• 5 مئی, 2024

پہلا آن لائن جلسہ یوم خلافت

پہلا آن لائن جلسہ یوم خلافت
زیر اہتمام مجلس خدام الاحمدیہ سیرالیون

دنیا کی ترقی کی رفتار بڑھتی جا رہی ہے۔ مغربی افریقی ملک سیرالیون بھی آہستہ آہستہ اس دور میں داخل ہو رہا ہے۔نیشنل سطح پر آن لائن میٹنگز کا اہتمام کرونا کے سبب جاری ہو چکا تھا۔ اسی ضمن میں مؤرخہ 28 مئی 2022ء بروز ہفتہ مجلس خدام الاحمدیہ سیرالیون کے تحت ZOOM کے ذریعہ پہلے آن لائن جلسہ یوم خلافت کا انعقاد کیا گیا۔ ریجنل اور انفرادی طور پر خدام جمع ہوئے تھے۔ جلسہ سے قبل انفو گرافکس کے ذریعہ اس جلسہ کی تشہیر کی گئی تھی۔

جلسے کا باقاعدہ آغاز صبح 10 بجے مکرم محمد مورث کمارا صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ سیرا لیون کی صدارت میں ہوا۔ مولوی فودے بشیر کمارا صاحب نے آیت استخلاف کی تلاوت و کریول ترجمہ پیش کیا اور مکرم طاہر کامران صاحب نے حدیث خلافت علیٰ منھاج النبوة مع کریول ترجمہ پیش کی۔ جس کے بعد اطفال کے گروپ نے ترانۂ خلافت پیش کیا۔پروگرام کا یہ حصہ ہیڈ کوارٹر فری ٹاون ریجن سے پیش کیا گیا۔

پروگرام کی پہلی تقریر مولوی حمید علی بنگورا صاحب (مبلغ سلسلہ و مہتمم اطفال) نے بو ریجن سے ’’خلافت اور خلفائے احمدیت کا تعارف‘‘ کے موضوع پر تقریرکی۔ جس کے بعد مولوی ابوبکر کمارا صاحب (مہتمم تربیت) نے مکینی ریجن سے ’’حضور انور کو خط لکھنے کی اہمیت و ضرورت اور برکات‘‘ پر تقریر کی۔ یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ شعبہ تربیت مجلس خدام الاحمدیہ سیرالیون کے تحت یکم رمضان المبارک سے گوگل فارمز کے ذریعہ حضور انور ایدہ اللہ کو خط لکھنے کی سہولت دی گئی ہے۔ جس میں صرف اپنا پیغام اور نام پتہ لکھنا ہوتا ہے۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ خدام کے علاوہ دیگر احباب نے اس طریق کو بہت پسند کیا اور سراہا ہے۔

پروگرام کے مطابق مکرم صدر صاحب مجلس نے ’’ایک برکتِ خلافت: قبولیت دعا‘‘ کے موضوع پر خطاب کیا۔ تمام تقاریر کریول زبان میں ہوئیں۔ آخر میں صدر صاحب مجلس کے ساتھ تمام شاملین نے کھڑے ہوکر عہد خلافت دہرایا۔ اور دعا سے اس بابرکت محفل کا اختتام ہوا۔

اس پروگرام میں مختلف ریجنز کی مجالس سے 182 خدام و اطفال شامل ہوئے۔BO ریجن کے خدام و اطفال جامعہ ہال میں اکٹھے ہوئے۔ قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ خدام نے رکشہ میں بھی بیٹھ کر بھی جلسہ سنا۔ اللہ تعالیٰ اس مساعی میں برکت عطا فرمائے اور آئندہ بھی ایسے پروگرام منعقد کرنے کی توفیق دے۔ آمین۔

(رپورٹ: ذیشان محمود۔ نائب صدر مجلس خدام الاحمدیہ سیرالیون)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 8 اگست 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ