• 19 مئی, 2024

نمازجنازہ حاضر و غائب

مکرم منیر احمد جاوید پرائیویٹ سیکرٹری یہ اطلاع دیتے ہیں کہ حضرت امیر المؤمنین خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالی نے مؤرخہ 23؍ اگست 2022ء بروز منگل 12بجے دوپہر اپنے دفتر سے باہر تشریف لا کر ایک نماز جنازہ اور چند نماز جنازہ غائب پڑھائے۔

نماز جنازہ حاضر

مکرمہ محمودہ باسط صاحبہ اہلیہ مکرم مولانا عبد الباسط شاہد صاحب (یوکے)

16؍اگست 2022ء کو 81 سال کی عُمرمیں بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحومہ محترم میاں چراغ دین صاحب آف ہوشیار پور کی بیٹی اور مکرم مولوی محمد صدیق صاحب مرحوم انچارج خلافت لائبریری ربوہ اور مکرم مولوی محمد شریف صاحب سابق مبلغ سلسلہ بلاد عربیہ کی بھانجی تھیں۔مرحومہ نے شادی کے بعد مکرم مولانا عبد الباسط شاہد صاحب (مربی سلسلہ) کے ساتھ وقف کی روح کے ساتھ زندگی بسر کی اور جہاں بھی وہ رہے وہاں بچوں اور خواتین کو دینی تعلیم اور قُر آنِ کریم سکھانے اور پڑھانے کا فریضہ بہت عمدگی سے ادا کرتی رہیں۔ مرحومہ بہت دیندار، صوم وصلوۃ کی پابند، بڑی ملنسار، مہمان نواز اور خلافت کیساتھ اخلاص و وفا کا تعلق رکھنے والی صابرہ و شاکرہ بزرگ خاتون تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں میاں کے علاوہ چار بیٹیاں اور دو بیٹے اور بہت سے نواسے نواسیاں اور پوتے پوتیاں شامل ہیں۔ آپ کے دو پوتے واقف زندگی ہیں اور بطور مربیان سلسلہ خدمت کی توفیق پا رہے ہیں۔آ پ مکرم آصف محمود باسط صاحب واقف زندگی (ڈائریکٹر پروگرامنگ ایم ٹی اے انٹرنیشنل) کی والدہ تھیں۔

نماز جنازہ غائب

-1 مکرم الحاج رانا عبد الکریم خان صاحب کاٹھگڑھی (جرمنی)

30؍جون 2022ء کو 88سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ آپ حضرت حاجی چوہدری عبد الحمید خان صاحب کاٹھگڑھی رضی اللہ عنہ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے بیٹے تھے۔ آپ نے لمبا عرصہ سیکرٹری مال چک نمبر2TDA ضلع خوشاب کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔

صوم وصلوۃ کے پابند، تہجد گزار، دعا گو، ایک باوفا اور خوش اخلاق انسان تھے۔خلافت سے محبت اور عقیدت کا گہر اتعلق تھا۔ مرحوم موصی تھے۔پسماندگان میں چار بیٹے اور دو بیٹیاں اور کثیر تعداد میں پوتے پوتیاں اور نواسے نواسیاں شامل ہیں۔

-2 مکرمہ نسرین بھٹی صاحبہ اہلیہ مکرم مشتاق احمد صاحب بھٹی (لانگن۔جرمنی)

13؍جولائی 2022ء کو بقضائے الہٰی وفات پا گئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ مرحومہ صوم وصلوۃ کی پابند، غریبوں کی مدد کرنے والی، حقوق اللہ او ر حقوق العباد کا خیال رکھنے والی، ایک ہنس مکھ اور نیک فطرت خاتون تھیں۔ خلافت کے ساتھ اخلاص کا گہرا تعلق تھا۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں چار بیٹے شامل ہیں۔

-3 مکرم حکیم محمد اکمل خان صاحب ابن مکرم حکیم فضل غفور خان صاحب (صادق آباد)

14؍مئی 2022ء کو 84سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحوم نے بیس سال صدر جماعت شمس آباد کے طورپر خدمت کی توفیق پائی۔ بہت نیک مخلص اور باوفا انسان تھے۔ مرحوم موصی تھے۔

-4 مکرم ناصر احمد صاحب ملہی (ریٹائڑڈ مربی سلسلہ۔ربوہ)

7؍جولائی 2022ء کو 72سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحوم نے جامعہ سے شاہد کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد پاکستان کے مختلف مقامات کے علاوہ 1984ء سے 1988ء تک گھانا میں خدمت کی توفیق پائی۔ مجلس نابینا کے تحت نا بینا افراد کو تعلیم دینے کا موقعہ بھی ملا۔ مرحوم صوم وصلوۃ اور تلاوت قرآن کریم کے پابند، بہت ہمدرد، ملنسار، ہمسائیوں سے حسن سلوک کرنےوالے، بہت نیک، کم گو اور خوش مزاج انسان تھے۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹی شامل ہے۔

-5 مکرمہ سلیمہ بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم منیر احمد صاحب مرحوم (ربوہ)

25؍نومبر 2021ء کو بقضائے الہٰی وفات پا گئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ آپ مکرم حکیم اللہ دتہ صاحب رضی اللہ عنہ صحابی حضرت مسیح موعودؑ کی پوتی تھیں۔ صوم وصلوۃ کی پابند، مہمان نواز، متوکل علی اللہ، ایک نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ خلافت سے گہرا عقیدت کا تعلق تھا۔ پسماندگان میں تین بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔

-6 مکرمہ زرینہ صاحبہ اہلیہ مکرم ملک رب نواز صاحب (سابق انسپکٹر وقف جدید۔ ربوہ)

15؍جولائی 2022ء کو بقضائے الہٰی وفات پا گئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحومہ صوم وصلوۃ کی پابند، تہجد گزار، دعا گو، باقاعدگی سے تلاوت قرآن کریم کرنے والی، خلافت سے گہری وابستگی رکھنے والی، چندوں میں باقاعدہ اور صدقہ وخیرات کرنے والی ایک سادہ مزاج نیک سیرت خاتون تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں تین بیٹیاں اور دو بیٹے شامل ہیں۔

-7مکرم طاہر محمد محمود قصوری صاحب ابن مکرم عطاء محمد صاحب (ہالینڈ)

20؍جون 2022ء کو بقضائے الہٰی وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ آپ کے والد نے 1935ء میں احمدیت قبول کرنے کی توفیق پائی۔ آپ تعلیم کے پیشہ سے منسلک تھے۔ خدام الاحمدیہ میں پہلے نائب قائد ضلع لاہور اور پھر قائد ضلع قصور کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ 1987ء میں ہالینڈ آنے کے بعد وہاں بھی مختلف رنگ میں خدمت بجالاتے رہے۔ خدمت خلق کا شوق جنون کی حد تک تھا۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ چار بیٹیاں شامل ہیں۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔ آمین

ادارہ الفضل کی طرف سے مرحومین کے تمام لواحقین تعزیت قبول کریں۔

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 7 ستمبر 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ