• 3 مئی, 2025

مدرسہ بزبان فُلفُلدے برکینا فاسو

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے حضرت مسیح موعود ؑ کا پیغام دنیا کے کناروں تک پہنچ چکا ہے۔ اور ہر سال ہزاروں اقوام اس چشمہ سے پانی پیتی ہیں۔ چنانچہ ان اقوام کی تعلیم و تربیت کے لیے جماعت احمدیہ کی تمام تنظیمیں پروگرام بناتی ہیں۔تاکہ سچی اسلامی تعلیم ان کو سکھائی جائے۔ اسی سلسلہ میں جماعت احمدیہ برکینا فاسو بھی ہر سال سینکڑوں پروگرام ایسے بناتی ہے جس سےنومبائعین میں احمدیت کی سچی روح پھونکنے کی کوشش کی جاتی ہے۔اس سال ڈوری ریجن میں کئی تربیتی پروگرام منعقد کیے گئے جس میں مدرسہ بزبان فلفلدے بھی شامل ہے۔

برکینا فاسو میں ایک بہت بڑی تعداد ایسے لوگوں کی ہے جن کی زبان فلفلدے ہے۔اور ان لوگوں کو فولانی بھی کہا جاتاہے۔اگرچہ یہ قوم تمام ملک میں پھیلی ہوئی ہے لیکن برکینا فاسو کے شمالی حصہ میں زیادہ تر یہی قوم آباد ہے۔ اس قوم میں ہر سال سینکڑوں کی تعداد میں سعید روحیں احمدیت کی آغوش میں آتی ہیں۔اس قوم کے لوگ زیادہ تر مسلمان ہیں۔ چنانچہ ان کی تعلیم و تربیت کے لیے اس سال تقریبا ًایک ماہ کے لیے فلفلدے زبان میں مدرسہ کا انعقاد کیا گیا۔

مدرسہ کے آغاز سے پہلے لقمان فردوس صاحب ریجنل مشنری اور ریجنل قاعد یاترا سلیمان صاحب نے معلمین کے ساتھ میٹنگ کی اور باقاعدہ پروگرام بنایا اور مختلف ذمہ داریاں تقسیم کر لیں۔ یکم اکتوبر 2021ءکو جماعت احمدیہ کے ڈوری مشن میں افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔جس میں صدر صاحب خدام الاحمدیہ کے نمائندہ نے شرکت کی۔

مدرسہ میں مختلف مضامین پڑھائے گئے جن میں قاعدہ یسرنا القرآن، قرآن کریم ناظرہ،فقہ، کلام،حدیث،تایخ اسلام و احمدیت وغیرہ شامل تھے۔

ہر جمعرات،جمعہ اور اتوار کی صبح کو نمازتہجد کا انعقاد کیا جاتا رہا۔نیز عصر کی نماز کے بعد دس وقار عمل کروائے گئے اور کھیلوں کا انعقاد کیا جاتا رہا۔عشاء کی نماز کے بعد سوال و جواب کی مجلس لگائی جاتی رہی۔مدرسہ کی اختتامی تقریب26 اکتوبر2021ء کو انعقاد کی گئی۔ اس مدرسہ میں 12جماعتوں سے 45 خدام واطفال شامل ہوئے۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ تمام شاملین مدرسہ ایمان و وفا میں بڑھتے چلیں جائیں اور جماعت احمدیہ سے ایک مضبوط تعلق پیدا ہوجائے۔

(مبارک احمد منیر۔نمائندہ الفضل برکینا فاسو)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 7 دسمبر 2021

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ