• 25 اپریل, 2024

رمضان المبارک کے بابرکت مہینہ میں جماعت احمدیہ سینیگال کی خدمت انسانیت

اللہ تعالیٰ کے فضل سےامسال جماعت احمدیہ سینیگال کو ہیومینیٹی فرسٹ سینیگال اور ہیومینیٹی فرسٹ کینیڈا کے تعاون سے کرونا وائرس کی وجہ سے بیروزگار اور متاثر ہونے والے مستحقین اور غرباء کی مدد کرنے کا موقع ملا جس میں احباب جماعت نے غیر معمولی طور پر حصہ لیا۔ اللہ تعالی تمام متاثرین اور بیروزگار افراد کی مدد فرمائے اور جماعت احمدیہ کو انسانیت کی مزید خدمت کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

یہ جماعت احمدیہ کا ہی طرہ امتیاز ہے کہ حضرت خلیفۃ المسیح کی قیادت میں بحیثیت جماعت خدمت دین کے ساتھ ساتھ خدمت انسانیت میں بھی ہر آن مصروف عمل رہتی ہے۔ اور یہ سلسلہ صرف ایک ملک یا ایک علاقہ تک محدود نہیں بلکہ دنیا کے 213 ممالک میں نہایت منظم طریق پر،حضرت خلیفۃ المسیح کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے افراد جماعت، ذیلی تنظیموں اور ذیلی اداروں مثلا نصرت جہاں سکیم، ہیومینیٹی فرسٹ اور IAAAE وغیرہ کے تعاون سےبلا تفریق رنگ و نسل ومذہب مستحق افراد تک امداد کی ترسیل کو یقینی بنایا جاتا ہے۔

امسال مارچ کے اواخر میں جب کرونا وائرس نے دنیا کو اپنی لپیٹ میں لینا شروع کیا۔ تو ہمارے پیارے امام حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ایک خاص ہدایت جاری فرمائی کہ انفرادی و اجتماعی ہر دو لحاظ سے مستحقین کی مدد کی جائے۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے اس ارشاد پر تمام دنیا میں افراد جماعت نےلبیک کہا۔ اور اسی طرح اجتماعی طور پر ذیلی تنظیموں اور ذیلی اداروں نے مستحقین کی امداد کے لئے حکمت عملی تیار کی ۔

ماہ اپریل کے آغاز میں تمام دنیا کی طرح حکومت سینیگال نے ملک میں لاک ڈاون کر کے مختلف قسم کے کاروبار بند کر دئیے اور بعض پر پابندیاں بھی لگا دیں۔ جس کے نتیجہ میں ایک بہت بڑا طبقہ اچانک بیروزگار ہو گیا۔ اور غیر معمولی طور پر غربت میں اضافہ ہوا۔ اور معاشی انحطاط کی وجہ سے ہر طبقہ شدید متاثر ہوا۔

دنیا کی تمام جماعتوں کی طرح جماعت احمدیہ سینیگال نے ہیومینیٹی فرسٹ سینیگال اور ہیومینیٹی فرسٹ کینیڈا کے تعاون سے رمضان المبارک کے بابرکت مہینہ میں سینیگال کے 14 ریجن میں حکومتی عہدیداران مثلا گورنر، مئیراور لوکل حکام کے ساتھ مل کر خصوصاً دیہاتی علاقوں میں مستحق افراد تک رسائی حاصل کی۔ اور ان میں بصورت راشن اور نقدی امداد کی تقسیم کی جس کی مختصر رپورٹ ذیل میں درج ہے ۔

  1. چینی 2219کلو
  2. چاول 3280کلو
  3. چائے 2260پیک
  4. آئل 635 لیٹر
  5. آلو 50 کلو
  6. پیاز 120کلو
  7. کھجور 150کلو
  8. میکرونی 150کلو
  9. ہینڈ سینیٹائزر 75 بوتل
  10. لیکوڈ صابن 288 بوتل
  11. صابن 1446 عدد
  12. جراثیم کش محلول 311 بوتل
  13. کپڑے 20 سوٹ
  14. خشک دودھ 300کلو
  15. مایونیز 40کلو
  16. چاکلیٹ 40کلو

جماعت احمدیہ سینیگال نے مذکورہ بالا تفصیل کے تحت سینیگال کے 14 ریجنز کے 125 دیہاتوں کے 2014 خاندانوں میں بصورت راشن تقسیم کیا اور ایک کثیر رقم بصورت نقدی سینیگال میں 450 مستحق خاندانوں میں تقسیم کی گئی۔ اس طرح کرونا وائرس کی وبا کے ابتدا سے رمضان المبارک کے دوران اور عید کے بابرکت موقع پر مجموعی طور پر سینیگال کے 2464 خاندانوں میں بصورت راشن و بصورت نقدی قریباً 30,000 ڈالر خرچ کر کے مستحق اور غریب خاندانوں اور کرونا کی وجہ سے بیروزگار افراد کی امداد کی گئی۔ فالحمد للہ علی ذلک

درخواست دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو اپنی تمام تر صلاحیتوں کے ساتھ بھرپور خدمت انسانیت کی توفیق عطا فرمائے ۔آمین

(حافظ مصور احمد مزمل۔سینیگال)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 8 جون 2020

اگلا پڑھیں

Covid-19 عالمی اپڈیٹ 9 جون 2020ء