• 20 مئی, 2024

رپورٹ کانووکیشن جامعۃ المبشرین گھانا

محض اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے جامعۃ المبشرین گھانا کو مؤرخہ۳ جنوری 2021ء بروز اتوار امسال کے دوسرےکانووکیشن کےانعقاد کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک ۔ ہر سال کانووکیشن میں طلباء کے والدین ،ملکی عاملہ اور دیگر عمائدین کو مدعو کیا جاتا ہے اور حاضری ہزار افراد کے لگ بھگ ہوتی ہے۔مگر اس سال کورونا وائرس کی وجہ سے حکومتی ہدایات کے ماتحت پہلے سال ِسوم کے طلباء کو جولائی میں جامعہ بلایا گیا تھا۔ان کے سالانہ امتحانات منعقد کیے اور اگست 2020ء کے آخر پر ان کے لئے کانووکیشن کا انعقاد کیا گیا۔اس کے بعد حکومتی ہدایات کے ماتحت سال اول و دوم کے طلباء کو جامعہ بلایا گیا۔ انہیں باقاعدہ بقیہ تدریس سے گزارا گیا اور ماہِ دسمبر میں ان کا سالانہ امتحان لیا گیا۔ چنانچہ ان کے لئے الگ سے کا نووکیشن(حصہ دوم) کا انعقاد کیا گیا۔

یہ تقریب حکومت گھانا کی جانب سے وضع کردہ اصولوں کے مطابق منعقد کی گئی۔ اس سال کرونا وائرس کے باعث کسی مہمان کو مدعو نہیں کیا گیا اور صرف جامعہ کے طلباء اور اساتذہ اس پروگرام میں شامل ہوئے۔ اس پروگرام کے لیے پندرہ ممالک کے جھنڈے مع لوائے احمدیت لہرائے گئے تھے۔ یہ پروگرام جامعہ کے ہال میں منعقد کیا گیا جس کے لیے ہال کو خاص طور پر سجایا گیا تھا۔

اس تقریب کی صدارت خاکسار فہیم احمد خادم پرنسپل جامعۃ المبشرین گھانا نے کی ۔

تقریب سے قبل خاکسار نے لوائے احمدیت جبکہ گھانا کا جھنڈامولوی الحسن الحسن احمد صاحب استاد جامعۃ المبشرین نے لہرایا۔

تلاوت قرآن کریم سے تقریب کا باقاعدہ آغاز ہوا جو کہ آئیوری کوسٹ کے مکرم Ouatara Amon نے کی ۔ اور پھر گھانا سے تعلق رکھنے والے ایک طالب علم Osei Yusuf Nuruddin صاحب نے مترنم آواز میں حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کا اردو منظوم کلام ’’حمد و ثنا ء اسی کو‘‘ پیش کیا۔

اس کے بعد اس تقریب کا تعارف مکرم مولوی رضوان کوثر صاحب استاد جامعہ نے کروایا ۔بعدازاں جامعہ کےبعض اساتذہ اور خاکسار نے امسال علمی و ورزشی مقابلہ جات میں نمایاں پوزیشنز لینے والے طلباء میں انعامات تقسیم کیے۔ اور پھرملک مالی کے تین طلباء Ali Tembine, Amadou Coulibally, Abubacrine Maiga نے جولا زبان میں Songs of Praise پیش کیا اور اس کا انگریزی ترجمہ بھی پڑھا۔

Suleiman Musa, Ibrahim Cisseنے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کا تحریر کردہ قصیدہ یاقلبی اذکر احمدمترنم آواز سے پڑھا۔

بعد ازاں خاکسار نے حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات کی روشنی میں واقف زندگی کے فرائض پر روشنی ڈالی اورحضور انور کی نصائح پڑھ کر سنائیں۔خاکسار نے جامعہ میں نئے آنے والے استاذ مکرم مولوی نواز احمد صاحب کا تعارف کروایا اور انہیں خوش آمدید کہا۔

بعد ازاں Ahmed Bin Ismael Snr., Appiah Razak Seedorf اور Firdaus Assimanyi نے گھانین songs of praise ترنم کے ساتھ پڑھے۔

آخر پر خاکسار نے دعا کے ساتھ پروگرام کا اختتام کیا۔

طلباء نے اساتذہ کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔ اور پھر نماز ظہر و عصر جمع کر کے پڑھی گئیں اورتمام شاملین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔ اس طرح الحمد للہ جامعۃ المبشرین کی تقریب تقسیم اسنادانتہائی کامیابی کےساتھ اپنے اختتام کو پہنچی۔ اس پروگرام کی تیاری کے لئے جامعۃ المبشرین گھانا کے طلباء اور اساتذہ نے بڑی محنت سے کام کیا۔ اللہ تعالیٰ سب کو جزائے خیر دے۔ آمین

آخر پر تمام احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ تمام طلباء کو اسلام احمدیت کے لئے انتہائی مفید وجود بنائے اور انہیں اسلام احمدیت کا پیغام دنیا کے کونے کونے میں پھیلانے کی توفیق عطا فرمائے اور جامعۃالمبشرین گھانا کے تمام اساتذہ اور دیگر کارکنان کو بھی بہترین خدمات کی توفیق عطا فرمائے۔آمین

(رپورٹ از فہیم احمد خادم نمائندہ روزنامہ الفضل آن لائن،گھانا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 8 فروری 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 9 فروری 2021