• 20 اپریل, 2024

فری میڈیکل کیمپ آئیوری کوسٹ

ہیومینیٹی فرسٹ کی جانب سے شروع کئے گئے مختلف فلاحی کاموں کے سلسلے کی ایک کڑی گلوبل ہیلتھ کے تحت میڈیکل کی سہولیات سے محروم علاقوں میں وہاں کے مقامی افراد کی سہولت کے لئے فری میڈیل کیمپس کا انعقاد بھی ہے۔اس سلسلہ میں محض اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے ہیومینیٹی فرسٹ آئیوری کوسٹ کو امسال اپنا پہلا فری میڈیکل کیمپ موٴرخہ 12؍ فروری 2023ء بروز اتوار آئیوری کوسٹ کے ریجن نڈوسی (N’Douci)کے گاؤں بوسوئے/بناؤ (Boussoué/Binao)میں منعقد کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔یہ گاؤں آئیوری کوسٹ کے معاشی دارلحکومت آبی جان شہر سے تقریباً 100 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہے۔

اس گاؤں کے نو جوانوں کے صدر مکرم ودراگو الحسن صاحب (Ouedragou Allassane) جو جماعت احمدیہ بناؤ کے صدر جماعت بھی ہیں، انہوں نے گاؤں کی یوتھ کے سربراہ ہونے کی حیثیت سے ماہ دسمبر2022ء میں ہیومینیٹی فرسٹ سے اس گاؤں میں میڈیکل کیمپ لگانے کی درخواست کی، جس کو ہیومینٹی فرسٹ کی جانب سے منظور کر لیا گیا۔ خاکسار (رافع احمد تبسم ریجنل مبلغ سلسلہ) اور معلم سلسلہ مکرم شمس الدین صاحب نے گزشتہ ماہ دورہ کے دوران جب انھیں میڈیکل کیمپ کی منظوری کی اطلاع دی تو وہاں کے مقامی افراد میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، الحمدللّٰہ۔ خاکسار نے انہیں بتایا کہ جماعت احمدیہ خدمت خلق کے کاموں میں بہت بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہے تو آپ سب کو بھی اس میں اپنا حصہ ڈالنا چاہیے اور خدمت خلق کا ایک طریقہ چونکہ عطیہ خون کے پروگرام کا انعقاد بھی ہے جو کہ جماعت دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے منعقد کرتی ہے اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے آئیوری کوسٹ میں بھی تقریبا تمام سرکاری سینٹرز جوعطیہ خون کا انتظام کرتے ہیں، کا جماعت سے اس عطیہ خون کے پروگرامزکے انعقاد کے سبب اچھا تعارف ہے،اور ان کو عطیہ خون کے فوائد و اہمیت کے متعلق آگاہی دی اور خواہش ظاہر کی کہ میڈیکل کیمپ والے دن عطیہ خون کا بھی پروگرام کیا جائے، جسےوہاں کے مقامی افراد خصوصا نوجوانوں نے بخوشی قبول کیا۔ جس پر خاکسار نے متعلقہ سرکاری عطیہ خون سینٹر(National Blood Transfusion Center) علاقہ آبوویل(Agboville)سے رابطہ کیا اور انھیں ہیومینیٹی فرسٹ کی طرف سے لگائے جانے والے میڈیکل کیمپ کے انعقاد کی اطلاع کے ساتھ اس سے گاؤں میں آکر عطیہ خون کیمپ لگانے کی درخواست بھی کی اور انھوں نے اس پروگرام میں شرکت کی حامی بھرلی۔

اس سلسلہ میں ہومینٹی فرسٹ آئیوری کوسٹ کے چیئر مین مکرم وترا یحیٰ صاحب (Ouattara Yaya)نے وزارت صحت سے تین سال کے لئے میڈیکل کیمپ منعقد کرنے کا اجازت نامہ دوبارہ حاصل کیا۔ اس سلسلہ میں سال 2023ء کا پہلا میڈیکل کیمپ متعلقہ گاؤں (بوسوئے) میں ہوا اس کی اطلاع ڈسٹرکٹ ڈائیریکٹر شعبہ صحت چیاسالے(Tiassalé)، گبولوویل (Gbolouville)علاقہ کے گورنر اوربوسوئے(Boussoué) گاؤں کے چیف صاحبان کو دی گئی۔

چنانچہ 12؍ فروری کی صبح 7 بجے سے میڈیکل کیمپ کے لئے ہیومنیٹی فرسٹ کے چیئرمین مکرم یحییٰ وترا صاحب،احمدی ڈاکٹر احمد کولیبالی صاحب(Dr.Ahmed Coulibaly) ماہر امراض جگر و معدہ نیز انچارج میڈیکل کیمپ اور ان کی ٹیم جس میں احمدیہ ہسپتال آبیجان کے میڈیکل سٹاف کے 3 افراد کے علاوہ 2 مزید ڈاکٹر ز اور باقی 5رضاکار ممبران سینٹرل مشن ہاؤس میں جمع ہوئے اور سفر نیز کیمپ کے انعقاد کی تیاری شروع کی گئی۔7بجکر 45 منٹ پرامیر و مشنری انچارج جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب نے دعا کے ساتھ قافلہ کو الوداع کیا۔100 کلومیٹر کا یہ فاصلہ جماعتی گاڑی(mini bus) میں تقریباً دوگھنٹے میں طے کرکے 10 بجے سے پہلے بروقت گورنمنٹ پرائمری سکول بوسوئے گاؤں پہنچے جہاں پر موجود خدام کی مدد سے مختصر وقت میں ایک عارضی ہسپتال قائم کیا گیا۔ پروگرام کے آغاز میں مکرم یحیٰ وترا صاحب نے ہیومینٹی فرسٹ کا تعارف اور اس کے فلاحی کاموں کا کچھ خاکہ پیش کیا اور مقامی معلم صاحب نے اس کا جولا زبان میں ترجمہ کیا اور آخر پر خاکسار نے دعا کروائی جس کے ساتھ ہی اس فری میڈیکل کیمپ کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے صبح دس بجے سے لے کر تین بجے سہ پہر تک کیمپ میں موجود ڈاکٹر صاحبان نے تقریباً 215 سے زائد مریضوں کا معائنہ کیا اور ان کو ہیومینیٹی فرسٹ کی جانب سے فری ادویات فراہم کی گئیں۔اس کیمپ میں ہیپاٹائیٹس بی اور سی(Hepatitis B & C) کے فری ٹیسٹ کے علاوہ ذیابیطس کے ٹیسٹ کی بھی سہولت تھی جس کا عوام الناس کو بھرپور فائدہ ہوا۔جبکہ دوسری جانب عطیہ خون کی ٹیم نے بھی بروقت پہنچ کر کام شروع کردیا تھا۔ اس گاؤں میں پہلی مرتبہ جماعت احمدیہ کی بدولت عطیہ خون کا انتظام کیا گیا جس میں مقامی احباب نے چونتیس(34) خون کی بوتلیں عطیہ کیں جس پر موجود ٹیم نے جماعت احمدیہ اور ہیومینٹی فرسٹ کا شکریہ ادا کیا جس کی بدولت یہاں کے افراد نے بھی اس کار خیر میں حصہ لیا۔میڈیکل کیمپ میں موجود مریضوں اور مقامی اتھارٹیز نے ہیومینٹی فرسٹ اور جماعت احمدیہ کا شکریہ ادا کیا اور ڈاکٹرز کی کاوشوں کو سراہا اور اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ گاؤ ں کے نوجوانوں نے عطیہ خون اور ہیومنٹی فرسٹ کی ٹیم کے لئے بہترین کھانے کا انتظام کیا ہوا تھا، اللہ تعالیٰ انہیں جزاء حسنہ سے نوازے۔ میڈیکل کیمپ کے آخر پر ہیومینٹی فرسٹ کی ٹیم کی جانب سے مقامی صاحب اختیار افراد کا شکریہ ادا کیا، باجماعت نمازوں کی ادائیگی کے بعد کیمپ کا اختتا م ہوا اور دوبارہ سے تمام سامان گاڑی میں لوڈ کرکے واپسی کا سفر شروع کیا گیا اور تقریبا شام 6 بجے سینٹرل مشن ہاؤس آبی جان پہنچے،جہاں محترم امیر صاحب نے قافلے کا استقبال کیا جس کے بعد انھیں کیمپ کے کامیاب انعقاد کی تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔ہیومییٹی فرسٹ کی جانب سے لگائے جانے والے اس میڈیکل کیمپ کی رپورٹ ایک مقامی اخبارAIP میں مورخہ 14؍ فروری کوشائع ہوئی اور ایک ٹی وی چینل کےمقامی نمائندہ نے بھی اس کی کوریج کی نیز سوشل میڈیا کے ذریعے بھی اس کیمپ کی رپورٹ کی اشاعت کی گئی۔ الحمدللّٰہ

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ میڈیکل کیمپ اور عطیہ خون کی ٹیمز اور تمام معاونین کو جزاء حسنہ سے نوازے، اور مریضوں کو شفاء کاملہ و عاجلہ عطا فرمائے نیز ہیومینیٹی فرسٹ کے خدمت انسانیت کے اس سلسلہ کو ہمیشہ اسی جوش وجذبے کے ساتھ جاری رکھنے کی توفیق عطا کرے۔ آمین

(رپورٹ:رافع احمد تبسم۔ مبلغ سلسلہ آئیوری کوسٹ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 7 مارچ 2023

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ