• 5 مئی, 2024

ایم ٹی اے کے ذریعہ جلسہ برطانیہ 2022ء میں شمولیت

خاکسار اور خاکسار کے اہل و عیال کی طرف سے تمام قارئین کو جلسہ سالانہ یوکے کی کامیابی پر بہت بہت مبار ک ہو۔خدا تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ یوکے کا 56 واں جلسہ سالانہ اپنی بے شمار برکات اور فضلوں کے ساتھ آیا اور حسین یادیں چھوڑ کر چلا گیا۔اور اپنے پیچھے اداسی چھوڑ گیا کہ ان برکات کے لئے سارا سال انتظار کرنا پڑے گا۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس سال جماعت احمدیہ گیمبیا نے ملک کے تمام ریجنز میں مشن ہاؤسز اور مساجد میں اجتماعی طور پر جلسہ سننے کا انتظام کیا۔ الحمدللہ۔ اسی طرح ہم نے بھی اپنے ریجن لوئر ریور ریجن میں مختلف مقامات پرجلسہ دیکھنے کا اجتماعی پروگرام بنایا۔ اللہ کے فضل سے تمام پروگرام بہت اچھے رہے اور احمدی اور غیر احمدی تمام احباب نے جلسہ کو بہت سراہا اور اپنی علمی و روحانی پیاس بجھائی۔ ریجنل ہیڈ کوارٹر مانساکونکو میں جلسہ کے تینوں دن ظہرانہ اور ریفریشمنٹ پیش کی گئی۔

جلسہ کا سب سے اہم حصہ عالمی بیعت کا منظر تھا اور تمام احباب نے عالمی بیعت اور حضور انور ایدہ اللہ کے خطابات جو جلسہ کی جان تھے، سے بہت لطف اٹھایا۔ ایک احمدی لجنہ مکرمہ عائشہ لی نے کہا کہ عالمی بیعت میں شامل ہونے کا لطف اور روحانی جذبہ ناقابل بیان تھا۔ بیعت کرنے کے بعد مجھے ایسے لگ رہا ہے کہ جیسے میری نئی پیدائش ہوئی ہے۔

ریجن میں کل آٹھ مقامات پر اجتماعی طور پرجلسہ سننے کا انتظام تھا، جن میں تقریباً ڈیڑھ ہزار افراد نے جلسہ دیکھا اور سنا۔ اس کے علاوہ ایک بڑی تعداد نے اپنے گھروں میں بیٹھ کر اپنی فیملیز کے ساتھ جلسہ سنا۔

اس بار جلسہ سالانہ یوکے گیمبیا کے لئے منفرد اور بہت ہی برکتیں لئے ہوئے تھا، جن کا ذکر تو یہاں ممکن نہیں، تاہم چند ایک کا ذکر ضروری معلوم ہوتا ہے۔

اس جلسہ پر ایک خاص قابل ذکر بات یہ ہوئی کہ ہمارے یہاں آجکل بارشوں کا موسم ہے اور اگست میں تو تقریباً ہر روز تیز بارش ہوتی ہے۔ اس وجہ سے خدشہ تھا کہ کہیں بارش انتظامات خراب نہ کردے۔ کیونکہ بارش میں کھانا پکانا، اچھی حاضری ہونا مشکل ہوتا ہے۔ پھر ہمارے یہاں نوے فیصد گاؤں میں بجلی نہیں ہے اور لوگ سولر کے ذریعہ ایم ٹی اے دیکھتے ہیں۔ اس لئے بارش کے دوران سولر کا انرجی مہیا کرنا بھی ناممکن ہے۔ پس یہ بھی ایک ڈر تھا کہ بارش جلسہ کے پروگرام براہ راست دیکھنے میں بھی مخل ہو گی۔ اس لئے دعا بھی کی اور پیارے آقا کی خدمت میں دعا کے لئے درخواست بھی کی۔ اس پر خدائے عزّوجل نے ایسا فضل فرمایا کہ تینوں دن بارش نہیں ہوئی۔ سب جماعتی سنٹرز پر احباب نے براہ راست جلسہ دیکھا۔ پھر خدا کی کرنی دیکھیں کہ 7؍ اگست کو جلسہ ختم ہونے کے ایک گھنٹہ بعد ہی تیز بارش شروع ہوگئی اور پھر شام سے لے کر ساری رات بہت تیز بارش ہوتی رہی۔ بجلی بھی کئی گھنٹہ تک بند رہی۔ تو گویا اللہ تعالیٰ نے ہمارے جلسہ کی وجہ سے جو بارش گزشتہ تین دنوں سے روک رکھی تھی، وہ تین دن کی ساری بارش اور موسمی خرابی جلسہ ختم ہونے کے بعد والی رات کو ہوئی۔ یہ اللہ تعالیٰ کا خاص فضل ہے اور کسی نشان سے کم نہیں۔ الحمدللّٰہ علیٰ ذٰلک

اس بار جلسہ کی براہ راست کاروائی ایم ٹی اے گیمبیا پر بھی دکھائی گئی۔ ایم ٹی اے گیمبیا اب اللہ کے فضل سے ملک کے اپنے سیٹلائٹ پر بھی دستیاب ہے،اس لئے ایم ٹی اے گیمبیا تک اب عام آدمی کی رسائی نہ صرف ممکن بلکہ بہت آسان ہے۔ اس کے علاوہ ایک اہم بات یہ کہ پیارے آقا حضور انور ایدہ اللہ کے تمام خطابات براہ راست ملک کی لوکل زبان منڈیکا میں ترجمہ کئے گئے۔ اس سے بہت زیادہ فائدہ ہوا۔ کیونکہ گاؤں کے علاقوں میں لوگوں کی اکثریت انگریزی نہیں سمجھتی، جبکہ لوکل زبانیں سب ہی سمجھتے ہیں۔ یوں اس بار لوگوں نے اپنی لوکل زبان میں پیارے حضور کے تمام روح پرور خطابات نہ صرف سنے بلکہ سمجھ کر سنے۔

اس بار جلسہ سالانہ یوکے گیمبیا میں ملک کے نیشنل چینل اور ریڈیو (جی آر ٹی ایس) پر بھی براہ راست دکھایا گیا اور ان چینلز پر بھی حضور انور ایدہ اللہ کے خطابات کے لوکل زبان میں تراجم ہوئے۔ چونکہ یہ چینل تقریباً ہر گھر میں موجود ہے اس وجہ سے اللہ کے فضل سے ملک کی بہت بڑی تعداد نے یہ جلسہ سنا اور دیکھا۔ اور جن کے پاس ٹی وی نہیں انہوں نے ریڈیو پر جلسہ کی کارروائی اور خطابات سنے۔

مذکورہ بالا بات کا اندازہ اس واقعہ سے ہوجاتا ہے کہ جب ریجنل صدر جماعت نے ڈسٹرکٹ چیف مکرم یحییٰ جارجو سی کو فون کر کے جلسہ کے لئے مشن ہاؤس آ کر جلسہ سننے کی دعوت دی تو انہوں نے کہا کہ آپکے فون سے پہلے ہی میں جلسہ جی آر ٹی ایس پر دیکھ رہا ہوں۔

ریجن میں جلسہ دیکھنے والوں میں چند قابل ذکر غیر احمدیوں میں ڈسٹرکٹ چیف، مختلف گاؤں کے الکالو، او سی ایس آئی ایس، عیسائی پادری، چار امام اور ان کے نائب امام صاحبان، منسٹری آف ایجوکیشن کے نمائندے، امیگریشن آفس کے نمائندے، کونسلرز اور دیگر احباب شامل ہیں۔ انہوں نے نہ صرف یہ کہ جلسہ دیکھا بلکہ بہت اچھے تاثرات کا اظہار بھی کیا۔ جلسہ دیکھنے کے دوران ایک تبصرہ جو تمام غیر احمدیوں کی طرف سے مشترک تھا، یہ تھا کہ ہمارے مولوی جماعت احمدیہ کے بارے میں جو بھی بتاتے ہیں وہ سب جھوٹ ہے۔ آج ہمیں معلوم ہوگیا ہے کہ آپ کی جماعت سچی ہے اور آپ کے خلیفہ ایک بہت نیک اور متقی انسان ہیں۔ اور جتنی محبت اور اطاعت رسول اکرم ﷺ کی آپ کرتے ہیں، کوئی اور مسلمان فرقہ نہیں کرتا۔الحمدللّٰہ

ایک غیر احمدی دوست مکرم محمد بوجنگ نے کہا کہ مجھے بتایا گیا تھا کہ احمدی آنحضرتﷺ کو نہیں مانتے۔ لیکن میں آج بہت حیران ہوا ہوں کہ آپ کے جلسہ میں بار بار حضرت محمدﷺ کا نام لیا جارہا ہے۔ اور قرآن کے حوالے پیش کئے جارہے ہیں۔ میں نے آپ سے بڑھ کر کسی کو اس طرح آنحضرتﷺ سے پیا ر کرتے نہیں دیکھا۔

ایک غیر احمدی دوست مکرم بکرے باہ کہتے ہیں کہ آپ کے خلیفہ کا چہرہ دیکھنے سے خدا یاد آتا ہے۔ ان کو دیکھنے سے ہی پتہ چل جاتا ہے کہ یہ عام آدمی نہیں ہیں۔ بہت ہی نیک اور متقی انسان ہیں۔ ایک اور دوست مکرم ڈبا صاحب کہتے ہیں کہ جماعت احمدیہ سچی ہے اور آپ کا خلیفہ سچا اور متقی شخص ہے۔ اور یہ بات سب جانتے ہیں۔ لیکن اپنے آباؤ اجداد اور مولویوں کی وجہ سے قبول نہیں کرتے کیونکہ مولویوں نے ان کو ڈرایا ہوا ہے۔

آخر میں اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اس جلسہ کے بابرکت اور دور رس نتائج پیدا فرمائے۔ اور تمام دنیا کو زمانے کے امام کو پہچاننے کی توفیق عطاء فرمائے۔ ہمیں بھی پیارے آقا کی تمام نصائح پر عمل کرنے کی توفیق عطاء فرمائے۔ آمین

(مسعود احمد طاہر۔نمائندہ الفضل آئن لائن گیمبیا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 7 ستمبر 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ