• 15 مئی, 2024

آج کی دعا

اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ

(البقرہ: 157)

ترجمہ: ہم یقیناً اللہ ہی کے ہیں اور ہم یقیناً اسی کی طرف لوٹ کر جانے والے ہیں۔

یہ قرآن مجید کی صدمہ یا مصیبت پہنچنے کے وقت کی دعا ہے۔ قرآن کریم میں اس آیت کا سیاق وسباق یوں مذکور ہے۔

اور ہم ضرور تمہیں کچھ خوف اور کچھ بھوک اور کچھ اموال اور جانوں اور پھلوں کے نقصان کے ذریعہ آزمائیں گے۔ اور صبر کرنے والوں کو خوشخبری دے دے۔ اُن لوگوں کو جن پر جب کوئی مصیبت آتی ہے تو وہ کہتے ہیں ہم یقیناً اللہ ہی کے ہیں اور ہم یقیناً اسی کی طرف لوٹ کر جانے والے ہیں۔ یہی لوگ ہیں جن پر ان کے ربّ کی طرف سے برکتیں ہیں اور رحمت ہے اور یہی وہ لوگ ہیں جو ہدایت پانے والے ہیں۔

حضرت ام المومنین ام سلمہ ؓ سے روایت ہےکہ انہیں ابو سلمہ ؓ نے حدیث سنائی کہ انہوں نے رسول اللہ ﷺ کو یہ فرماتے سنا جس مسلمان کو کوئی مصیبت پہنچتی ہے اور وہ اس پریشانی میں اللہ کے حکم (کی تعمیل) کا سہارا لیتا ہے، یعنی کہتا ہے

إِنَّا لِلّٰهِ وَإِنَّآ إِلَيْهِ رَاجِعُونَ اَللّٰهُمَّ عِنْدَكَ احْتَسَبْتُ مُصِيْبَتِىْ فَأْجُرْنِىْ فِيْهَا وَعُضْنِىْ مِنْهَا

ہم اللہ کے ہیں اور اسی کی طرف واپس جانے والے ہیں۔ اے اللہ! میں تجھ سے اپنی مصیبت (پر صبر) کا ثواب چاہتا ہوں، مجھے اس کا اجرو ثواب عطا فرما اور اس کا بدل عطا فرما۔اللہ تعالیٰ اس (مسلمان) کو اس (مصیبت پر صبر) کا ثواب عنایت فرماتا ہے اور اسے اس (چھن جانے والے نعمت) سے بہتر متبادل عطا فرماتا ہے۔

(سنن ابن ماجہ حدیث نمبر: 1598)

(مرسلہ:مریم رحمٰن)

پچھلا پڑھیں

پیارے امام کا پیغام عہدیداران کے نام

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 8 مارچ 2022