• 4 مئی, 2024

سالانہ ریجنل تربیتی کلاس۔ گیمبیا

سالانہ ریجنل تربیتی کلاس
برائے اطفال و ناصرات لوئر ریور ریجن۔ گیمبیا

محض خدا تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ گیمبیا کے ایک ریجن لوئر ریور ریجن کو امسال اپنی جماعتوں میں سالانہ سمر تربیتی کلاسیں منعقدکرنے کی توفیق ملی۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ عَلیٰ ذَالِک

یہ کلاسز طلباء و طالبات کو اسکول سے ہونے والی سالانہ تعطیلات کے ووران منعقد کی گئیں تا کہ زیادہ سے زیادہ طلباء ان کلاسوں سے مستفید ہو سکیں۔ تمام ریجن میں یہ کلاسیں لوکل معلمین کی مدد سے 10 روز کے لئے یکم ستمبر سے 10؍ستمبر 2022ء تک منعقد کی گئیں۔ ریجن کی مختلف جماعتوں میں کل 12 کلاسیں منعقد ہوئیں اور ان میں اطفال، ناصرات اور بچگان ملا کر کل 318 طلباء شامل ہوئے۔ الحمدللّٰہ۔

مذکورہ بالا تربیتی کلاسز کے لئے خصوصی نصاب بنایا گیا اور ریجن میں تقسیم کیا گیا۔ کلاسز کے دوران مختلف مضامین کا احاطہ کیا گیا۔ اور تدریس کے لئے درج ذیل مضامین مقرر کئے گئے۔

  • یسرنا القرآن اور ناظرہ قرآن کریم کی تدریس۔
  • قرآن کریم کی مختلف سورتوں اور آیات کو حفظ کرنا۔
  • قرآن پاک سے منتخب دعائیں برائےحفظ۔
  • حدیث کی روز مرہ کی مختلف دعاؤں کو حفظ کرنا۔
  • وضو، تیمم اور نماز کا طریق اور اہم مسائل۔ (اقسام، اجزاء، رکعات وغیرہ)
  • بنیادی دینی معلومات۔
  • اختلافی مسائل۔

ان مضامین کے علاوہ کلاسز کے دوران طلباء کے ذہنی معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کی علمی اور اخلاقی تربیت کے لئے مختلف عناوین پر لیکچرز کا سلسلہ بھی جاری رہا۔جماعتی عہدیداران نے یہ لیکچرز بہت محنت سے تیار کئے۔ لیکچرز کے بعد طلباء کو سوالات کا موقع بھی دیا جاتا رہا۔ان لیکچرز کے عناوین درج ذیل ہیں:

  • سچائی۔
  • پنجگانہ نماز باجماعت کا قیام۔
  • مالی قربانی کا تعارف اور اہمیت۔
  • خلافت کی اطاعت اور محبت۔
  • اطفال کا عہد اور اس کی پاسداری۔
  • دنیاوی تعلیم کی اہمیت۔

اسلام روحانی و اخلاقی صحت کے ساتھ ساتھ جسمانی صحت پر بھی زور دیتا ہے لہٰذا اس کلاس میں تعلیمی سلسلہ کے ساتھ ساتھ طلباءکی جسمانی صحت کا بھی خیال رکھا گیا اور روزانہ کی بنیاد پر ان کی ورزش کا انتظام کیا گیا۔

کلاس کے حوالے سے ایک خاص بات یہ تھی کہ کلاس کے آخر پر تمام طلباء سے پیارے آقا ایدہ اللہ بنصرہ العزیز کی خدمت میں دعائیہ خطوط لکھوائے گئے تا کہ طلباء کا خلافت کے ساتھ تعلق مضبوط ہو اور آئندہ بھی انہیں خط لکھنے کی تحریک ہو۔

کلاسوں کے اختتام پر طلباء کے مقابلہ جات بھی کروائے گئے۔ یہ مقابلہ علمی اور ورزشی دونوں پہلوؤں پر مشتمل تھے۔ ان دس دنوں میں روزانہ کی بنیاد پر طلباء میں ریفریشمنٹ بھی تقسیم کی گئی۔

آخر میں اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ان تربیتی کلاسز کو مبارک فرمائے اور ہمیں حقیقی رنگ میں احمدیت کی تعلیم پر عمل کرنے کی توفیق عطاء فرمائے۔

آمین

(رپورٹ: مسعود احمد طاہر۔ گیمبیا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 7 دسمبر 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی