• 28 اپریل, 2024

گھانا میں مرکزی وفد کے اعزاز میں عشائیہ

مرکزی وفود کا دورہ کسی بھی جماعت میں زندگی کی ایک نئی لہر پیدا کر دیتا ہے۔ جماعت میں ترو تازگی آتی ہے اور اسے نئی توانائی ملتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جہاں جہاں یہ وفود جاتے ہیں وہاں کی جماعتیں اُن سے بہت عزت و احترام سے پیش آتی ہیں اور اُن کی نصائح اور ہدایات کو بغور سن کر عملی جامہ پہنانے کی بھر پور کوشش کرتے ہیں۔

جماعتِ احمدیہ گھانا کو بھی مرکز سے آنے والے وفد کا خیر مقدم کرنے کی توفیق ملی۔17فروری 2020ء کو احمدیہ مسلم مشن ہاؤس کے ہیڈ کوارٹرز واقع اکرا (Accra) میں ان مرکزی مہمانوں کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔درج ذیل مہمان مرکزی وفد میں شامل تھے:

1: مکرم عبدالماجد طاہر ۔ایڈیشنل وکیل التبشیر یوکے۔
2: مکرم حافظ احسان سکندر ۔مشنری انچارج بیلجیم۔
3: مکرم عبدالخالق تعلقدار۔معاون پرائیویٹ سیکرٹری برائے انصار اللہ

پروگرام کے آغاز میں مکرم رضوان اللہ مربی سلسلہ نے تلاوت کی۔مکرم ابراہیم علی مربی سلسلہ نے اردو زبان میں نظم ‘رہے گا خلافت کا فیضان جاری’ کے چند اشعار خوش الحانی سے پڑھے۔ مکرم الحاج احمد سلیمان اینڈر سن نائب امیر ثالث نے جماعتِ احمدیہ گھانا کی طرف سے ان معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔آپ نے بتایا کہ ان مہمانوں کی آمد پر بے حد خوش ہیں اور یہی خواہش کرتے ہیں کہ ایسے دورے بار بار ہوں۔ اس کے بعد معزز مہمانوں نے باری باری تقریر کی۔

مکرم عبدالخالق تعلقدار نے بتایا کہ وہ مجلس انصار اللہ کے نمائندگان کا ریفریشر کورس کروارہے ہیں۔ اس سلسلہ میں وہ گیمبیا اور سینیگال گئے تھے۔ گھانا میں ہونے والے ریفریشر کورس میں گھانا،نائیجیریا، سیرالیون، لائبیریا سے انصاراللہ کے وفودشامل ہوئے۔ انہوں نے جماعت ِاحمدیہ گھانا میں جماعتی ترقی پر خوشی کا اظہار کیا۔

مکرم حافظ احسان سکندر نےبتایا کہ انہیں لمبا عرصہ بینن میں کام کرنے کا موقع ملا ہے اور ان کی خواہش بھی تھی کہ گھانا آئیں۔الحمد للہ کہ اس دفعہ انہیں گھانا آنے کا موقع ملا اور وہ یہاں جماعتی ترقیات کو دیکھ کر بہت خوش ہوئے ہیں۔

آخر پر مکرم عبدالماجدطاہر ایڈیشنل وکیل التبشیر یوکے نے اپنی تقریر میں ذکر کیا کہ جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی۔آپ نے جامعۃ المبشرین ،مدرسۃ الحفظ اور مقبرہ موصیان بھی دیکھا۔ آپ نے جماعتِ احمدیہ گھانا اور بالخصوص امیر و مشنری انچارج گھانا کا شکریہ ادا کیا۔

بعد ازاں مکرم نور محمد بن صالح امیر و مشنری انچارج گھانا نے معزز مہمانوں کو گھانا کے روایتی کپڑے Kente Cloth سے بنا ہوا اسکارف پہنایا جس پر Greetings from Ghana کے الفاظ لکھے ہوئے تھے۔کھانےکے بعد معزز مہمانوں کے ساتھ گروپ تصاویر ہوئیں۔اس تقریب میں نیشنل عاملہ کے ممبران،مرکزی مربیان، معلمین وغیرہ نے شرکت کی۔


(فہیم احمد خادم)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 7 مارچ 2020

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 9 مارچ 2020