• 19 مئی, 2024

نماز جنازہ حاضر و غائب

مکرم منیر احمد جاوید پرائیویٹ سیکرٹری یہ اطلاع بھجواتے ہیں کہ حضرت امیر المؤمنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالی نے مؤرخہ 18؍ جون 2022ء بروز ہفتہ اپنے دفتر سے باہر تشریف لا کر 12بجے دوپہر کو ایک نماز جنازہ حاضر اور درج ذیل چند نماز جنازہ پڑھائے۔

نماز جنازہ حاضر

مکرمہ راشدہ وسیم بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم قاضی ناصر احمد صاحب بھٹی مرحوم (نارتھ ویلز۔ یوکے)

14؍جون 2022 کو 77 سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحومہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابہ حضرت قاضی عبد الرحیم صاحبؓ کی پوتی اور حضرت قاضی ضیاء الدین صاحبؓ کی پڑپوتی تھیں۔ صوم وصلوۃ کی پابند، بہت نرم مزاج، ملنسار، مہمان نواز، غریب پرور، ہمیشہ اللہ تعالیٰ کی رضا پر راضی رہنے والی ایک نیک اور مخلص خاتون تھیں۔مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں تین بیٹے، ایک بیٹی اور متعدد پوتے پوتیاں اور نواسے نواسیاں شامل ہیں۔ آپ کے ایک نواسے مکرم خالد ولید گنزالز صاحب (مربی سلسلہ) جامعہ احمدیہ یوکے سے فارغ التحصیل ہونے کے بعد اسی سال میدان عمل میں آئے ہیں۔

نماز جنازہ غائب

-1 مکرم منیر احمد طاہر صاحب (جرمنی)

26؍مئی 2022 کو 34سال کی عمر میں ایک کار حادثے میں بقضائے الہٰی وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ آپ کے دادا کو حضرت مولانا غلام رسول صاحب راجیکی رضی اللہ عنہ کی قبولیت دعا کانشان دیکھ کر 1953 کے جلسہ سالانہ ربوہ پر حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کے ہاتھ پر بیعت کی سعادت ملی۔ مرحوم تحریک وقف نو میں شامل تھے۔ صوم وصلوۃ کے پابند، دعا گو، ملنسار، غریب پرور، بہت بہادر اور نڈر انسان تھے۔ جماعتی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے۔ ایون محمود ربوہ میں کافی عرصہ شعبہ اعتماد میں رضا کارانہ خدمت کی توفیق پائی اورہمیشہ پیچھے رہ کر کام کرنا پسند کرتے تھے۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ اور والدین کے علاوہ پانچ بھائی اور دو بہنیں شامل ہیں۔ آپ مکرم عبد المجید عامر صاحب(مربی سلسلہ۔ عربی ڈیسک یوکے) کے بھانجے تھے۔

-2 مکرمہ رشیدہ بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم مبارک احمد بٹ صاحب (نیویارک۔ امریکہ)

26؍ مارچ 2022 کو بقضائے الہٰی وفات پا گئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ آپ کے دادا حضرت غلام علی صاحب رضی اللہ عنہ اور دادی حضرت حسین بی بی صاحبہ رضی اللہ عنھا حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابہ میں سے تھے۔ مرحومہ کا تعلق سرائے عالمگیر کے قریب ایک گاؤں کوٹیاں سے تھا۔ 1998 میں اپنے میاں کے ساتھ کینیڈا منتقل ہوگئیں اور پیس ویلج میں سکونت اختیار کی۔2020 سے اپنے چھوٹے بیٹے کے پاس نیویارک میں رہائش پذیر تھیں۔ پنجوقتہ نمازوں کی پابند، تہجد گزار، روزانہ تلاوت قرآن کریم کرنے والی، شفیق، غریب پرور، ایک نیک اور پرہیزگار خاتون تھیں۔ خلافت سے بے انتہا محبت اور وفا کا تعلق تھا۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں چار بیٹے اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔آپ کے ایک نواسے مکرم عثمان شہزاد بٹ صاحب یہاں انگلستان میں مربی سلسلہ اور ایک نواسے عزیزم رضوان شہزاد بٹ جامعہ احمدیہ یوکے میں زیر تعلیم ہیں۔

-3 مکرمہ ناصرہ بشارت صاحبہ اہلیہ مکرم چوہدری بشارت احمد صاحب (اوکاڑہ)

21؍مئی 2022 کو بقضائے الہٰی وفات پا گئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ آپ کو دو مرتبہ صدر لجنہ حلقہ بیت الناصر اوکاڑہ شہر خدمت کی توفیق ملی۔ حلقہ کے اجلاسات کے لئے اپنا گھر بھی پیش کیا ہوا تھا۔ خلافت کی طرف سے ہونے والی ہر تحریک پر لبیک کہتی تھیں۔ اپنے گھر کے نچلے حصہ میں 33 سال سے ایک پرائیویٹ سکول چلا رہی تھیں۔ شروع شروع میں تو سکول کی آمدنی سے اپنی خانگی ضروریات پوری کیں۔ لیکن تقریباً بیس سال سے سکول کی ساری آمدنی بلکہ اپنی جیب سے بھی بہت بڑی رقم غریب اور مستحق احمدی اورغیر احمدی بچیوں کی شادیوں پر لگا رہی تھیں۔ مرحومہ بہت حلیم، ملنسار اور نفیس خاتون تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں شوہر کے علاوہ دو بیٹے اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔

-4 مکرمہ عطیہ شریف صاحبہ (سابقہ نیشنل صدر لجنہ کینیڈا)

2؍اپریل 2022 کو بقضائے الہٰی وفات پا گئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ آپ کے دادا مکرم سیٹھ محمد غوث صاحب اگرچہ صحابی نہیں تھے لیکن ان کے جماعت سے بے پناہ خلوص اور خلافت کے ساتھ اطاعت ووفاداری کے باعث حضرت خلیفۃ المسیح الثانی رضی اللہ عنہ نے انہیں قطعہ صحابہ میں دفن کرنے کی اجازت عطا فرمائی۔ مرحومہ 1970 میں کینیڈا آئیں۔ آپ نے نائب صدر لجنہ، نیشنل سیکرٹری مینا بازار، نیشنل سیکرٹری مال کے علاوہ نیشنل صدر لجنہ کینیڈا کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ آپ نے اپنے دور صدارت میں نہایت عمدگی سے ناصرات کے لئے ہفتہ وار تعلیمی وتربیتی کلاسز کا انتظام کیا۔ خود کینیڈا کے مغربی حصہ میں رہنے والی بچیوں کی کلاس لیتی تھیں۔ 1982 میں ناصرات الاحمدیہ کینیڈا کا پہلا سالانہ اجتماع بھی آپ ہی کے دورصدارت میں منعقد ہوا۔ آپ نے لجنہ اور ناصرات کی تعلیم وتربیت کی ذمہ داریاں نہایت اعلیٰ رنگ میں نبھائیں۔آپ کو جماعت کے شعبہ مال میں بھی متفرق خدمات کی توفیق ملی۔ جن میں ایک نمایاں خدمت نیشنل کمپیوٹر کمپنی کے ساتھ بطور انچارج ڈیٹا انٹری ایک طویل عرصہ تک کام کرنا بھی شامل ہے۔ آپ ایک بہت حیادار، پنجوقتہ نمازوں کا اہتمام کرنے والی، خلافت سے محبت کرنے والی اور تمام جماعتی کاموں میں اعلیٰ نظم وضبط کے قیام کو ترجیح دینے والی، ایک نیک اور صالحہ خاتون تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔

-5 مکرم وزیر محمد صاحب (ربوہ)

17؍ اپریل 2022 کو 92سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ آپ کا تعلق چرناڑی گوئی آزاد کشمیر سے تھا۔آپ ریٹائرڈ فوجی تھے۔تقریبا بیس سال فوج میں رہے اوراس دوران 1965 اور 1971 کی جنگوں میں حصہ لیا اور حکومت پاکستان کی طرف سے ستارہ جرأت حاصل کیا۔ ریٹائرمنٹ کے بعد بچوں کی تربیت کی خاطر ربوہ شف ہوگئے۔ جب تک ربوہ میں جلسہ سالانہ ہوتا رہا تو آپ کشمیر سے آنے والے اپنے رشتہ داروں کی رہائش اور مہمان نواازی کا انتظام بڑے شوق سے اپنے گھر میں کرتے تھے۔خدمت خلق کے جذبہ سے سرشار، جماعتی خدمت میں پیش پیش، بہت محنتی، جفاکش، مہان نواز، خلافت کے ساتھ والہانہ عشق ومحبت کا تعلق رکھنے والے، ہمدرد، نیک اور مخلص انسان تھے۔آخری عمر تک بہت باعمل اور فعال زندگی گزاری۔ رات کا زیادہ حصہ نوافل اور بلند آواز میں قرآن کریم کی تلاوت میں گزارتے۔ پسماندگان میں تین بیٹے اور چار بیٹیاں شامل ہیں۔

-6 مکرمہ صغریٰ بی بی صاحبہ اہلیہ مکرم رفیع الدین صاحب مرحوم (المعروف رشیدبرادرزٹینٹ سروس ربوہ/رفیع بینکویٹ ہال ربوہ)

25؍مئی 2022 کو 82 سال کی عمر میں وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ آپ کے میاں کے دادا حضرت جان محمد صاحب رضی اللہ عنہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی تھے۔ آپ اپنے خاندان میں اکیلی احمدی تھیں۔ آپ کو شادی کے وقت قبول احمدیت کی توفیق ملی۔ مرحومہ تہجد گزار، پنجوقتہ نمازوں کی پابند، بہت نیک اور دعاگو خاتون تھیں۔ اپنے حلقہ میں لجنہ کے ساتھ بہت گہرا تعلق تھا۔ محلہ میں جماعتی اور تنظیمی چندہ جات میں بہت بڑھ چڑھ کرحصہ لیتی تھیں اورجب بھی جماعتی یاتنظیمی طورپرحلقہ میں چندہ کے ٹارگٹ کے حصول کے لئے ان سے رابطہ کیا جاتا تو بہت کھلے دل کے ساتھ ادائیگی کرتیں۔ عالمی بیعت وغیرہ یا کوئی اور خوشی کا جماعتی موقع ہوتا تو پورے حلقہ میں شیرینی تقسیم کرواتیں۔ بہت سے ضرورت مند افراد کی خاموشی سے مدد کرتی تھیں اور کسی بھی ضرورت مند کو کبھی خالی ہاتھ نہ جانے دیتی تھیں۔ آپ نے بہت سی ضرورت مند بچیوں کی شادیاں بھی کروائیں۔ اپنے گھر جلسہ یادیگر موقعوں پر آنے والے مہمانوں کی ہمیشہ کھلے دل اور خوشی کے ساتھ مہمان نوازی کرتی تھیں۔ اپنے غیراز جماعت رشتہ داروں کے ساتھ بھی ہمیشہ بہت اچھا سلوک رکھا۔ آپ کے گھر کے سامنے چمن عباس میں بہت سارے گھر غیرازجماعت لوگوں کے ہیں، ان کی غمی اورخوشی میں بھی ہمیشہ شامل ہوتی تھیں اور ان کابھی ہر لحاظ سے خیال رکھتی تھیں۔ پسماندگان میں آٹھ بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔

-7 عزیزم صیام احمد (دارالیمن شرقی صادق ربوہ)

17؍ مئی 2022 کو اپنے کزنوں کے ہمراہ دریا پر نہانے گئے تھے کہ کسی چٹان سے ٹکرانے پر زخمی ہونے کی وجہ سے ڈوب کر وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحوم کی عمر 20 سال تھی۔ عزیز B.sc کے ذہین اور قابل طالب علم تھے اور ہمیشہ تعلیمی میدان میں نمایاں پوزیشن لیتے تھے۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔ آمین

(ادارہ الفضل آن لائن جملہ مرحومین کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتا ہے)

پچھلا پڑھیں

عید الاضحی خطبہ 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ