• 5 مئی, 2024

سیرالیون واٹرلو ریجن میں جلسہ سیرۃ النبی ؐو ریفریشرکورسز

سیرالیون واٹرلو ریجن میں جلسہ سیرۃ النبی ؐو ریفریشرکورسز
ائمہ کرام اور عربک اساتذہ

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مؤرخہ 15 اور 16؍اکتوبر کو واٹرلو ریجن میں ائمہ کرام اور عربی پڑھانے والے اساتذہ کا ایک ریفریشر کورس منعقد کیا گیا۔

رجسٹریشن

رجسٹریشن کے بعد پروگرام کا باقاعدہ آغاز دن دس بجے تلاوت، قرآنِ کریم و ترجمہ سے ہوا۔جس کے بعد مکرم سلیمان بنگورا صاحب ریٹائرڈ پرنسپل احمدیہ سیکنڈری سکول نیوٹن نے اس پروگرام کا مقصدا ور اہمیت بیان کی۔ افتخار احمد گوندل (خاکسار) نے جماعتِ احمدیہ میں نظامِ خلافت کی اہمیت اور اس کی برکات اور اس کے ذریعہ سے اشاعتِ اسلام پر تقریر کی۔

اس ریفریشر کورس کے تمام شاملین نے مسجد میں ہی حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا خطبۂ جمعہ براہِ راست سنا۔ نمازِ جمعہ کی ادائیگی اور ایک مختصر وقفے کے بعد ہونے والے سیشن میں تین تقاریر ہوئیں جن کے عناوین درجِ ذیل ہیں۔

وفات ِمسیح علیہ السلام۔ اس تقریر میں حاضرین کو اس بات کی وضاحت کی گئی کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام اپنے جسمِ عنصری کے ساتھ آسمان پر موجود نہیں ہیں بلکہ تمام انسانوں اور نبیوں کی طرح وہ بھی ایک طبعی عمر پا کر وفات پاگئے تھے۔

دوسری تقریر مقامِ خَاتَم النّبیّٖنﷺ کے بارہ میں تھی جس میں اس مقام کی صحیح وضاحت کے ساتھ یہ بتایا گیا کہ اب نبوت کا فیض صرف محمدﷺ کی کامل اتباع سے ہی حاصل ہوگا۔

تیسری تقریر میں مقامِ مسیح موعود و مہدی معہود علیہ السلام کے بارہ میں بتایا گیا کہ آپ کو اللہ تعالٰی نے مسلمانوں کی اصلاح کے لئے ایک امتی نبی بنا کر بھیجا۔

تمام تقاریر کے بعد حاضرین کو سوالات کا موقع بھی دیا گیا اور ان کے سوالوں کے جواب دئے گئے۔

نمازِ عصر اور کھانے کے وقفہ کے بعد ایک اور تقریر ہوئی جس کا عنوان صداقت حضرت مسیحِ موعود علیہ السلام تھا۔ خاکسار نے جماعت کی ترقی و استحکام کے بارے میں بتایا کہ مخالفتوں اور مشکلات کے باوجود خلافتِ احمدیہ کے سائے تلے ایک صدی سے زائد عرصہ سے اپنے فضلوں کی بارش برسا رہا ہے اور یہ جماعت آگے سے آگے بڑھتی چلی جارہی ہے اور ہر سال لاتعداد سعید روحیں آنحضرت ﷺ کے غلامِ صادق کو قبول کرتے ہوئے حقیقی اسلام میں داخل ہورہی ہیں۔

دوسرا سیشن

16؍اکتوبر بروز ہفتہ دوسرے دن کا آغاز نمازِ تہجد باجماعت سے ہوا۔ نمازِ فجر اور درس کی ادائیگی اور ناشتہ کے بعد سیشن کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآنِ کریم وترجمہ سے ہوا۔ اس سیشن میں طریقِ وضو اور اس کے مسائل، نمازِ جمعہ کی ادائیگی کا طریق، عیدین، روزہ، زکوٰۃ، حج، نکاح، حق مہر، نمازِ جنازہ اور اختلافی مسائل اور جماعت کے مالی نظام کے بارے میں تفصیل سے بتایا گیا۔

بیعت

اس بابرکت پروگرام کی بدولت Masimbra کے غیر ازجماعت امام نے اپنے 11؍ افرادِ خاندان کے ساتھ بیعت کرکے جماعت احمدیہ مسلمہ میں شمولیت اختیار کی۔

نمازِ ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد شاملین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔

اس پروگرام کی کل حاضری 53 ؍ رہی۔

جلسہ سیرۃ النبیؐ

مکرم افتخار احمد گوندل صاحب ریجنل مبلغ واٹر لو ریجن تحریر کرتے ہیں۔

مورخہ 24؍اکتوبر کو احمدیہ مسجد نیوٹن میں جلسہ سیرۃ النبی ﷺ کا اہتمام کیا گیا۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز دن 11؍بجے تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا۔ مکرم طاہر کروما صاحب نے تلاوت و ترجمہ پیش کیا۔ اس پروگرام کی صدارت مکرم محمد کروما صاحب پرنسپل احمدیہ مسلم سیکنڈری سکول نیوٹن نے کی۔

مکرم اسمٰعیل سانکو ساحب نے قصیدہ یَاعَیْنَ فَیْضِ اللّٰہِ وَالْعِرْفَانٖ پیش کیا جس کے بعد اس کا انگریزی ترجمہ پڑھ کر سنایا گیا۔

پروگرام کی پہلی تقریر خاکسار (افتخار احمد گوندل) نے حضرت مسیحِ موعود علیہ السلام کے عشقِ رسول ﷺ کے عنوان پر کی اور اس ضمن میں آپؑ کی تحریرات اور واقعات سے اس پہلو پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ آنحضرتﷺ کی محبت کے نتیجہ میں ہی اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کیا جاسکتا ہے۔

پروگرام کی دوسری تقریر مکرم طاہر کروما صاحب نے آنحضرتﷺ کی زندگی بطور اسؤہ کامل کے عنوان سے پیش کی اور بتایا کے آنحضرت ﷺ کی زندگی کے ہر پہلو میں ہر انسان کے لئے نمونہ موجود ہے جس پر عمل کرکے ہم بہترین انسان اور مسلمان بن سکتے ہیں۔

تیسری تقریر کا عنوان آنحضرت ﷺ کا خطبہ حجۃ الوداع تھا۔ یہ تقریر مکرم محمد کروما صاحب نے پیش کی۔

سکول کے تین طلباء نے آنحضرت ﷺ کے بچپن اور جوانی، دشمنوں کی مخالفت اور بائیکاٹ اور آپ کے سفر طائف کے بارے میں مختصر طور پر بتایا۔ تقاریر کے بعد ایک مجلسِ سوال و جواب بھی ہوئی جس میں حاضرین کے سوالوں کے جواب دئے گئے۔

پروگرام کے اختتام پر سکول کے 71؍ طلباء نے بیعت کرکے جماعت احمدیہ مسلمہ میں شمولیت اختیار کی۔ نیوٹن ٹاؤن کے علاوہ آٹھ جماعتوں سے 70؍ افراد نے اس پروگرام میں شمولیت کی اور کل حاضری 380؍ رہی۔ دعا کے ساتھ اس بابرکت پروگرام کا اختتام ہوا۔ نماذ، ظہر کی ادائیگی کے بعد شاملین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔

(رپورٹ: افتخار احمد گوندل۔ مبلغ سیرالیون)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 6 دسمبر 2021

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ