• 26 اپریل, 2024

سالانہ سپورٹس جامعۃ المبشرین گھانا

خدا کے فضل کے ساتھ جامعۃ المبشرین میں ہر سال سہ روزہ کھیلوں کا انعقاد ہوتا ہے امسال مؤرخہ 13 تا 15 جولائی سالانہ سپورٹس منعقد ہوئیں۔

جامعۃ المبشرین کے طلباء کے کل چار گروپس جو کہ امانت، دیانت، صداقت اورشجاعت ہیں۔اور تمام نئے طلباء کو سال کے آغاز میں ہی ان گروپس میں شامل کر دیا جاتا ہے۔ تمام مقابلہ جات خواہ گروپس کی بنیاد پر ہوں یا انفرادی ہوں، ان کے کوالیفائنگ راونڈز دوران سال ہی کروا لئے گئے تھے تاکہ مقررہ تین دنوں میں آسانی سے تمام مقابلہ جات کروائے جا سکیں۔ فٹ بال، والی بال، میروڈبہ، باڑی، ریلے ریس، رسہ کشی، میراتھن ریس اورتیز پیدل چلنا کے مقابلہ جات گروپس کی بنیاد پر جبکہ100 میٹر دوڑ،1500 میٹر دوڑ، تین ٹانگ دوڑ،تھالی پھینکنا، گولہ پھینکنا، لانگ جمپ، ہائی جمپ، کلائی پکڑنا، پنجہ آزمائی، ثابت قدمی، مشاہدہ معائنہ اور ڈرافٹ کے مقابلہ جات انفرادی سطح پر کروائے گئے۔ اساتذہ و کارکنان کے مابین والی بال کا ایک میچ ہوا جو اساتذہ نے جیتا نیز اساتذہ کا ایک میوزیکل چیئر کا مقابلہ بھی ہوا جس سے طلباء، اساتذہ اور کارکنان خوب محظوظ ہوئے۔ طلباء کے مذکورہ بالا گروپ مقابلہ جات میں دیانت گروپ فٹ بال، باڑی اور میروڈبہ میں اول رہا شجاعت گروپ،ریلے ریس اور والی بال میں اول رہا، جبکہ صداقت گروپ نے میراتھن ریس اور رسہ کشی میں اول پوزیشن حاصل کی۔ امانت گروپ مقابلہ پیدل چلنا میں اول رہا۔ اسی طرح انفرادی مقابلہ جات میں سب سے زیادہ پوزیشنز حاصل کرنے والے طالب علم کو بہترین کھلاڑی کے اعزاز سے نوازا جاتا ہے۔ امسال درجہ اولیٰ کے طالب علم عزیزم ظفراللہ خاں جن کا تعلق گھانا سے ہے، نے سب سے زیادہ پوزیشنز حاصل کر کے بہترین کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔

کھیلوں کے آخری دن مغرب و عشاء کے بعد تمام طلباء و اساتذہ کو عشائیہ دیا گیا جس کے بعد اختتامی تقریب منعقد ہوئی۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی (خاکسار) فہیم احمد خادم پرنسپل جامعۃ المبشرین تھا۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جو فصل الثالث کے ایک طالب علم عزیزم بشیرالدین سونی نے کی پھر درجہ اولیٰ کے ظفراللہ خان نے اردو نظم پڑھی۔ مکرم عبدالمجید علی صاحب سپورٹس انچارج نے سالانہ کھیلوں کے حوالے سے رپورٹ پیش کی۔رپورٹ کے بعد سینیگال کے طلباء اور مدرسۃ الحفظ کے طلباء نے باری باری حمدیہ نغمات پیش کیے۔ مدرسہ کی کھیلیں بھی سال کے دوران کروائی جا چکی تھیں۔ لہٰذا اس موقع پر سپورٹس میں نمایا ں پوزیشنز لینے والے مدرسۃ الحفظ اور جامعہ کے طلباء میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ بعدازاں خاکسار نے بطور مہمان خصوصی سپورٹس کے آرگنائزرز کا شکریہ ادا کیا اور دعا کے ساتھ اس پروگرام کا اختتام کیا۔ پروگرام کے اختتام پر تمام اساتذہ کے ساتھ طلباء نے اپنے اپنے گروپس میں آکر گروپ فوٹو بنوائے۔ الحمدللہ

مکرم عبدالمجید علی صاحب ناظم اعلیٰ،مکرم مبشر احمد اقبال صاحب نائب ناظم اعلیٰ اور ان کی ٹیم میں شامل اساتذہ اور طلباء نے ان پروگرامز کے انعقاد کے لیے دن رات بے حد محنت کی۔ اللہ تعالیٰ ان سب کو اس کام کی جزائے خیر عطاء فرمائے۔ آمین

(رپورٹ فہیم احمد خادم۔ نمائندہ روزنامہ الفضل آن لائن گھانا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 8 ستمبر 2021

اگلا پڑھیں

جنت کا دروازہ