• 18 مئی, 2024

جس نے یہ کلمات صبح کے وقت کہے اسے شام تک کوئی مصیبت نہیں پہنچے

حضرت طلق رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ ایک شخص حضرت ابودرداء کے پاس آیا اور کہا کہ آپ کا گھر جل گیا ہے تو آپ نے فرمایا کہ میرا گھر نہیں جلا۔ پھر دوسرا شخص آیا اور اس نے کہا کہ آپ کا گھر جل گیا ہے۔ تو آپ نے فرمایا کہ میرا گھر نہیں جلا۔ پھر تیسرا شخص آیا اور کہا کہ اے ابودرداءؓ! آگ لگی تھی اور جب آپ کے گھرکے قریب پہنچی تو بجھ گئی۔ آپؓ نے فرمایاکہ مجھے معلوم تھاکہ اللہ تعالیٰ ایسا نہیں کرے گا۔

حاضرین مجلس نے حضرت ابودرداء سے کہا کہ آپ ؓ کی دونوں باتیں عجیب ہیں۔ پہلے (یہ کہنا )کہ میرا گھر نہیں جلا اور پھر یہ کہنا کہ مجھے علم تھا کہ اللہ ایسا نہیں کرے گا۔آپ ؓنے فرمایا کہ یہ مَیں نے ان کلمات کی وجہ سے کہا تھا جو مَیں نے آنحضور ﷺسے سنے تھے۔آپ ؐنے فرمایا تھا کہ جس نے یہ کلمات صبح کے وقت کہے اسے شام تک کوئی مصیبت نہیں پہنچے گی اور جس نے شام کے وقت یہ کلمات کہے اسے صبح تک کوئی مصیبت نہیں پہنچے گی اوروہ کلمات یہ ہیں :

اَللّٰھُمَّ اَنْتَ رَبِّیْ لَآاِلٰـہَ اِلَّآ اَنْتَ عَلَیْکَ تَوَکَّلْتُ وَاَنْتَ رَبُّ الْعَرْشِ الْعَظِیْمِ۔ مَاشَآءَ اللّٰہُ کَانَ وَلَمْ یَشَأْ لَمْ یَکُنْ۔ لَاحَوْلَ وَلَاقُوَّۃَ اِلَّابِاللّٰہِ ۔اَعْلَمُ اَنَّ اللّٰہَ عَلٰی کُلِّ شَیْئٍ قَدِیْرٌ۔ وَاَنَّ اللّٰہَ قَدْ اَحَاطَ بِکُلِّ شَیْئٍ عِلْمًا۔ اَللّٰھُمَّ اِنِّیْٓ اَعُوْذُبِکَ مِنْ شَرِّ نَفْسِیْ وَمِنْ شَرِّکُلِّ دَآبَّۃٍ أَنْتَ اٰخِذٌ بِنَاصِیَتِھَا اِنَّ رَبِّیْ عَلٰی صِرَاطٍ مُّسْتَقِیْمٍ۔

یعنی اے میرے اللہ !تو ہی میرارب ہے۔تیرے سوا کوئی معبود نہیں۔مَیں تجھ پرہی توکل کرتاہوں اورتو ہی عرش عظیم کا رب ہے۔اور جو تو نے چاہا ہوگیااور جو نہ چاہا وہ واقعہ نہ ہوا۔ اللہ کے سوا کسی کو کوئی طاقت حاصل نہیں۔اورمَیں جانتاہوں کہ اللہ ہر چیز پر قادر ہے اور اس کا علم ہرچیزپر حاوی ہے۔ اے اللہ مَیں اپنے نفس کے شر اور ہر اس جاندار کے شر سے جو تیرے قبضہ ٔقدرت میں ہے تیری پناہ میں آتاہوں۔ یقینا میرارب سیدھے راستہ پرہے۔

(ماخوزازالدعاء للطبرانی باب القول عند الصباح والمساء)

پچھلا پڑھیں

سالانہ تقریب تقسیم انعامات و اسناد جامعہ احمدیہ تنزانیہ 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 8 فروری 2022