• 2 مئی, 2024

جماعت احمدیہ سوئٹزرلینڈ کے عہدیداران کا ریفریشر کورس

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ سوئٹزرلینڈ کی عاملہ اور مقامی صدران جماعت کا ریفریشر کورس مورخہ 18 جنوری 2020ء بروز ہفتہ نور مسجد ویگولٹینگن میں منعقد ہوا۔ اس کورس میں 41۔ افرادشامل ہوئے۔

صبح ساڑھے دس بجے پروگرام کا آغاز تلاوتِ قرآنِ کریم سے مکرم ولید طارق تارنتسر نیشنل امیر سوئٹزرلینڈ کی صدارت میں ہوا۔ تلاوت قرآنِ کریم اور نظم کے بعد امیر صاحب نے حاضرینِ ریفریشر کورس سے خطاب کرتے ہوئے انہیں ان کی ذمہ داریوں کی بابت ہدایات دیں۔

بعد ازاں مبلغ انچارج سوئٹزرلینڈ مکرم عرفان احمد ٹھاکر صاحب نے اپنی تقریر میں نظامِ جماعت کے موضوع پر خلفائے احمدیت کے ارشادات کی روشنی میں عہدیداران کو نصائح پیش کیں۔

اس کے بعد پروگرام کے مطابق سیکرٹری صاحب امورِ خارجہ اور سیکرٹری صاحب تبلیغ نے اپنے اپنے شعبہ کی ذمہ داریوں کے متعلق احباب کو تفصیلاً آگاہ کیا اور ہدایات دیں۔ اس دوران سوال و جواب کا سلسلہ بھی جار ی رہا۔

بعد ازاں ہمارے پیارے امام حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے دو خطباتِ جمعہ کے کچھ حصے سنائے گئے جن میں حضورِ انور نے عہدیداران کو تقویٰ اور باہمی تعاون سے خدمات سر انجام دینے کی طرف توجہ دلائی تھی۔

اس کے بعد عہدیداروں کے تین گروپس تشکیل دیے گئے، جن میں ایک ایک مربی سلسلہ بھی شامل ہوئے۔ ان گروپس میں تربیت، مال، وقفِ نو اور وصیّت جیسے موضوعات زیرِ بحث آئے۔ ہر گروپ نے باہمی مشاورت سے مذکورہ شعبہ جات کی کارکردگی میں مزید بہتری کے لیے اپنی تجاویز پر مشتمل رپورٹ احباب کے سامنے پیش کی۔ اس کے بعد کھانے اور نمازِ ظہرو عصر کا وقفہ ہوا۔
وقفہ کے بعد خاکسار کو تحریکِ جدید کے قواعد و ضوابط اور خلفائے احمدیت کے ارشادات کی روشنی میں عہدیداران کی ذمہ داریوں کے متعلق ایک پریزینٹیشن پیش کرنے کی توفیق ملی۔ نیز مختلف انتظامی امور کے متعلق سوالات کے جوابات دیے۔

مکرم ڈاکٹر شمیم احمدقاضی سیکرٹری امورِ عامہ و سیکرٹری تربیت نے جماعتی خدمت اور ہماری ذمہ داریوں کے موضوع پر ایک پریزینٹیشن دی۔

ان کے بعد جماعت کے محاسب نے اپنے شعبہ کے حوالہ سے کچھ انتظامی باتیں بتائیں اور سیکرٹری صاحب مال نے عہدیداران کو موجودہ بجٹ بتایا اور اسے مزید کس طرح بڑھایا جا سکتا ہے کے طریق کے متعلق ہدایات دیں۔

آخر پر سوال و جواب کی ایک مختصر سی نشست ہوئی جس کے بعدمحترم امیر صاحب سوئٹزرلینڈ کے اختتامی کلمات اور اجتماعی دعا کے ساتھ پروگرام اختتام پذیر ہوا۔

(رپورٹ :وفا محمد۔سوئٹزرلینڈ)

پچھلا پڑھیں

جماعت سُرینام کی مذہب کے عالمی دن کے پروگرام میں شرکت

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 8 فروری 2020