• 26 اپریل, 2024

آؤ!اُردو سیکھیں (سبق نمبر 16)

آؤ!اُردو سیکھیں
سبق نمبر 16

سبق نمبر 15 میں ہم نے فقرات کی مفعولی حالت میں حروفِ ربط کا استعمال دیکھا۔ آج کے سبق میں ہم حروفِ ربط پر تفصیلی بحث کریں گے اور کوشش کریں گے آسان ترین انداز اور الفاظ میں ان حروف کی وضاحت کرسکیں۔

Preposition حرفِ ربط

جیسا کے نام سے ظاہر ہے یہ حروف دو یا دو سے زیادہ اشیاء میں پائے جانے والے تعلق کو بیان کرتے ہیں۔ یہ تعلق وقت اور جگہ کے لحاظ سے بھی ہوسکتا ہے اور کیفیت و حالت کے لحاظ سے بھی۔ مشکل الفاظ سے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے ہم انشاء اللہ آسان ترین الفاظ میں وضاحت کرنے کی کوشش کریں گے۔ حروف ربط کی چند مثالیں پیش ہیں۔

کو، سے، میں، کے، تک، پر، آگے، طرف، نزدیک، ساتھ، کی طرف، کے ساتھ

کو:

English preposition ‘‘to’’ in its general sense works as ‘‘کو’’ in Urdu

مثالیں:

نام یا اسم کے بعد: ’احمد کو دے دو‘

صفت کے بعد: ’خدا تعالیٰ نیک انسان کو ضائع نہیں کرتا‘

علم ریاضی میں: ’چھ کو چار سے ضرب دو‘ اسی طرح ’دس کو پانچ پر تقسیم کرو‘ اسی طرح ’آٹھ سو کو تین سو میں جمع کرو‘

ضمیر کے بعد: ’اس کو بلاؤ‘ اسی طرح ’اِس کو دیکھو‘ اس طرح ’ان کو دعوتِ اسلام دو‘

سے:

اردو زبان میں ’سے‘ کئی طرح استعمال ہوتا ہے جیسے

فاصلہ یا دوری بتانے کے لیے: ’ربوہ احمد نگر سے 3 کلومیٹر کے فاصلے پہ ہے۔‘

کسی خاص شے یا واقعے کے آغاز کو بتانے کے لیے: ’جب سے عالمی وباء کا آغاز ہوا‘ اس طرح ’داستان شروع سے آخر تک دلچسپ تھی‘

موازنہ کرنے کے لیے: ’شہد میں شکر سے زیادہ مٹھاس ہوتی ہے‘ اسی طرح ’سیاہ گھوڑا سفید گھوڑے سے آگے نکل گیا‘

ضمائر کے بعد: اُس سے کہو، اِس سے پوچھو، اُن سے رابطہ کرو، ہم سے صلح کرو، مجھ سے پوچھو، تم سے کس نے کہا وغیرہ۔ انگریزی زبان میں اس انداز میں بات کرتے ہوئے حرفِ ربط استعمال نہیں ہوتے جیسے

Tell him/her اُس سے کہو۔

وغیرہ Ask him/her اِس سے پوچھو

میں:

یہ حرفِ ربط کئی طرح استعمال ہوتا ہے

جگہ یا مکانیت کے لحاظ سے۔ یعنی یہ بتاتا ہے کہ ایک چیز دوسری چیز یا جگہ کے اندر ہے۔

چینی اس ڈبے میں ہے، سکول میں پانی کا انتظام نہیں ہے، گھر میں کوئی نہیں ہے، میری جیب میں کچھ ہے، وغیرہ

وقت کے لحاظ سے:

آٹھ بجنے میں پانچ منٹ باقی ہیں، جلسہ سال میں ایک بار ہوتا ہے، یہ دوا ہفتے میں چار بار لینی ہے،

حالت یا کیفیت، طور یا طریقے کے لحاظ سے

وہ بہت جلد غصے میں آجاتا ہے، انسان خوشی میں سب کچھ بھول جاتا ہے، ہوش میں آؤ اور تعلیم پر توجہ دو، اس کی زبان میں بہت تاثیر ہے وغیرہ

موازنہ کرنے کے لیے:

مجھ میں اور اس میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ وہ لاکھوں میں ایک ہے،

’سے‘ اور ’کے‘ سے کیا فرق پڑتا ہے

جیسے کمرے کے باہر اور کمرے سے باہر

کمرے کے باہر گملے رکھے ہیں

کمرے سے باہر نکل جاؤ

آئندہ سبق میں ان شاء اللہ یہ سلسلہ جاری رہے گا

حضرت مسیح موعودؑ فرماتے ہیں:
اصل بات یہ ہے کہ خدا کہ معیت کے سوا کچھ نہیں ہوسکتا۔ خدا ہی کی معیت ہو تو تبدیلی ہوتی ہے اور پھر اس کی خواہشیں اور اور جگہ لگ جاتی ہیں اور خدا کی نافرمانی اسے ایسی معلوم ہوتی ہے جیسے موت۔ بالکل ایک معصوم بچہ کی طرح ہوجاتا ہے۔ اس لیے جہاں تک ہوسکے کوشش کرے کہ دقیق در دقیق پرہیزگار ہوجاوے۔ جب نماز میں کوئی خطرہ پیش آوے۔ اس وقت سلسلہ دعا کا شروع کردے یہ مشکلات اس وقت تک ہیں کہ جب تک نمونہ قدرتِ الہیٰ کا نہیں دیکھتا۔ کبھی دہریہ ہوجاتا ہے کبھی کچھ۔ بار بار ٹھوکریں کھاتا ہے۔ جب تک خدا کی معرفت نہ ہو گناہ نہیں چھوٹ سکتا۔

دیکھو جو لوگ جاہل ہیں۔ ڈاکہ مارتے ہیں۔ چوریاں کرتے ہیں۔ لیکن جن کو علم ہے کہ اس سے ذلت ہوگی۔ خواری ہوگی وہ ایسے کام کرتے شرماتے ہیں کیونکہ ان کی عظمت میں فرق آتا ہے۔ اس لیے ڈاکہ والوں کا یہ بھی علاج ہے کہ ان کی تعظیم کی جاوے اور ان کو بڑا آدمی بنادیا جاوے۔ تاکہ پھر ان کو ڈاکہ مارتے شرم آوے۔

(ملفوظات حضرت مسیح موعودؑ جلد4 صفحہ35، 36)

اقتباس کے حل طلب معنے آسان اردو میں

خدا کی معیت: خدا تعالی ٰسے تعلق اس کا ساتھ

خواہشیں اور اور جگہ لگ جانا: دلچسپیاں بدل جانا۔ بد عادات کی جگہ نیک عادات پیدا ہونا

دقیق در دقیق: ایسی چیز یا بہت مشکل سے سمجھ آئے، جسے سمجھنے کے لیے محنت کرنی پڑے، جیسے لیبارٹری میں مائکرو سکوپ کے ذریعے ظاہری آنکھ سے نظر نہ آنے والے جراثیموں کو دیکھا جاتا ہے۔

نماز میں خطرہ پیش آنا: نماز میں سستی پیدا ہونا، دلچسپی کم ہونا

نمونہ قدرتِ الہٰی: اللہ تعالی کی طرف سے نشان، جیسے قبولیتِ دعا وغیرہ

دہریہ: وہ شخص جو کہتا ہے کہ خدا تعالی نہیں ہے

ٹھوکریں کھانا: ارادے توڑنا، سست ہوجانا

معرفت: علم، تجربہ

جاہل: جو تعلیم یافتہ نہ ہو

ڈاکہ مارنا: چوری کرنا، لوٹنا

ذلت خواری: بے عزتی

عظمت: عزت

تعظیم کرنا: عزت سے پیش آنا

(عاطف وقاص۔ ٹورنٹو کینیڈا)

پچھلا پڑھیں

اظہار تشکر

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 9 ستمبر 2021