• 29 اپریل, 2024

ایڈیٹر کے نام خط

مکرم ایڈیٹر صاحب الفضل آن لائن لندن

السلام علیکم رحمۃ اللہ وبرکاتہ

امید کہ آپ بخیروعافیت ہوں گے ۔آپ کی طرف سے مضامین کے اعلانات پر ایک مضمون ’’رشتہ کرنے کے زریں اصول‘‘ ارسال کیا تھا اور آپ نے بھی ساتھ ہی مطلع کیا تھا Sent for composing۔ لیکن ابھی تک اس کا نمبر نہیں آیا۔ آپ جانتے ہیں مجھ جیسے کم علم کے لئے مضمون لکھنا کس قدر دشوار گزار کام ہے وہ بھی آپ کے تجویز کردہ مضمون پر۔ اگر آپ کی طرف سے حوصلہ افزائی ہو تو مزید لکھنے کی ہمت اور تحریک ہوسکتی ہے۔ میرے مضمون کی اشاعت ہی آپ کی طرف سے بہترین معاوضہ ہے۔ اس کے ساتھ ہی ’’چھوٹی مگر سبق آموز بات‘‘ پر تین الگ الگ پہرہ گراف ارسال کئے تھے وہ بھی طبع ہونے سے رہ گئے ہیں۔ ممکن ہے کہ آپ کے پاس لمبی فہرست ہو۔ قلم کار اس میں بڑی دلچسپی لے رہے ہوں۔ لکھنے میں بھی، پڑھنے میں بھی اور عمل کرنے میں بھی۔

الفضل آن لائن لندن کسی دن مجبوری سے شائع نہ ہو تو بہت شاق گزرتا ہے۔ آپ اس درد کو محسوس نہیں کرسکتے کہ قارئین پر کیا گزرتی ہے۔ اب تو آپ کے اخبار کا معیار پہلے سے کہیں زیادہ بلند ہوچکا ہے۔ الفضل کا کمال یہ ہے کہ اس اخبار میں ہر ذائقہ کی تخلیق پڑھنے کو ملتی ہے معلومات میں اضافہ ہونے کے ساتھ ساتھ کئی ملکوں کی سیر ہوتی ہے۔ تربیت پر مبنی ادارئیے جن کے عناوین کا چناؤ آج کی ضرورت کے عین مطابق ہوتا ہے وہ صرف آپ کے اخبار کا خاصہ اور حصہ ہے۔ ’’صحابہ سے ملا جب مجھ کو پایا‘‘ کی دونوں اقساط ایمان وعلم میں اضافہ کا مؤجب ہوئیں۔ اللھم زد فزد۔ دیگر مضامین بھی فاضلانہ محققانہ ہوتے ہیں بلکہ بعض مضامین قاموسی نوعیت کے ہوتے ہیں۔

حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور خلفا ئےکرام کے ارشادات تو حد درجہ گراں قدر حسن طباعت اور کتابت اور دیدہ زیب ٹائٹل کے ساتھ مستند دستاویز ہوتے ہیں ۔جن سے ہمیں کافی معلومات مل رہی ہیں۔حضرت امیر المؤمنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطبات تو MTA پر ساتھ ساتھ سنتے ہیں پھر بھی الفضل میں شائع ہونے والے خطبات پڑھنے کو جی چاہتا ہے۔ حضرت امیر المؤمنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ’’بنیادی مسائل کے جوابات‘‘ کا سلسلہ جو آپ قسط وار شائع کر رہے ہیں وہ ایک مکمل دستاویز ہے اور عین حالات حاضرہ کے مطابق ہے۔ باریک در باریک پہلو اجاگر ہورہے ہیں۔ علم میں اضافہ کے ساتھ ساتھ کئی امور میں رہنمائی بھی ہورہی ہے۔

علاوہ ازیں الفضل میں اردو ادب کا وقار اور دائرہ بھی وسیع سے وسیع تر ہوتا جا رہا ہے۔ اس اخبار کے ذریعہ مغربی دنیا میں اردو زبان کے پھیلاؤ کے امکانات روشن ہوئے ہیں اور اس کی خوشبو سرحدوں کو مضبور کرتی جارہی ہے۔ ایک طرف احمدیت حقیقی اسلام کی اشاعت، دوسری طرف اردو زبان کی خدمت عجیب سنگم ہے۔ یہ صرف اور صرف الفضل آن لائن لندن کا عظیم کار نامہ ہے۔

والسلام
خاکسار
محمد عمر تیما پوری۔ کوآڈینیٹر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی علی گڑھ، انڈیا

نوٹ از ایڈیٹر: الفضل کی پوری ٹیم آپ تمام قارئین کے لئے علمی و روحانی مائدہ مہیا کرنے کے لئے ہمہ تن مصروف رہتی ہے۔ ماسوائے اتوار کے کسی دن کا ناغہ الفضل بورڈ کے ممبران کے تصور میں بھی نہیں۔ گزشتہ دنوں ٹیکنیکل خرابی کی وجہ سے اپ لوڈ کیا ہوا شمارہ وقت پر لانچ نہ ہو سکا تو قارئین کے فونز اور میسیجز کا ایسا تاندھا بندھا کہ قارئین کا اپنے پیارے اخبار الفضل سے عشق و محبت دیدنی تھا اور اس وقت تک سکھ کا سانس نہیں لیا جب تک ہماری اپ لوڈ کرنے والی ٹیم نے اس کا کوئی حل نہیں کر لیا۔ ادارہ الفضل نے تو قارئین کی شدید خواہش اور مطالبہ پر اخبار کا حجم 8 صفحات سے 10 صفحات کر دیا ہے اور یہ محض اللہ تعالی کا فضل ہے کہ اس کی توفیق اور حضرت خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ تعالی کی خصوصی توجہ، رہنمائی اور دعا سے روزانہ یہ لذیذ مائدہ منظر عام پر آ جاتا ہے۔ جس میں تمام قارئین اور بالخصوص مضمون نگاروں و شعراء کا لہو شامل ہے۔ فجزاھم اللہ تعالی فی الدارین خیرا۔

پچھلا پڑھیں

جلسہ سالانہ

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 8 اکتوبر 2021