تعریف کی جائے ۔۔ اللّٰہ تعالیٰ لکھنے والوں کو جزائے خیر سے نوازے، اور اللّٰہ کرے زورقلم اور زیادہ۔

باغبانی کے بارے میں بھی آپ کا اداریہ اور بعض دوسروں کے تاثرات پڑھ کر بہت مزا آیا۔ خاکسار کے پاس بھی پچھلے کچھ عرصہ سے چھوٹا سا گارڈن ہے۔ بہت اچھا لگتا ہے وہاں کام کرنا۔صحت کےلئے بہت اچھا ہے۔ کافی پھول کھلتے رہے ہیں۔ اردگرد کے گارڈن والی، جرمن، روسی، ترکی خواتین سے بھی رابطے ہوتے ہیں۔ نئی نئی اور مفید باتیں بھی سیکھنے کو ملتی ہیں، مثلاً پھلوں ،سبزیوں کے چھلکے اب خاکسار ایک بالٹی میں جمع کرتی جاتی ہے، جس سے بایو کھاد تیار ہو جاتی ہے۔

ایک بہت پیاری بات آپ کے اداریہ میں پڑھی تھی کہ پودوں سے باتیں بھی کرنی چاہیے۔ خاکسار نے اسکا بہت خوب صورت تجربہ کیا ہے، جب بھی میں جاکہ پودوں کے پاس خوشدلی سے کھڑی ہوتی ہوں، دعائیں یا درود شریف پڑھتی ہوں تو وہ خوشی اور سرشاری سے جھومتے، لہلہاتے ہیں۔ انکا لہلہانا صاف محسوس ہوتا ہے۔وہ بھی اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہیں۔ بہرحال بہت لوگوں کو اس طرف توجہ کرنی چاہیے۔سیر کی سیر، کام کا کام ، فائدے کا فائدہ۔ پھول گھر میں بھی سجائیں، تحفہ بھی دیں۔اب سردیوں میں مہینہ دو مہینے پہلے آہستہ آہستہ سب کاٹ چھانٹ کر گوڈی کی۔ پرانے پودوں سے نئی قلمیں تیار کر کے لگائیں،اردگرد والوں سے تبادلے بھی ہو۔ اللّٰہ پاک بہترین نتائج ظاہر فرمائے۔ اس پیاری جرمن قوم کے دل سینے اپنے دین کی طرف مائل کرے،اور اپنے فضلوں سے قبول حق کی انہیں توفیق عطا فرما دے، آمین

باغ میں ملت کے ہے کوئ گلِ رعنا کھلا
آئ ہے باد صبا گلزار سے مستانہ وار
اک زماں کے بعد اب آئ ہے یہ ٹھنڈی ہوا
پھر خدا جانے کہ کب آویں یہ دن اور یہ بہار
گلشن احمد بنا ہے مسکن باد صبا
جس کی تحریکوں سے سنتا ہے بشر گفتار یار

دعاؤں میں سب ہمیں اور اہلِ خانہ کو یاد رکھا کریں۔

پچھلا پڑھیں

خلاصہ خطبہ جمعہ بیان فرمودہ 04؍ دسمبر 2020ء

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ