• 5 مئی, 2024

نیشنل سالانہ اجتماع مجلس خدام الاحمدیہ کینیا

الحمد للّٰہ خدا تعالیٰ کے خاص فضل وکرم سے مشرقی افریقہ کے ملک کینیا کی مجلس خدام الاحمدیہ کو اپنا اڑتیسواں اور مجلس اطفال الاحمدیہ کو اپنا آٹھواں سہ روزہ نیشنل سالانہ اجتماع موٴرخہ 16-18؍ستمبر 2022ء کو اپنے ہیڈ کوارٹر نیروبی میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ جس کی مختصر رپورٹ بغرضِ دعا پیش خدمت ہے۔

اجتماع کے کامیاب انعقاد کے لئے کئی میٹینگز کی گئیں جن میں انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ مختلف شعبہ جات کو ان کی ڈیوٹیوں کے حوالے سے تفصیلی ہدایات دی گئیں۔ کرونا جیسی موذی وبا کی وجہ سے گزشتہ دو سال سےاجتماع منعقد نہ ہو سکا تھا۔ اس لئے امسال خدام واطفال ایک خاص جذبے کے ساتھ اجتماع میں شامل ہوئے۔ امسال اجتماع کا مرکزی موضوع ’’خلافت توحیدِ الہی کی ضامن ہے‘‘ تھا۔ تمام پروگرامز اس موضوع کے حساب سے ترتیب دئیے گئے۔

پہلا دن 16؍ستمبر بروز جمعہ

16؍ستمبر کی صبح سے ہی ملک بھر کے 12 ریجنز سے خدام و اطفال نیروبی پہنچنا شروع ہو گئے۔ شعبہ رجسٹریشن نے سب شاملین کی رجسٹریشن کی اور انہیں اجتماع میں شمولیت کا کارڈ جاری کیا۔ نمازِ جمعہ اور عصر کے بعد خدام و اطفال نے دوپہر کا کھانا کھایا۔ اور پھر کینیا وقت کے مطابق سہ پہر تین بجے پیارے آقا جان حضرت خلیفۃ المسیح الخامس اید ہ اللہ تعالیٰ بنصر ہ العزیز کا ایمان افروز خطبہ جمعہ بڑے شوق اور انہماک سے سماعت فرمایا۔ حضور انور اید ہ اللہ تعالیٰ بنصر ہ العزیز کے خطبہ جمعہ کے بعد باقاعدہ اجتماع کا آغاز پرچم کشائی کی تقریب سے ہوا۔ تمام خدام و اطفال اپنے اپنے ریجن کی لائنوں میں بڑے وقار کے ساتھ کھڑے تھے۔ یہ منظر بہت ہی بھلا نظر آتا تھا۔ مکرم امیر صاحب کینیا نے کینیا کا اور مکرم صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ نے خدام کا جھنڈا لہرایا۔ دورانِ تقریبِ پرچم کشائی فضاءنعرہ ہائے تکبیر سے گونج اُٹھی۔ پرچم کشائی کے آخر پر مکرم امیر صاحب نے دعا کروائی۔ بعد ازاں تمام خدام واطفال اپنی اپنی لائنوں میں افتتاحی اجلاس میں شمولیت کے لئے احمدیہ ہال جسے اجتماع کے لئے خوبصورت جھنڈیوں اور بینرز سے سجایا گیا تھا میں داخل ہوئے۔

افتتاحی اجلاس کی صدارت مکرم فاروق زید صاحب صدرمجلس خدام الاحمدیہ کینیا نے کی۔ اس اجلاس کا آغاز تلاوت ِقر آنِ کریم سے ہوا جس کا سواحیلی ترجمہ بھی پیش کیا گیا۔ نظم کے بعد خدام و اطفال دونوں کے عہد دہرائے گئے۔ پھر مکر م صدر صاحب نے افتتاحی خطاب فرمایا جس میں خدا تعالیٰ کا شکر ادا کیا کہ جس نے ہمیں امسال اجتماع کرنے کی توفیق بخشی۔ تمام کارکنان کو اپنی اپنی ذمہ داریوں کو بہترین انداز میں ادا کرنے کی طرف توجہ دلائی۔ تمام شاملین کو اپنی دعاؤں، کوششوں، نظم وضبط اور اطاعت کرتے ہوئے بانیٴ تنظیم حضرت خلیفۃ المسیح الثانی رضی اللہ عنہ کی خواہشوں اور امیدوں کے مطابق اجتماع کو کامیابی سے منعقد کرنے کی طرف توجہ دلائی۔ پنج وقتہ نماز کی ادائیگی، اپنا دینی و دنیاوی علم بڑھانے اورخلیفۃ المسیح اور جماعت کے ساتھ پختہ تعلق قائم کرنے کی بہت ہی مؤثر انداز میں نصیحت فرمائی اور دعا کرائی۔

بعد ازاں مکرم طاہر احمد صاحب نے ’’اطاعتِ خلافت‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ اس کے بعد خدام و اطفال کے علیحدہ علیحدہ علمی مقابلہ جات (تلاوتِ قرآنِ کریم، حفظِ قرآن، نماز، نظم، حفظِ ادعیہ و احادیث) ہوئے۔ نمازِ مغرب و عشا کے بعد تمام خدام و اطفال احمدیہ ہال میں اکٹھے ہوئے اور دلچسپ اور معلوماتی پروگرام ’’طبی امداد کی ٹریننگ‘‘ میں شامل ہوئے۔ رات کا کھانا کھانے کے بعد اس دن کا آخری پروگرام مجلس سوال وجواب تھی۔ خدام واطفال نے تعلیمی و تبلیغی سوال پوچھے اور اپنے علم میں اضافہ کیا۔

دوسرا دن 17؍ستمبر 2022ء بروز ہفتہ

دن کا آغاز نمازِ تہجد و نمازِ فجر اور درس القرآن سے ہوا۔ ناشتہ کے بعد خدام و اطفال کے علیحدہ علیحدہ ورزشی مقابلہ جات ہوئے۔ اطفال کی کھیلوں میں فٹ بال، لاسٹ مین سٹینڈنگ، ریلے ریس اور فلیٹ ریس کے مقابلہ جات ہوئے۔ اس طرح خدام کی کھیلوں میں بھی فٹ بال، ریلے ریس اور فلیٹ ریس کے مقابلے ہوئے۔ نمازِ ظہر و عصر کے بعد شاملین نے دوپہر کا کھانا کھایا اور پھر خدام و اطفال کے علمی مقابلہ جات پیغام رسانی، اذان اورجنرل کوئز ہوئے۔ جو شام تک جاری رہے۔ نمازِ مغرب و عشا کے بعد دو اہم اور بنیادی موضوع ’’اسلام میں شادی‘‘ اور ’’وقفِ نو کی اہمیت‘‘ پر ایک مجلس ہوئی جو تعلیمی و تربیتی لحاظ سے بہت ہی مفید ثابت ہوئی۔ اس طرح ایک مصروف دن اپنے اختتام کو پہنچا۔

تیسرا دن 18؍ستمبر 2022ء بروز اتوار

تیسرے دن کا آغاز بھی نمازِ تہجد و نمازِ فجر اور درس القرآن سے ہوا۔ خدام و اطفال ناشتہ تناول فرمانے کے بعد اپنے بقیہ ورزشی مقابلہ جات والی بال، رسہ کشی، میوزیکل چیئر اور ٹیبل ٹینس میں شامل ہوئے۔

تمام خدا م و اطفال اپنے علمی و ورزشی مقابلہ جات کے بعد گیارہ بجے احمدیہ ہال میں اختتامی اجلاس میں شمولیت کے لئیے جمع ہوئے۔ اختتامی اجلاس کی صدارت مکرم امیر صاحب کینیا نے فرمائی۔ تلاوت ِقر آنِ کریم اور نظم کے بعد خدام و اطفال دونوں کے عہد دہرائے گئے۔ مکرم صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ کینیا نے خدام و اطفال کے مختلف شعبہ جات کی سالانہ رپورٹ پیش کی۔ بعد ازاں سالانہ اجتماع کی رپورٹ پڑھی گئی اور علمی و ورزشی مقابلہ جات میں نمایاں پوزیشن لینے والوں میں مکرم امیر صاحب کینیا نے انعامات تقسیم فرمائے اور اختتامی خطاب فرمانے کے بعد دعا کروائی۔ امسال اجتماع کی کل حاضری 251 تھی۔ الحمد للّٰہ

آخر میں دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس اجتماع کے مثبت نتائج نکالے اورہم سب کو اپنی دنیا و آخرت کو سنوارنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: ملک بشارت احمد۔ مبلغ سلسلہ کینیا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 7 دسمبر 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی