• 5 مئی, 2024

امیر صاحب کینیا کا دورہ کوسٹ ریجن

مکرم طارق محمود ظفر صاحب امیر ومشنری انچارج کینیا نے مؤرخہ 8 تا 10؍نومبر 2022ء کوسٹ ریجن کی 6 جماعتوں بنام نزووونی (Nzovuni)، چیبوگا (Chibunga)، ملولہ (Mlola)، مواکی جیمبے (Mwakijembe)، کواکاڈوگو Kwakadogo، اور اُکُونڈا Ukunda کا سہ روزہ دورہ کی توفیق پائی۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ عَلیٰ ذٰلِک

احبابِ جماعت نے امیر صاحب کو خوش آمدید کہا۔ا س دورہ میں آپ نے دیگر احبابِ جماعت سے ملاقات کی اور تعارف حاصل کیا۔اس کے علاوہ تعلیمی اور تربیتی جائزہ لیا اور موقع اور مناسبت کے لحاظ سے احباب کو نصائح فرمائیں۔ خصوصاً نماز با جماعت کی ادائیگی، دینی علم بڑھانے، نظام جماعت کو مضبوطی سے پکڑنے جماعتی اموال کی حفاظت کی طرف توجہ دلائی نیز بچوں کی تربیت اور ان کا مسجد کے ساتھ پیوند مضبوط کرنے پر زور دیا۔ احباب نے اپنی مشکلات اور مسائل کا ذکر بھی محترم امیر صاحب سے کیا۔2 جگہوں پر خشک موسم میں نمازیوں کے لئے پانی کی عدم دستیابی کا ذکر ہوا جس پر امیر صاحب نے فرمایا ہم جماعتی فلاحی تنظیموں کے ذریعے اس مشکل کو حل کرنے کی کوشش کریں گے۔ اسی طرح ایک جما عت نے معلم صاحب کو درخواست کی جس پر امیر صاحب نے فرمایا: آپ اپنے بچے وقف کریں تا ہمارے پاس ہر جماعت کے لیے ایک معلم موجود ہو اور اس بڑھتی ہوئی ضرورت کو پورا کیا جاسکے۔ اس وقت تک آپ خود بنیادی علم حاصل کریں اور اس کمی کو پورا کریں۔ نیز لوکل سرکٹ کے معلم صاحب کو ایسے احباب تیار کرنے کے لئے اپنے آپ کو زیادہ سرگرم کرنے کی طرف توجہ دلائی۔ ایک مسجد جس کی مرمت ہونے والی تھی کے لیے فنڈز دینے کے لیے کہا نیز احباب جماعت کو بھی تحریک کی کہ وہ بھی مسجد کی مرمت میں حصہ ڈالیں۔ کاٹولانی (Katolani) جماعت کے ایک مخلص احمدی مرحوم رمضان یاوا صاحب کی قبر پر دعا کی جو چند ماہ قبل جگر کی بیماری کے سبب فوت ہوئے تھے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ

ملولہ (Mlola) میں عارضی مسجد کی تعمیر

ملولہ میں بفضل اللہ تعالیٰ خاکسار کی کوششوں سے امسال جون میں جماعت قائم ہوئی تھی نصف صد سے زیادہ لوگ دوسرے مسلمان فرقوں میں سے جماعت احمدیہ مسلمہ میں داخل ہوئے تھے ان کی خواہش تھی کہ ہماری اپنی مسجد ہو جس کے لیے انہوں نے کمیونٹی لینڈ میں سے ایک پلاٹ حاصل کیا۔ جماعت نے انہیں آئرن شیٹس (Iron Sheets) مہیا کیں اور اب وہ اپنی کچی مسجد بنا رہے ہیں جب ہم ملولہ پہنچے تو دیکھا کہ مردوزن مسجد کی دیواروں میں گارا چن رہے ہیں جن میں ایک بزرگ مکرم عثمان صاحب اور دوسرے مکرم جمعہ صاحب بھی شامل تھے جو بہت عمر رسیدہ ہیں۔ جزاہم اللّٰہ تعالیٰ احسن الجزاء مکرم امیر صاحب نے ان کے اس جذبے کو سراہا اور استقامت ایمان کے لیے دعا کی۔

مواکی جیمبے (Mwakijembe) میں
معلم ہائوس کا افتتاح

مواکی جیمبے میں ہماری کچی مسجد تھی چند سال پہلے ایک پختہ خوبصورت مسجد بنائی گئی۔ اور اب پرانی مسجد کو گرا کر 2 کمروں پر مشتمل معلم ہاؤس بنایا گیا ہے مکرم امیر صاحب نے فیتا کاٹ کر اس کا افتتاح کیا اور دعا کروائی اور احباب میں شیرینی تقسیم کی گئی۔

اُکُونڈا (Ukunda) میں ریجنل معلمین ومبلغ سلسلہ سےمیٹنگ:
جمعرات کو مکرم امیر صاحب سائوتھ کوسٹ کے 8 معلمین اور ریجنل مبلغ کے ساتھ میٹنگ کی ان کے کام کا جائزہ لیا۔ بعض معاملات میں رہنمائی فرمائی اور آخر پر دعا کروائی۔ اس کے بعد ہم ایک احمدی دوست کے فارم پر اس کے بیٹے کی وفات پر تعزیت کے لیے گئے جو کچھ عرصہ پہلے ملیریا کے سبب وفات پا گئے تھے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور اس کے بوڑھے والد صاحب کو ہمت اور صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین ثم آمین

اس طرح مکرم امیر صاحب کینیا کا دورہ اختتام پذیر ہوا، اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ و ہ اس دورے کو ہر لحاظ سے بابرکت فرمائے اور جماعت کو حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات پہ عمل کرتے ہوئے عظیم الشان کامیابیوں سے ہمکنار فرمائے۔ آمین ثم آمین

(رپورٹ: بشارت احمد طاہر۔ مبلغ سلسلہ ممباسہ ریجن کینیا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 6 دسمبر 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی