• 30 اپریل, 2024

ماہ اکتوبر اور نومبر میں دارو ریجن میں ہونے والی سرگرمیاں

ماہ اکتوبر اور نومبر میں سیرالیون، دارو ریجن
میں ہونے والی سرگرمیاں

سیرالیون کے جنوب مشرق میں آخری ضلع کیلاہوں ہے۔ جماعتی لحاظ سے اس ریجن کا نام دارو DARU ہے۔ اس ریجن کے جنوب میں لائبیریا جبکہ مشرق و شمال میں گنی کراکری ہے۔ یہاں پر جماعت احمدیہ ایک لمبے عرصہ سے قائم ہے، الحمد للہ۔

محض اللہ کے فضل سے ماہ نومبر و دسمبر 2021ء میں داروریجن میں جلسہ ہائے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم اور اجتماعات مجلس خدام الاحمدیہ و اطفال الاحمدیہ و انصاراللہ کے انعقاد کی توفیق ملی الحمد للہ علیٰ ذالک۔ جس کی مختصر رپورٹ پیش خدمت ہے۔

اجتماع مجلس خدام الاحمدیہ و اطفال الاحمدیہ

مورخہ 3 تا10 اکتوبر 2021ء ریجن کے 3 سرکٹس اور 3 مجالس میں اجتماعات منعقد کرانے کی توفیق ملی۔ الحمدللّٰہ

اجتماعات سے کئی روز قبل مقابلہ جات کی تیاری شروع کروا دی گئی اس سلسلے میں تمام جماعتوں میں نصاب علمی مقابلہ جات بھجوایا گیا۔ اجتماع سے قبل ریجنل مجلس عاملہ کے ساتھ میٹنگز کی گئیں۔ ریجن کے پانچ سرکٹس میں اجتماع کا انعقاد کرایا گیا جس میں کل 24 مجالس کے خدام و اطفال نے شرکت کی۔ ہر اجتماع کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ، عہد اور نظم سے ہوا بعد ازاں علمی مقابلہ جات کروائے گئے اختتام سے قبل لوکل مشنریز و معلمین کرام نے تربیت اور عملی اصلاح کے حوالے سے تقاریر کیں ظہر و عصر کے بعد طعام پیش کیا گیا۔ آخر میں علمی مقابلہ جات میں اعزاز پانے والے خدام واطفال میں انعامات تقسیم کئے گئے ان اجتماعات میں خدام اور اطفال کی کل حاضری 310 رہی۔ الحمد للّٰہ

جلسہ ہائے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم

مورخہ 17 اکتوبر تا 30 اکتوبر ریجن کی 14 جماعتوں اور 15 اسکولز میں جلسہ ہائے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کروانے کی توفیق ملی۔ ماہ اکتوبر کے آغاز سے اس کے لیے تیاری شروع کر دی گئی تھی۔

جماعتوں میں جلسوں کی تفصیل

ریجن کی کل 14 جماعتوں میں جلسوں کا انعقاد ہوا۔ احباب جماعت کو سیرت طیبہ صلی اللہ علیہ وسلم کے مختلف پہلووٴں پر تقاریر تیار کروائی گئیں۔ ہر جلسہ کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور حدیث مبارکہ سے ہواجس کے بعد عہدیدران جماعت و دیگر احباب نے کریول زبان میں آنحضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت حسنہ پر تقاریر کیں جلسہ کے دوران نعرہ ہائے تکبیر و رسالت بلند ہوتے رہے۔ تمام جلسوں کا اختتام دعا سے ہوا۔

اسکولز میں جلسوں کی تفصیل

ریجن کے 5 سیکنڈری اسکولز اور 10 پرائمری اسکولز میں جلسوں کا انعقاد کیا گیا۔ جلسوں کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا جس کے بعد نعتیہ منظوم کلام پیش کیا گیا۔ طالب علموں اور اساتذہ کرام نے اپنی تقاریر میں باحسن سیرت کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا۔ جلسوں کے دوران نعرہ ہائے تکبیر و رسالت بلند ہوتے رہے۔ جلسوںکے اختتام پر طلباء سے آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات بابرکات اور سیرت کے حوالے سے سوالات پوچھے گئے اور طلباءمیں حوصلہ افزائی کے لیے نقد انعام تقسیم کیے گئے۔

جلسوں کا اختتام دعا سے ہوا۔ اسکولز میں منعقدہ جلسوں میں شاملین کی تعداد 5430 رہی۔ الحمد للّٰہ

سالانہ ریجنل اجتماع مجلس انصار اللہ

مورخہ 13 نومبر کو مجلس انصاراللہ کو سالانہ ریجنل اجتماع کروانے کی توفیق ملی۔ اجتماع سے قبل ریجنل مجلس عاملہ کے ساتھ میٹنگ کی گئی جس میں عہدیداران کی ذمہ داریاں اور اجتماع کے حوالے سے تمام مجالس تک بروقت اطلاع پہنچانے کے حوالے سے سکیم بنائی گئی۔ الحمد للہ ہر مجلس تک بر وقت اطلاع اور نصاب علمی مقابلہ جات پہنچایا گیا۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت اقدس میں اجتماع کے بابرکت انعقاد کے لیے دعائیہ خط لکھا گیا۔ اجتماع کی صدارت مکرم صدر صاحب مجلس انصاراللہ سیرالیون نے کی۔ اجتماع کے آغاز میں معلم فواد صاحب نے تلاوت قرآن کریم و ترجمہ پیش کیا۔ بعد ازاں PA kawusu sessay صاحب نے انصاراللہ کا عہد دہرایا جس کے بعد مولوی یوسف سعید منسری صاحب نے خلافت کی اہمیت اور برکات کے حوالے سے تقریر کی اس کے بعد علمی مقابلہ جات کروائے گئے تمام انصار نے بڑھ چڑھ کر مقابلوں میں حصہ لیا۔ تمام شاملین اجتماع سے حضور انور کی خدمت میں دعائیہ خطوط لکھوائے گئے۔

اس کے بعد خاکسار نے مجلس انصاراللہ کے قیام و مقاصد اور ہماری ذمہ داریاں کے حوالے سے تقریر کی۔ اجتماع کے اختتام پر صدر صاحب مجلس انصاراللہ نے شاملین اجتماع سے خطاب کیا اور خلیفہ وقت کی انصار اللہ سے توقعات کے حوالے سے شاملین سے خطاب کیا جس کے بعد اعزاز پانے والے انصار میں انعامات تقسیم کیے گئے اجتماع کا اختتام صدر صاحب نے دعا سے کرایا۔ ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد شاملین کی خدمت میں طعام پیش کیا گیا اجتماع میں 21 مجالس کے کل 71 انصار نے شرکت کی الحمد للہ محض اللہ کے فضل اور حضور انور ایدہ اللہ تعالی بنصرہ العزیز کی دعا کی بدولت یہ اجتماع کامیاب رہا۔

احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ تمام احباب جماعت کی مساعی کو قبول فرمائے اور ہر فرد جماعت کے علم ایقان میں برکت دے۔ آمین

(رپورٹ :حافظ صلاح الدین ۔مبلغ سلسلہ سیرالیون)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 7 جنوری 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ